Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ایس راجا مولی کی ’’وارانسی‘‘ کو پانی بحران کے باعث دھچکا

Updated: May 06, 2026, 9:06 PM IST | Hyderabad

ایس ایس راجا مولی کی فلم ’’وارانسی‘‘ کو تلنگانہ میں پانی کی قلت کے باعث نئی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے لیے ۱۵۰؍ واٹر ٹینکرز کی درخواست حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے مسترد کر دی۔ فلم میں مہیش بابو، پرینکا چوپڑہ اور پرتھوی راج سوکمارن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ میکرز کو زیرِ آب سین کی شوٹنگ کے لیے بڑی مقدار میں پانی درکار تھا، لیکن شہر میں جاری پانی بحران کے باعث حکام نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ایس ایس راجا مولی کی آنے والی فلم ’’وارانسی‘‘ کو پروڈکشن کے دوران ایک غیر متوقع مسئلے کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق تلنگانہ میں جاری پانی بحران کے باعث فلم کے لیے مانگے گئے ۱۵۰؍  واٹر ٹینکرز کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ یہ فلم اس وقت حیدرآباد کے گگن پاہڈ فلم سٹی اسٹوڈیو میں شوٹ کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک بڑے زیرِ آب سیکوئنس کی شوٹنگ کے لیے میکرز کو بھاری مقدار میں صاف پانی درکار تھا۔ اس مقصد کے لیے پروڈکشن ٹیم نے حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپپلائی اینڈ سیوریج بورڈ سے رابطہ کیا۔ تلنگانہ ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، فلم کے پروڈیوسرز میں شامل سری درگا آرٹس کے نمائندے نے واٹر بورڈ کو خط لکھ کر ۱۵۰؍ ٹینکرز طلب کیے، جن میں ہر ٹینکر میں تقریباً ۱۰؍ ہزار لیٹر پانی موجود تھا۔ بتایا گیا کہ یہ پانی ایک خصوصی پول کو بھرنے کے لیے استعمال ہونا تھا تاکہ فلم کے زیرِ آب مناظر عالمی معیار کے مطابق فلمائے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’راجہ شیواجی‘‘ میں اداکاروں نے مفت کام کیا: رتیش دیشمکھ

رپورٹ کے مطابق پروڈکشن ہاؤس نے ٹینکرز کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش بھی کی تھی، لیکن اس کے باوجود حکام نے درخواست مسترد کر دی۔ حکام کا مؤقف تھا کہ شدید گرمی اور شہر میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث پہلے ہی رہائشی علاقوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، اس لیے فلمی شوٹنگ کے لیے اتنی بڑی مقدار میں پانی فراہم کرنا ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ ’’وارانسی‘‘ کو ایس ایس راجا مولی کا ’’آر آر آر‘‘ کے بعد سب سے بڑا پروجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم میں مہیش بابو مرکزی کردار ’’رودرا‘‘ ادا کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کا کردار ایک ایسے ٹائم ٹریولنگ ایجنٹ کا ہے جو صدیوں پر محیط ایک خطرناک مہم پر نکلتا ہے۔

یہ فلم پرینکا چوپڑہ جونس کی ہندوستانی سنیما میں واپسی بھی ثابت ہوگی۔ دوسری جانب سوکمارن فلم میں ’’کمبھا‘‘ نامی وہیل چیئر پر موجود ایک طاقتور مخالف کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگرچہ میکرز نے فلم کی مکمل کہانی خفیہ رکھی ہوئی ہے، لیکن اپریل میں فلم پر کام کرنے والی وی ایف ایکس کمپنی سن سائٹ نے اپنی ویب سائٹ پر فلم کی مختصر جھلک شیئر کی تھی۔ اس کے مطابق کہانی ایک شیو بھکت کے گرد گھومتی ہے جو ایک پراسرار کائناتی طاقت کے راز تک پہنچنے کے لیے وقت کے سفر پر نکلتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سیامی کھیر آئی پی ایل کے لیے کھیل نقاد کا رول بھی ادا کررہی ہیں

فلم کے خلاصے کے مطابق مرکزی کردار کو جلد احساس ہوتا ہے کہ اس کے سفر کے پیچھے ایک خفیہ ماسٹر مائنڈ موجود ہے، جو صدیوں پرانے رازوں اور طاقتوں کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ فلم کے حوالے سے مداحوں میں پہلے ہی زبردست جوش پایا جا رہا ہے، خاص طور پر ایس ایس عاجا مولی اور مہیش بابو کے پہلے اشتراک کے باعث۔ رپورٹس کے مطابق یہ فلم ۷؍ اپریل ۲۰۲۷ء کو ریلیز کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK