پہلے ہفتے میں جیمس گن کی ’’سپر مین‘‘ نے اپنے بجٹ کا ۹۶؍ فیصد پورا کرلیا ہے۔ ہندوستان میں ’’سپرمین‘‘ نے ۲۵؍ کروڑ کا کاروبار کیا ہے جبکہ ’’مالک‘‘ اور ’’آنکھوں کی گستاخیاں‘‘ باکس آفس پر ناکام ہوگئی ہیں۔
EPAPER
Updated: July 14, 2025, 8:00 PM IST | Mumbai
پہلے ہفتے میں جیمس گن کی ’’سپر مین‘‘ نے اپنے بجٹ کا ۹۶؍ فیصد پورا کرلیا ہے۔ ہندوستان میں ’’سپرمین‘‘ نے ۲۵؍ کروڑ کا کاروبار کیا ہے جبکہ ’’مالک‘‘ اور ’’آنکھوں کی گستاخیاں‘‘ باکس آفس پر ناکام ہوگئی ہیں۔
جیمس گن کی ’’سپرمین‘‘ نے اپنے پہلے ہی ہفتے میں عالمی باکس آفس پر کامیاب پرواز بھری ہے۔ اس طرح ایک طویل مدت بعد ڈی سی، یا، ڈی سی یو کی کسی فلم نے عالمی باکس آفس پر دھاک جمائی ہے۔ ڈیوڈ کورینسویٹ کی مرکزی کردار والی فلم نے امریکی باکس آفس پر ۱۲۲؍ ملین ڈالر اور عالمی باکس آفس پر ۲۱۷؍ ملین ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔ اس طرح ’’سپرمین‘‘ ۲۰۱۳ء کی ہنری کیول کی ’’مین آف اسٹیل‘‘ کے بعد پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم بن گئی ہے، جس نے عالمی باکس آفس پر ۲۰۰؍ ملین ڈالر اور امریکی باکس آفس پر ۱۱۶؍ ملین ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ۲۱۷؍ ملین کے کاروبار کے ساتھ صرف ۳؍ دن میں فلم نے اپنے بجٹ ۲۲۵؍ ملین کا ۹۶؍ فیصد پورا کرلیا ہے۔لیکن پرڈوکشن نے بجٹ کیلئے ۱۰۰؍ ملین ڈالر مزید خرچ کئے ہیں اس طرح اس کا کل بجٹ ۳۲۵؍ ملین ڈالر ہوجاتا ہے۔ باکس آفس پر کامیاب ہونے کیلئے ’’سپرمین‘‘ کو ۵۵۰؍ ملین ڈالر کمانے ہوں گے۔یاد رہے کہ ’’مین آف اسٹیل‘‘ نے عالمی سطح پر ۶۷۰؍ ملین ڈالر اور امریکی امریکہ میں ۲۹۱؍ ملین ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔ جیمس گن کی ’’سپرمین‘‘ نے ڈی سی یو کی پہلی فلم کے طور پر زبردست کامیابی حاصل کی ہے جس میں ریچل بروسنان اور نکولس ہولٹ نے بھی اہم کردار ادا کئے ہیں۔ ڈی سی یو میں اگلی ویب سیریز ’’پیس میکر‘‘ سیزن ۲، اگست ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہوگی جبکہ ’’سپر گرل‘‘ ۲۰۲۶ء میں سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
دریں اثناء ’’جراسک ورلڈ ری برتھ‘‘ جو ۱۸۰؍ ملین ڈالر کے بجٹ سے بنائی گئی ہے، نے اب تک ۵۲۰؍ ملین ڈالر کا کاروبار کیا جبکہ ’’ایف ون‘‘ نے ۴۰ء۳۹۳؍ ملین ڈالر کمائے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ۳؍ ہفتوں سے ہندوستانی باکس آفس پر ہالی ووڈ فلموں کا جلوہ ہے۔ اس ہفتے ریلیز ہونے والی راجکمار راؤ کی ’’مالک‘‘ اور وکرانت میسی اور شنایا کپور کی ’’آنکھوں کی گستاخیاں‘‘نے خاطر خواہ کامیابی نہیں حاصل کی ہے۔ اول الذکر نے پہلے ہفتے میں ۱۵؍ کروڑ جبکہ آخر الذکر نے بمشکل ڈیڑھ کروڑ روپے کمائے ہیں۔’’سپرمین‘‘ نے ہندوستانی باکس آفس پر ۲۵؍ کروڑ روپے کمائے ہیں۔