• Thu, 27 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۷؍ نومبر کو لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی یاد میں خصوصی تقریب

Updated: November 27, 2025, 7:05 PM IST | Mumbai

۲۴؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو ۸۹؍ سال کی عمر میں انتقال کرنے والے عظیم ہندوستانی اداکار دھرمیندر کی یاد میں ۲۷؍ نومبر کو ممبئی میں خصوصی میموریل منعقد ہوگا۔ اس تقریب میں سنی اور بوبی دیول سمیت خاندان کے افراد اور بالی ووڈ کی کئی بڑی شخصیات شریک ہوں گی۔ سونو نگم دھرمیندر کے مشہور گیت پیش کریں گے۔

Dharmendra. Picture: INN
دھرمیندر۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی سنیما کے لیجنڈری سپر اسٹار دھرمیندر ۲۴؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو ۸۹؍ برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال نے نہ صرف فلمی دنیا میں گہرا خلا چھوڑا بلکہ دنیا بھر کے مداحوں کو بھی سوگوار کر دیا۔ دھرمیندر اپنی بے مثال اداکاری، متاثرکن مکالموں اور دل موہ لینے والے اسکرین رومانس کے باعث چھ دہائیوں تک ہندوستانی فلمی صنعت کے ناقابلِ فراموش ستون رہے۔ ان کے انتقال کے تین دن بعد، ان کے صاحبزادے سنی دیول اور بوبی دیول نے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ایک ایسی تقریب کا اہتمام کیا ہے جس کا مقصد روایتی دعائیہ محفل کے بجائے دھرمیندر کی زندگی اور ورثے کا جشن منانا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دھرمیندر کے انتقال کے بعد انیل شرما ’’اپنے ۲‘‘ نہیں بنائیں گے

یہ خصوصی تقریب ۲۷؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو شام ساڑھے ۷؍ بجے ممبئی کے ایک ۵؍ اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں دیول خاندان کے علاوہ بالی ووڈ کی بڑی بڑی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔ تقریب کا سب سے خاص لمحہ وہ ہوگا جب ہندوستان کے معروف گلوکار سونو نگم اسٹیج پر دھرمیندر کے لازوال گیت پیش کریں گے۔ بالی ووڈ ہنگامہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ سونو نگم دھرمیندر کے وہ نغمے گائیں گے جنہوں نے دہائیوں تک ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے رکھی۔ذرائع کے مطابق’’مقصد یہ ہے کہ موسیقی کے ذریعے وہی جذبات جگائے جائیں جو دھرمیندر کی فلمیں ہمیشہ جگاتی تھیں، خوشیاں، محبت، ہمدردی اور انسانیت کا جشن۔‘‘
یہ یادگار تقریب محض ایک میموریل نہیں، بلکہ کہانیوں، یادوں، گانوں اور جذبات سے بھرپور ایک ایسی شام ہوگی جو لیجنڈری اداکار کی شاندار زندگی کو خراجِ عقیدت پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے: سندیپ ریڈی وانگا کی ’’اسپرٹ‘‘ میں رنبیر کپور مہمان اداکار کے طور پر نظر آسکتے ہیں

دسمبر ۲۰۲۵ء، مکمل طور پر دھرمیندر کے نام
اگرچہ دھرمیندر اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن دسمبر ۲۰۲۵ء میں وہ متعدد مرتبہ نظر آئیں گے:
(۱) ۸؍ دسمبر: دھرمیندر کی ۹۰؍ ویں سالگرہ منائی جائے گی۔
(۲) ۱۲؍ دسمبر: ان کی شہرۂ آفاق فلم ’’شعلے‘‘ فور کے فارمیٹ میں دوبارہ ریلیز ہوگی، جس میں وہ اصل اختتام بھی شامل ہوگا جسے ۱۹۷۵ء میں سینسر بورڈ نے حذف کر دیا تھا۔
(۳) کرسمس ۲۰۲۵ء: دھرمیندر کی آخری فلم ’’اکیس‘‘ ریلیز ہوگی، جو سری رام راگھون کی ہدایتکاری میں ایک بائیوگرافیکل وار ڈرامہ ہے۔ فلم میں آگستیہ نندا، جے دیپ اہلاوت اور دیپک ڈوبریال بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK