جے رام رمیش نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گھٹتی ہوئی آمدنی سے پریشان ہیں۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 1:17 PM IST | Agency | New Delhi
جے رام رمیش نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گھٹتی ہوئی آمدنی سے پریشان ہیں۔
کانگریس نے ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور عام لوگوں کی آمدنی میں کمی پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ ان مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔پارٹی کا دعویٰ ہے کہ مہنگائی اور معاشی پریشانیوں کے خلاف عوامی ناراضگی کا اثر حالیہ راجستھان پنچایتی راج انتخابات میں بھی دیکھنے کو ملا ہےجہاں بی جے پی کو دھچکا لگا ہے۔ کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ عام ہندوستانی کی حالت آج ’آمدنی چونی، خرچہ پانچ روپیہ‘ جیسی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک مہنگائی سے پریشان ہے لیکن دیہی ہندوستان پر اس کا اثر کہیں زیادہ پڑ رہا ہے۔ روزگار کے مناسب مواقع دستیاب نہیں، آمدنی میں اضافہ نہیں ہو رہا جبکہ روزمرہ کی ضروریات پر ہونے والا خرچ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔جے رام رمیش کے مطابق کسانوں اور زرعی مزدوروںکے خاندانوں کیلئےنمک، چینی، دال، مسالے،پیاز اور سرسوں کے تیل جیسی بنیادی غذائی اشیاء سے لے کر رسوئی گیس، بچوں کی تعلیم، ادویات اور آمدورفت تک ہر چیز مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ میں غربت کی بدترین صورتحال،۳۸؍ لاکھ افراد شدید مشکلات کا شکار: تحقیق
ایک طرف آمدنی رکی ہوئی ہے تو دوسری جانب اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو مودی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں عوام پر پڑنےوالی مہنگائی کی مار کو ظاہر کرتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ مہنگائی کا سب سے زیادہ بوجھ پہلے سے ہی سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقات کو برداشت کرناپڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی روزگارکی اہم بنیاد منریگا کو مودی حکومت نےختم کر دیا ہے اور اس نظام کو کمزور کرنے سے دیہی غریبوں کے روزگار کے تحفظ پر بھی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ جے رام رمیش نے دعویٰ کیاکہ دیہی ہندوستان میں اس صورت حال کے خلاف ناراضگی بڑھ رہی ہے جس کا اظہار راجستھان کے حالیہ پنچایتی راج انتخابات میں ہوا ہے۔ان کے بقول ان انتخابات میں ’ڈبل انجن حکومت‘کو زبردست دھچکالگا ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ آنے والے انتخابات میں بھی مہنگائی، بے روزگاری اور آمدنی میں کمی کے مسائل بی جے پی کیلئے مشکلات پیدا کریں گے اور اسے عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔