• Fri, 09 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا رینکنگ میں اسپین سرفہرست، پرتگال پانچویں نمبر پر پہنچا

Updated: October 08, 2026, 6:02 PM IST | Zurich

اسپین فیفا کی مردوں کی عالمی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر ہے، جبکہ پرتگال دو درجے کی چھلانگ لگا کر پانچویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ پرتگال نے برازیل اور مراکش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ارجنٹائنا، فرانس، انگلینڈ، بلجیم، نیدرلینڈز اور میکسیکو بھی ٹاپ ۱۰؍ میں برقرار ہیں۔

Spain Football Team.Photo;X
اسپین کی ٹیم۔ تصویر:ایکس

اسپین فیفا کی مردوں کی عالمی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر ہے، جبکہ پرتگال دو درجے کی چھلانگ لگا کر پانچویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ پرتگال نے برازیل اور مراکش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ارجنٹائنا، فرانس، انگلینڈ، بلجیم، نیدرلینڈز اور میکسیکو بھی ٹاپ ۱۰؍ میں برقرار ہیں۔فیفا کی تازہ رینکنگ کے مطابق۱۹؍ جولائی کو فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے اختتام کے بعد سے اب تک  ۳۳۸؍بین الاقوامی میچ کھیلے جاچکے ہیں، جن میں یوئیفا اور کونکاکاف نیشنز لیگ کے مقابلوں کے علاوہ ۲۰۲۷ء افریقہ کپ آف نیشنز کے کوالیفائر بھی شامل ہیں۔ عالمی چیمپئن اسپین نے رینکنگ میں اپنی برتری مزید مضبوط کرلی ہے اور دوسرے نمبر پر موجود ارجنٹائنا سے تقریباً ۴۰؍ پوائنٹس آگے ہے۔ ارجنٹائنا۲۰۲۶ء ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین سے ہارا تھا، جبکہ فرانس تیسرے مقام پر برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھئے:آرکٹک اوپن: کدامبی سری کانت اور ایچ ایس پرنئے پہلے ہی دور میں باہر

ٹاپ ٹیموں میں سب سے نمایاں پیش رفت پرتگال کی رہی، جو دو درجے اوپر آکر پانچویں مقام پر پہنچا ہے۔ برازیل ایک مقام نیچے چھٹے اور مراکش ایک مقام نیچے ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔ ٹاپ ۲۰؍ میں سوئزرلینڈ نے بھی دو درجے کی بہتری کے ساتھ ۱۲؍ویں مقام پر جگہ بنائی ہے، جبکہ جرمنی اور کروشیا ایک ایک مقام تنزلی کے بعد بالترتیب ۱۳؍ویں اور ۱۴؍ویں نمبر پر ہیں۔ یوئیفا نیشنز لیگ میں پرتگال، اسپین اور سوئزرلینڈ نے اپنے ابتدائی چاروں میچ جیت کر شاندار آغاز کیا ہے۔
ٹاپ ۵۰؍ میں شامل ہونے والی نمایاں ٹیموں میں مالی ۴۷؍ ویں اور جنوبی افریقہ ۴۸؍ویں نمبر پر ہیں، دونوں نے چھ چھ درجے کی بہتری حاصل کی ہے۔ یونان پانچ درجے اوپر آکر ۴۱؍ویں مقام پر پہنچا ہے۔ مالی اور جنوبی افریقہ کی ترقی سے ٹاپ ۵۰؍ میں افریقی ٹیموں کی تعداد بڑھ کر۱۰؍ ہوگئی ہے۔ اس طرح افریقہ کی فٹ بال کنفیڈریشن (کیف) نے یوئیفا کی ۲۴؍ اور کونمیبول کی آٹھ ٹیموں کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مزید بہتر کرلی ہے۔ چیکیا  ۵۱؍ویں اور پیرو ۵۳؍ویں مقام پر پہنچ کر ٹاپ ۵۰؍ سے باہر ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:نانا پاٹیکر نے ۷۷؍ لاکھ کسانوں کی مدد کی تھی

اے ایف سی اور کونکاکاف کی چار چار ٹیمیں ٹاپ ۵۰؍ میں شامل ہیں  جبکہ او ایف سی کی کوئی ٹیم اس فہرست میں جگہ نہیں بنا سکی۔ رینکنگ میں نچلے درجوں پر نمایاں تبدیلیوں کی ایک بڑی وجہ افریقہ کپ آف نیشنز کے کوالیفائنگ مقابلوں کے نتائج ہیں۔ روانڈا ۱۱۹؍ویں، گنی بساؤ ۱۲۴؍ویں، دی گیمبیا ۱۰۹؍ویں، بوتسوانا  ۱۴۱؍ویں اور موزمبیق ۹۸؍ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
دنیا کی کئی دیگر ٹیموں نے بھی رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ ان میں ڈومینیکن ریپبلک ۱۳۵؍ویں، گیانا ۱۴۲؍ویں، شمالی آئرلینڈ ۶۴؍ویں، ایسٹونیا ۱۲۲؍ویں اور باربڈوس ۱۷۴؍ویں مقام پر ہیں۔ ان میں زیادہ تر ٹیموں نے حالیہ نیشنز لیگ کے مقابلوں میں دو یا اس سے زیادہ فتوحات حاصل کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK