Inquilab Logo

انڈسٹری بری نہیں ہے بلکہ اس کے چند افراد اسےبدنام کررہے ہیں: صبوحی

Updated: September 24, 2020, 10:11 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ڈی جے سی ٹی وی اداکارہ بننے والی صبوحی جو شی نے پیشہ ورانہ اور نجی زندگی میں کافی اتارچڑھاؤ دیکھا ہےلیکن انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔

Subuhi Joshi. Picture:INN
صبوحی جوشی۔ تصویر: آئی این این

ڈی جے سی ٹی وی اداکارہ بننے والی صبوحی جو شی نے پیشہ ورانہ اور نجی زندگی میں کافی اتارچڑھاؤ دیکھا ہےلیکن انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ نمائندہ انقلاب نے اداکارہ صبوحی جوشی سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے
س: لاک ڈاؤن کے بعدکیا حالات ہیں؟ 
ج: کچھ شوز کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے لیکن میر اکام  ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔امید ہے کہ جلد ہی شروع ہوجائے۔ اگلے شوز کے آڈیشن بھی جاری ہیں اور میں بھی اس میں شرکت کررہی ہوں۔ آڈیشن کے بعد مجھے امید ہے کہ جلد نئے شوز میں کام مل جائے گا۔ فی الحال  بہت ہی احتیاطی ماحول میں شوٹنگ ہورہی ہے اور سبھی تھوڑے خوفزدہ ہوکر شوٹنگ میں مصروف ہیں۔  
س:لاک ڈاؤن میں آپ نے کیاکیا ؟ 
ج:میرے لئےلاک ڈاؤن بہت اچھا رہاا ور میں نے اس دوران اپنے وزن کو کم کرنے پر بہت زیادہ توجہ دی۔ لاک ڈاؤن سے پہلے میراوزن بہت زیادہ تھا اور یہ مسلسل بڑھتا جارہا تھا۔ لاک ڈاؤن کے دوران میں نے ڈائٹنگ اور میڈیٹیشن پر بھرپور توجہ دی ۔ جس کی وجہ سے میں نے اپنا وزن کافی کم کردیا۔اس لاک ڈاؤن میں میں نے کھانا بنانا سیکھا اوروہ پکوان بھی سیکھے جو مجھے نہیں آتے تھے۔ 
 س:آپ شوبز انڈسٹر ی میں ۱۰؍برسوں سے ہیں توسفر کیسا رہا؟ 
ج: بہت اچھارہا اور میں نے کئی اتارچڑھاؤ دیکھے۔ ان ۱۰؍ برسوں میں کچھ نہ کچھ نیا کرنے پر توجہ دی اور مسلسل آڈیشن بھی دیتی رہی۔ ۱۰؍برسوں میں اچھے شوز کئے اورہر طرح سے ٹی وی کے شائقین کی تفریح کرنے پر توجہ دی۔ میں نے کبھی اپنے کام سے منہ نہیں موڑا اور مسلسل خود کو مصروف رکھا۔ حالانکہ میر ا وزن زیادہ تھا اس کے بعد بھی مجھے شوز ملتے گئے۔
س:آپ پہلے کیا بننا چاہتی تھیں، ڈی جے یا اداکارہ؟ 
ج: ایساکچھ نہیں ہے ، مجھے پہلے جہاں موقع ملا وہ میں بن گئی۔ میں نے یہ طے نہیں کیا تھا کہ میں پہلے ڈی جے بنوں گی اور اس کے بعداداکارہ ۔مجھے پہلے ڈی جے بننے کا  موقع ملا اور میں نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس کے بعد مجھے چینل وی سے ایکٹنگ کے لئے پیشکش ہوئی تو میں اس کام میں مصروف ہوگئی۔میں نے ڈی جے کاکام کبھی نہیں چھوڑا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے میں اس کام کو نہیں کرپا رہی ہوں کیونکہ اس میں سماجی فاصلہ رکھنا مشکل ہوتاہے۔ امید ہےکہ جلد ہی مجھے میوزک بجانے کا موقع ملے گا۔  
س:گزشتہ چند برسوں میں آپ کی نجی زندگی بہت پریشان رہی ہے، اس دوران آپ نے سبھی مسائل کا سامنا کس طرح کیا؟
ج:گزشتہ چند سال میرے لئے بہت مشکل سے پُر تھے کیونکہ اس دوران میری منگنی ٹوٹ گئی تھی اور مجھ پر لڑکے والوں نے گھریلو تشدد بھی کیا تھا۔ میں بہت زیادہ ذہنی تناؤ محسوس کرتی تھی لیکن میں نے کبھی انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ پیشہ ورانہ زندگی بھی متاثررہی۔ میں ایک ڈیڑھ سال تک گھر پر ہی رہی اور میرے پاس کوئی کام نہیں تھا۔ اس دوران میری والدہ نے مجھے پورا تعاون دیا اور میری ہر طرح سے مدد کی۔ میں نے ہمیشہ خود سے یہی کہا کہ ایک جیسا وقت ہمیشہ نہیں رہتا۔ آج برا تو کل اچھا وقت ضرور آتاہے۔ 
س:ایکٹنگ اور ڈی جے کے علاوہ آپ کیا کرنا پسند کرتی ہیں ؟
ج:اداکاری اور ڈی جے کے ساتھ ساتھ مجھے رقص کرنا بہت پسند ہے اور میں مسلسل اس کی کوشش کرتی رہتی ہوں۔ مجھے کھانا بنانے کا بہت شوق ہے اور میں  مختلف طرح کے پکوان بنانے کی کوشش کر تی  ہوں۔ اس کے ساتھ ہی مجھے پڑھنے کا بہت شوق ہے۔ 
س:بالی ووڈ کے موجودہ حالات کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے ؟
ج:میرے خیال میں جس طرح بالی ووڈ کو بدنام کرنےکی کوشش کی جارہی ہے اس پر مجھے بہت افسوس ہے کیونکہ انڈسٹری بری نہیں ہے ا س کے چند افراد برے ہیں جو انڈسٹری کو بدنام کرنے پر آمادہ ہیں۔  اگر انڈسٹری میں کوئی شخص نشہ کرتا ہے تو آپ پوری انڈسٹری کو برا نہیں کہہ سکتے۔ کاسٹنگ کاؤچ کا بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ یہ صرف فلم انڈسٹری میں نہیں بلکہ ہر شعبے میں ہوتاہے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میں ان سبھی چیزوں سے محفوظ ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK