Inquilab Logo Happiest Places to Work

کولگام میں غیر مقامی مزدوروں کے قتل کی پُرزور مذمت

Updated: August 02, 2026, 2:16 PM IST | Srinagar

کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ شناخت پوچھ کربے قصور مزدوروں کا بے رحمانہ قتل دہشت گردی کی وحشیانہ ذہنیت کی ایک گھناؤنی مثال ہے، راہل اور پرینکا کا بھی سخت رد عمل، عمر عبداللہ نے مہلوکین کے لواحقین کیلئے جامع امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔

There is a tight security arrangement at the scene of the incident in Kulgam. Photo: INN
کولگام میں جائے واردات پر فورسیز کا سخت بندوبست کیا گیاہے۔ تصویر: آئی این این

جموں و کشمیر کے کولگام میں گزشتہ شام ہوئے دہشت گردانہ حملے کے دوران چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے۲؍مزدوروں کی موت پر کانگریس کے لیڈران ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ کولگام میں ہونے والا بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ انتہائی قابل مذمت اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے۔ ۲؍ بے قصور مزدوروں کی شناخت پوچھ کر ان کا بے رحمانہ قتل دہشت گردی کی وحشیانہ ذہنیت کی ایک گھناؤنی مثال ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری گہری تعزیت اور ہمدردی ہے۔ قصورواروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: نوجوان طلبہ کے بعد نوعمر طلبہ کا احتجاج

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کولگام میں ہونے والے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے میں ملک کے۲؍مزدوروں کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف ملک ہمیشہ متحد ہے۔ ‘‘کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جموں کشمیر کے کولگام میں ہونے والا بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے۲؍مزدوروں کی شناخت پوچھ کر انہیں قتل کرنا بے حد گھناؤنا اور انسانیت سوز عمل ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’پورے ملک کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔ ‘‘قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں جمعہ کی دیر شام دہشت گردانہ حملہ ہوا۔ دہشت گردوں نے۲؍غیر کشمیری مزدوروں کو گولی مار دی۔ ایک مزدور کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی، جبکہ دوسرے مزدور کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی جان چلی گئی۔ دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے دونوں مزدور چھتیس گڑھ کے رہنے والے تھے۔ علاحدگی پسند لیڈر میرواعظ عمر فاروق نےمزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کا کسی صورت جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو زیادہ پُرامن بنانے کیلئے باہمی رواداری، بات چیت اور رابطہ ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ انہوں نےجاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔ 
عمر عبداللہ نے حملوں کو بزدلانہ قراردیا، معاوـضہ کا اعلان 
سنیچر کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کولگام حملے میں ۲؍ مزدوروں کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو’بزدلانہ‘، ’گھناؤنا ‘ اور ’سمجھ سے پرے ‘قرار دیا۔ اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) نے مہلوکین کے اہل خانہ کیلئے ایک جامع مالی امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ’ایکس‘ پر کہا’’وزیر اعلیٰ نے کولگام میں دو مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے لواحقین کیلئےوزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے فی کس۱۰؍ لاکھ روپےکے معاوـضہ کا اعلان کیا ہے۔ ‘‘سی ایم او نے مزید واضح کیا کہ اس رقم کو مقامی انتظامی تعاون سے پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے حکومت کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ’’یہ رقم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی ہر ایک کو ۶؍ لاکھ روپے کی فوری امداد کے علاوہ ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK