Updated: August 03, 2026, 4:04 PM IST
| Mumbai
ٹام ہالینڈ اور زینڈایا کی مارول فلمSpider-Man: Brand New Dayنے عالمی باکس آفس پر ریکارڈ ساز آغاز کرتے ہوئے افتتاحی ویک اینڈ میں ۹۲۷؍ ملین امریکی ڈالر (۹۲؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ ڈالر) کی کمائی کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ تاریخ کی دوسری سب سے بڑی عالمی اوپننگ والی فلم بن گئی ہے۔ اس سے آگے صرفAvengers: Endgameہے، جس نے ۲۰۱۹ء میں تقریباً ۲ء۱؍ ارب ڈالر کے ساتھ یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے۔ تصویر: آئی این این
مارول اسٹوڈیوز اور سونی پکچرز کی تازہ سپر ہیرو فلم Spider-Man: Brand New Dayنے ریلیز کے پہلے ہی ویک اینڈ میں عالمی باکس آفس پر تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹام ہالینڈ کی مرکزی کردار میں واپسی والی اس فلم نے دنیا بھر سے ۹۲۷؍ ملین امریکی ڈالر کی شاندار کمائی کی، جس کے بعد یہ سنیما کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی عالمی اوپننگ والی فلم بن گئی ہے۔ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق فلم نے امریکہ اور کینیڈا میں افتتاحی ویک اینڈ کے دوران ۳۵۵؍ ملین ڈالر کمائے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹس سے ۵۷۲؍ ملین ڈالر حاصل کیے۔ یوں مجموعی عالمی کمائی ۹۲۷؍ ملین ڈالر تک جا پہنچی، جو صرف Avengers: Endgameکے ۲ء۱؍ ارب ڈالر کے افتتاحی ریکارڈ سے کم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے پہلے ہفتے میں ۹۲؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ ڈالر کی کمائی
رپورٹس کے مطابق چین فلم کی سب سے بڑی بین الاقوامی مارکیٹ ثابت ہوا، جہاں فلم نے ۱۲۱؍ ملین ڈالر کی کمائی کی۔ اس کے علاوہ یورپ، لاطینی امریکہ اور ایشیا کے متعدد ممالک میں بھی فلم نے باکس آفس پر غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ یہ فلم نہ صرف ۲۰۲۶ء کی سب سے بڑی اوپننگ بن گئی بلکہ ٹام ہالینڈ نے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ وہ اب پہلے ایسے اداکار بن گئے ہیں جن کی فلمیں سنیما کی تاریخ کی سب سے بڑی افتتاحی کمائی کرنے والی فلموں میں متعدد مرتبہ شامل ہوئی ہیں۔ فلم میں ٹام ہالینڈ ایک مرتبہ پھر پیٹر پارکر/اسپائیڈر مین کے کردار میں نظر آئے ہیں، جبکہ زینڈایا نے ایم جے کا کردار دہرایا ہے۔ دیگر نمایاں اداکاروں میں جیکب بیٹلون، جان برنتھل، مارک رفالو اور سیڈی سنک شامل ہیں۔ ناقدین نے فلم کی جذباتی کہانی، ایکشن مناظر اور کرداروں کی اداکاری کو سراہا ہے، جبکہ ناظرین کی جانب سے بھی اسے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے ایکسل میوزک کا آغاز کر دیا، موسیقی کی دنیا میں نیا قدم
فلم کی غیر معمولی کامیابی نے ہالی ووڈ میں اس تاثر کو بھی چیلنج کیا ہے کہ سپر ہیرو فلموں کی مقبولیت میں کمی آ رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ Spider-Man: Brand New Dayنے ثابت کر دیا ہے کہ مضبوط کہانی، مقبول کردار اور مؤثر تشہیری مہم آج بھی ناظرین کو سنیما گھروں تک کھینچ سکتی ہے۔ اسی دوران کرسٹوفر نولن کی ’’دی اوڈیسی‘‘ بھی باکس آفس پر مضبوط کارکردگی دکھا رہی ہے، تاہم افتتاحی ویک اینڈ میںSpider-Man: Brand New Dayنے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے سنیما کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا دیا ہے۔
ہندوستان میں فلم نے اپنے ابتدائی ہفتے (چار دن) میں ۵۰ء۲۹۸؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔اس سے قبل ہندوستان میں ’’اوینجرز: اینڈ گیم‘‘ نے ۱۹۳؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ تاہم ’’اسپائیڈرمین‘‘ نے یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے اور پہلی ہالی ووڈ فلم بن گئی ہے جس نے ابتدائی ہفتے میں تقریباً ۳۰۰؍ کروڑ کا کاروبار کیا ہے۔