• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سچترا کرشنا مورتی ایک ہمہ جہت فنکارہ رہی ہیں

Updated: November 27, 2026, 12:56 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

فلم اور فن کی دنیا میں کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں جو صرف اپنی خوبصورتی یا اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی زندگی کی کہانی کی وجہ سے بھی یاد رکھے جاتے ہیں۔

Suchitra Krishnamoorthi has worked in several fields. Image: INN
سچترا کرشنا مورتی نے کئی شعبوں میں کام کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

فلم اور فن کی دنیا میں کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں جو صرف اپنی خوبصورتی یا اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی زندگی کی کہانی کی وجہ سے بھی یاد رکھے جاتے ہیں۔ سچترا کرشنامورتی انہی میں سے ایک ہیں۔ وہ ایک اداکارہ بھی ہیں، گلوکارہ بھی، مصنفہ بھی اور مصورہ بھی۔ ان کی زندگی کامیابی، محبت، قربانی، ٹوٹ پھوٹ اور پھر نئے سرے سے خود کو سنوارنے کی ایک مکمل داستان ہے۔

سچترا کرشنامورتی ۲۷؍نومبر ۱۹۷۵ءکوممبئی میں پیدا ہوئیں۔ بچپن ہی سے ان کے اندر آرٹ کا شوق تھا۔ ابھی وہ اسکول میں پڑھ رہی تھیں کہ انہیں ٹیلی ویژن کے مشہور سیریل چنوتی میں کام کرنے کا موقع ملا۔یہ ۸۸۔۱۹۷۸ءکی بات ہے۔ اس سیریل نے انہیں گھر گھرپہچان دی اور یوں ان کے فنی سفر کا آغاز ہو گیا۔ اس کے بعد انہوںنےماڈلنگ کی اور جنوبی ہند کی فلموں میں بھی کام کیا، مگر اصل شہرت کا انتظار ابھی باقی تھا۔وہ شہرت انہیں ۱۹۹۴ءمیںملی جب فلم کبھی ہاں کبھی ناں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں وہ شاہ رخ خان کے مقابل تھیں اور ان کے کردار آناکو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم تجارتی اور تنقیدی دونوں لحاظ سے کامیاب ہوئی اور آج بھی۹۰ءکی دہائی کی یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ اسی دوران انہوں نے ملیالم فلم کلوکم پیٹی میں جے رام کے ساتھ بھی کام کیا اور جذبات جیسی فلموں میں نظر آئیں۔ ایسا لگتا تھاکہ سچترا کا فلمی مستقبل بہت روشن ہے، مگر قسمت نے ان کے لیے ایک دوسرا راستہ چن رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: اگر دپیکا چاہیں تو میرا کردار ادا کر سکتی ہیں: ہیما مالنی

شادی کے بعد ان کی زندگی نے ایک نیا موڑ لیا۔ انہوں نے مشہورفلم ساز شیکھر کپور سے شادی کی جو عمر میں ان سے کافی بڑے تھے۔شادی کے بعد سچترا نے فلمی دنیا کو تقریباً خیرباد کہہ دیا۔ کہا جاتا ہےکہ شیکھرکپور نہیں چاہتے تھے کہ ان کی بیوی اداکاری جاری رکھے۔ ۲۰۰۱ءمیں ان کے ہاں بیٹی کاویری کپور کی پیدائش ہوئی۔ کچھ سال تو زندگی پرسکون گزری مگر پھر یہ رشتہ قائم نہ رہ سکا اور ۲۰۰۷ءمیں دونوں کی طلاق ہو گئی۔طلاق کے بعد کا دور سچترا کی زندگی کا سب سے کٹھن دور تھا۔ انہوں نے تنہا بیٹی کی پرورش کی ذمہ داری سنبھالی اور ساتھ ہی معاشرے کے تلخ رویوں کا بھی سامنا کیا۔ بعد میں انہوں نے خود بتایا کہ اس زمانے میں لوگ انہیں طلاق کی پوسٹرگرل کہتے تھے اور انہیں بولڈ جیسے لیبل لگائے جاتے تھے۔ ایک عورت کے لیے، خاص طور پر ایک مشہور عورت کے لیے، اس طرح کے طعنے سہنا آسان نہیں تھا، مگر سچترا نے ہار نہیں مانی۔ یہی دکھ اور تنہائی بعد میں ان کی تحریروں کا سرمایہ بنی۔

تقریباً۱۰؍سال کے وقفے کے بعد سچترا نے۲۰۰۵ءمیں فلم مائی وائفز مرڈر سے فلمی دنیا میں واپسی کی جس میں وہ انیل کپور کے مقابل تھیں۔اس کے بعد انہوں نے آگ، کرماکنفیشنز اینڈ ہولی اور رن جیسی فلموں میں کام کیا۔ بعد کے برسوں میں وہ ویب سیریز نیور کس یور بیسٹ فرینڈ، اوڈ کپل اور بریو ہارٹس میں بھی نظر آئیں اور ثابت کیا کہ ان کی اداکاری کی صلاحیت آج بھی ویسی ہی تازہ ہے۔

سچترا کی پہچان صرف اداکاری تک محدود نہیں ہے۔ وہ گوالیار گھرانے کی طرز میں تربیت یافتہ کلاسیکی گلوکارہ ہیں۔ بطور پاپ گلوکارہ انہوں نے ڈولے ڈولے، دم تارا، اہا اور زندہ جیسے کامیاب البمزدیے۔ موسیقی ان کی روح کی غذا ہے اور آج بھی وہ گلوکاری سے جڑی ہوئی ہیں۔ اسی طرح مصوری بھی ان کے فن کا ایک اہم حصہ ہے اور ان کی پینٹنگز کی نمائشیں بھی ہو چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK