Updated: August 15, 2026, 7:04 PM IST
| Los Angeles
ٹام ہالینڈ کی فلم ’’اسپائیڈر مین: اے برینڈ نیو ڈے‘‘ کے بعد مداحوں کی نظریں ’’اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس‘‘ پر ہیں، تاہم ریلیز سے قبل ہی فلم کی تقریباً پانچ منٹ کی نامکمل فوٹیج آن لائن لیک ہوگئی۔ فوٹیج کے وائرل ہونے کے بعد فلم کے شریک مصنف اور پروڈیوسر کرسٹوفر ملر نے لیک پر مایوسی کا اظہار کیا، جبکہ سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بھی مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔
اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس۔ تصویر: آئی این این
ٹام ہالینڈ کی فلم ’’اسپائیڈر مین: اے برینڈ نیو ڈے‘‘ کے بعد ’’اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس‘‘ وہ اگلی فلم ہے جس کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم فلم کی ریلیز سے قبل اس کا نامکمل ٹریلر آن لائن لیک ہوگیا ہے۔ یہ اسپائیڈر ورس فرنچائز کی تیسری فلم ہے۔ تیسری فلم میں بھی شیمیک مور نوعمر اسپائیڈر مین مائلز کو آواز دے رہے ہیں، جبکہ ہیلی اسٹین فیلڈ اسپائیڈر گوین کے کردار کو اپنی آواز دے رہی ہیں۔ فلم کی تقریباً پانچ منٹ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد تیزی سے وائرل ہوگئی اور انٹرنیٹ صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔ فوٹیج لیک ہونے کے فوراً بعد فلم کے شریک مصنف اور پروڈیوسر کرسٹوفر ملر نے اس پر مایوسی کا اظہار کیا۔
اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس کا ٹریلر آن لائن لیک
سوشل میڈیا پر فلم کی تقریباً پانچ منٹ کی فوٹیج لیک ہوئی، جس کے بعد مداحوں میں اس کی زبردست بحث شروع ہوگئی۔ لیک کی مذمت کرتے ہوئے کرسٹوفر ملر نے کہا، ’’مجھے نامکمل اور مکمل طور پر رینڈر نہ کی گئی فوٹیج کے لیک ہونے کا خیال بالکل پسند نہیں۔‘‘ رپورٹس کے مطابق یہ فوٹیج ایکس پر شیئر کی گئی تھی اور کچھ ہی دیر میں مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فوٹیج کہاں سے لیک ہوئی۔ یہ بھی معلوم نہیں کہ یہ فلم کے آغاز کا حصہ ہے، اختتامی مناظر میں سے کوئی حصہ ہے یا ٹریلر کے مختلف کلپس کو ملا کر تیار کیا گیا مونٹاج ہے۔ فوٹیج میں پچھلی فلم ’’اسپائیڈر مین: ایکروس دی اسپائیڈر ورس‘‘ سے بھی کچھ روابط دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شوٹنگ سیٹ پر کھانے کی ناقص صورتحال پر FWICE برہم، سخت کارروائی کا مطالبہ
سونی پکچرز نے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم فلم ساز لیک ہونے والی ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن اس وقت تک فوٹیج پورے انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی تھی۔ کلپس وائرل ہونے کے فوراً بعد انٹرنیٹ صارفین نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار شروع کردیا۔ ایک صارف نے ایک کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’’اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس کا ٹریلر لیک ہوگیا، اوہ میرے خدا!‘‘ کئی مداحوں نے کہا کہ ٹریلر کا لیک ہونا اچھی بات نہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ لیک ہونے والی جھلک انتہائی شاندار نظر آتی ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا، ’’اسپائیڈر مین بیونڈ دی اسپائیڈر ورس کا ٹریلر ابھی لیک ہوا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ کمپنی کے لیے یہ بری بات ہے، لیکن مجھے کہنا ہوگا کہ ٹریلر شاندار ہے، اینی میشن اور باقی سب کچھ پہلے سے بہتر نظر آ رہا ہے۔ کارٹون فلموں کے معاملے میں اس طرح کی چیزیں عام ہیں، کاش انہوں نے سیکوریٹی مزید سخت رکھی ہوتی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: رانی مکھرجی کو لا ٹروب یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملی
بیونڈ دی اسپائیڈر ورس کی کہانی فل لارڈ اور ملر نے لکھی اور اسے پروڈیوس بھی کیا ہے۔ دونوں نے ڈیوڈ کالاہم کے ساتھ مل کر اسکرپٹ تحریر کی ہے۔ فلم کی ہدایتکاری جسٹن کے تھامسن اور باب پرسیشیٹی نے کی ہے۔ سینما کان میں کرسٹوفر ملر نے فلم کو اب تک کی ’’سب سے زیادہ جذباتی اسپائیڈر ورس فلم‘‘ قرار دیا تھا۔ واضح ہو کہ اس فرنچائز کا آغاز ۲۰۱۸ء میں فلم ’’اسپائیڈر مین: انٹو دی اسپائیڈر ورس‘‘ سے ہوا تھا، جس نے بہترین اینی میٹڈ فیچر فلم کا آسکر ایوارڈ جیتا۔ اس کے بعد ۲۰۲۳ء میں فلم ’’اسپائیڈر مین: ایکروس دی اسپائیڈر ورس‘‘ ریلیز ہوئی۔ اب تک اسپائیڈر ورس فرنچائز دنیا بھر میں ۶۹۰؍ ملین ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کرچکی ہے۔