Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ میں غیر قانونی شراب کے خلاف خصوصی مہم ، ۱۴۲؍ افراد گرفتار

Updated: June 11, 2026, 12:54 PM IST | Z A Khan | Nanded

۱۰؍ لاکھ روپے سے زائد کی شراب اور دیگر اشیا ضبط، ۱۴۰؍ معاملے درج، اعلیٰ افسران کی نگرانی میں کارروائی۔

Strict Action Underway.Photo:INN
سخت کارروائی جاری ہے۔ تصویر:آئی این این
ناندیڑضلع میں غیر قانونی شراب کی تیاری، فروخت اور نقل و حمل کے خلاف ریاستی محکمۂ ایکسائز کی جانب سے چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران ۱۴۰؍کارروائیاں انجام دی گئیںاور ۱۰؍ لاکھ ۷۲؍ ہزار۸۸۵؍  روپے کا سامان ضبط کیا گیا ۔ یہ اطلاع ریاستی محکمۂ ایکسائز کے سپرنٹنڈنٹ ایس ایل کدم نے دی۔
 
 
پونے میں  میتھنال ملی دیسی شراب پینے سے پیش آئے افسوسناک واقعہ کے پس منظر میں ناندیڑ ضلع میں غیر قانونی شراب کے خلاف  خصوصی مہم شروع کی گئی تھی۔ ریاستی محکمۂ ایکسائز کی  ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ ایس  ایل کدم کی رہنمائی میں ۲۹؍ مئی تا ۸؍ جون  مجموعی طور پر ۱۴۰؍ معاملےدرج کئے گئے جن میں ۱۴۲؍ ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔ محکمہ نے ۱۰۹۸؍ہاتھ بھٹی  شراب، ۱۳؍ ہزار ۱۲۰؍ لیٹر کیمیائی مواد، ۲۴۲ء۲۶؍لیٹر دیسی شراب، ۸ء۱۰؍ لیٹر غیر ملکی شراب، ۳؍  لیٹر بیئر اور ۱۷۴۶؍ لیٹر تاڑی ضبط کی۔ ساتھ ہی تین گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔ محکمہ کی جانب سے عادی مجرموں کے خلاف بھی خصوصی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مہاراشٹر شراب بندی قانون کی دفعہ ۹۳؍اور ۳۹؍ کے تحت معاملات درج کئے گئے۔جبکہ اچھے برتاؤ کے بانڈ دینے کے باوجود دوبارہ جرائم میں ملوث پائے جانے والے ۶؍ ملزمین کے خلاف بانڈ کی خلاف ورزی کی کارروائی کی گئی ہے۔ ایسے ملزمین کو ضلع بدر کیا جائے گا۔اسی طرح ایم پی ڈی اے  کے تحت ایک ملزم کو گرفتار کرکے براہِ راست جیل بھیج دیا گیا۔ 
 
 
اس خصوصی مہم میں انسپکٹر جاوید قریشی، آشیش مہندراکر، لکشمن پاٹل، مسٹر سرکالے، ایگزیکٹیو سب انسپکٹر سچن شیٹے، امیت والیکر، رام پرساد پوار، امت آڈھلکر، سمیت چوہان، سندیپ دیشمکھ، شریمنت بورُڈے، امول شندے ، رینوکا سلگر، مونیکا پاٹل، فلائنگ اسکواڈ کے رمیش راٹھور، ایکناتھ فرنیس اور دیگر افسران و ملازمین نے حصہ لیا۔سپرنٹنڈنٹ ایس ایل کدم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی شہری غیر قانونی شراب خریدنے سے گریز کرے۔ اگر کسی مقام پر غیر قانونی، نقلی یا بیرونِ ریاست شراب کی فروخت یا ذخیرہ کی اطلاع ہو تو شہری فوری طور پر ریاستی محکمۂ ایکسائز کو مطلع کریں۔ اس کیلئے محکمہ کا ٹول فری نمبر ۳۳۳۳۸۳۳۔ ۱۸۰۰؍ اور واٹس ایپ نمبر ۸۴۲۲۰۰۱۱۳۳؍ جاری کیا گیا ہے۔ محکمۂ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی خصوصی مہم مسلسل جاری رکھی جائے گی تاکہ غیر قانونی شراب پر قابو پایا جا سکے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK