• Sat, 24 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ایس راجامولی ہالی ووڈ میں کم از کم ایک فلم کی ہدایت کاری کرنا چاہتے ہیں

Updated: October 23, 2026, 10:07 PM IST | Mumbai

ہندوستانی فلموں کے معروف ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے ہالی ووڈ میں فلم بنانے کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’آر آر آر‘ کی عالمی کامیابی کے بعد انہیں ہالی ووڈ سے کئی فلموں کی پیشکش موصول ہوئی تھی۔

SS Rajamouli.Photo:INN
ایس ایس راجامولی۔ تصویر:آٓئی این این

ہندوستانی فلموں کے معروف ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے ہالی ووڈ میں فلم بنانے کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’آر آر آر‘  کی عالمی کامیابی کے بعد انہیں ہالی ووڈ سے کئی فلموں کی پیشکش موصول ہوئی تھی، جن میں سے بعض مواقع اب بھی موجود ہیں۔ تاہم، انہوں نے ان پیشکشوں پر فوری طور پر کام شروع نہیں کیا، کیونکہ وہ اپنی آنے والی بڑی فلم ’’وارانسی‘‘ کی تیاری اور تکمیل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ راجامولی کا کہنا ہے کہ وہ کم از کم ایک ہالی ووڈ فلم کی ہدایت کاری ضرور کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ وہاں کام کرنے کا طریقۂ کار اور فلم سازی کا منظم ڈھانچہ ایسا ہے جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ 
ایس ایس راجامولی نے یہ بات برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں منعقدہ ۵۰؍ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے دوران مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ ’’آر آر آر‘‘ کی کامیابی کے بعد ہالی ووڈ میں کام کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ اس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں کئی پیشکشیں موصول ہوئی تھیں اور ان میں سے کچھ اب بھی زیرِ غور لائی جا سکتی ہیں۔ لیکن جب ’’آر آر آر‘‘ دنیا بھر میں مقبول ہوئی اور ہالی ووڈ سے رابطے شروع ہوئے، اس وقت ان کی فلم ’’وارانسی‘‘ پر کام پہلے ہی شروع ہوچکا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:ہیری بروک کی ڈبل سنچری رائیگاں، سری لنکا کی انگلینڈ پر سنسنی خیز جیت

راجامولی کے مطابق وہ ایک وقت میں کئی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ایک فلم کو مکمل کرنے کے بعد ہی اگلے منصوبے کے بارے میں سوچنا پسند کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے اس وقت ہالی ووڈ کی پیشکشوں کو ترجیح دینے کے بجائے اپنی بھارتی فلم پر توجہ برقرار رکھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ’ ’وارانسی‘‘ مکمل ہونے کے بعد وہ ہالی ووڈ میں فلم بنانے کے امکان پر غور کریں گے۔ 
ایس ایس راجامولی کی فلم ’’آر آر آر‘‘ نے ہندوستانی سنیما کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فلم میں رام چرن اور جونیئر این ٹی آر نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ عالیہ بھٹ اور اجے دیوگن بھی اہم کرداروں میں نظر آئے۔ فلم کے گیت ’ناٹو ناٹو‘ نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا اور بعد میں آسکر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ فلم کی کامیابی کے بعد ہالی ووڈ کے معروف ہدایت کاروں جیمز کیمرون اور اسٹیون اسپیلبرگ سمیت عالمی فلمی حلقوں میں راجامولی کے کام کو سراہا گیا۔ اس کامیابی نے ان کے لیے بین الاقوامی فلم سازی کے نئے امکانات پیدا کیے۔ 

یہ بھی پڑھئے:رجنی کانت کی’ ’جیلر۲‘‘نے دنیا بھر میں ۶۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا

راجامولی ان دنوں اپنی اگلی  فلم ’’وارانسی‘‘ پر توجہ دے رہے ہیں، جس میں مہیش بابو، پرینکا چوپڑا اور پرتھوی راج سوکمارن اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ اسے ایک بڑے پیمانے پر بنائی جانے والی ایکشن اور مہم جوئی پر مبنی فلم قرار دیا جارہا ہے، جس کی کہانی مختلف مقامات کے گرد گھومتی ہے۔ راجامولی نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے تقریباً ۱۰؍ دن باقی ہیں۔ وہ ویجئےندر پرساد اور ایس ایس کانچی کے ساتھ اس فلم کے اسکرین پلے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ فلم کی عالمی سطح پر ریلیز کے لیے ۷؍ اپریل ۲۰۲۷ء کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ 
 راجامولی کے تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ہالی ووڈ میں فلم بنانا ان کے مستقبل کے منصوبوں میں شامل ہے، تاہم فی الحال ان کی اولین ترجیح ’وارانسی‘ کو مکمل کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہالی ووڈ کے کام کرنے کے انداز اور منظم فلم سازی کے نظام سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ موجود ہے۔ اگر وہ اپنی اگلی فلم مکمل ہونے کے بعد کسی بین الاقوامی منصوبے کا انتخاب کرتے ہیں تو یہ ان کے فلمی سفر کا ایک نیا مرحلہ ہوسکتا ہے۔ البتہ ابھی کسی ہالی ووڈ فلم، اس کی کہانی، اداکاروں یا ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK