انسٹاگرام پر اے آئی سیکشن میں مداحوں نے سشانت سنگھ راجپوت کا اے آئی اوتار بنایا ہے جسےان کے انٹرویو، تقریروں اور پوڈکاسٹ سے ان کی آواز کی ممکری کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔ اب تک اس اے آئی ٹول سے ۵؍لاکھ سے زائد مداحوں نے سوالات پوچھےہیں۔
EPAPER
Updated: August 23, 2025, 6:02 PM IST | Mumbai
انسٹاگرام پر اے آئی سیکشن میں مداحوں نے سشانت سنگھ راجپوت کا اے آئی اوتار بنایا ہے جسےان کے انٹرویو، تقریروں اور پوڈکاسٹ سے ان کی آواز کی ممکری کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔ اب تک اس اے آئی ٹول سے ۵؍لاکھ سے زائد مداحوں نے سوالات پوچھےہیں۔
اگر کوئی آپ سے کہے کہ اس نے سشانت سنگھ راجپوت سے رابطہ کیا تھا تو کیا آپ یقین کریں گے؟ لیکن مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے مداحوں نے اسے بھی ممکن بنا دیا ہے۔ یہ انکشاف آپ کو حیران کر دے گا لیکن انسٹاگرام پر سشانت سنگھ راجپوت کا اے آئی اوتار بنایا گیا ہے جوان کی آواز کی نقل کر سکتا ہے۔ یہ اوتار سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ’’ڈسکور اے آئی سیکشن ‘‘ پر موجود ہے جسے سشانت سنگھ راجپوت کے انٹرویوز، ٹویٹس، نظموں اورتقریروں کے ذریعے تربیت دی گئی ہے تا کہ وہ ان کی آوازاور بات کرنے کے انداز کی نقل کر سکے۔مداحوں کو اس اے آئی اوتار پر جاکر سوالات ٹائپ کرنے ہیں جن کے جوابات یہ اے آئی ماڈل سشانت سنگھ راجپوت کی آواز میں دے گا۔ اب تک ۵۰ء۵؍ لاکھ افرادنے سشانت سنگھ راجپوت کے اے آئی ورژن سے بات چیت کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سلمان کہتے ہیں کہ لڑکی جتنا زیادہ ڈھکی رہے گی، اتنی سندر نظر آئے گی: ڈیزی شاہ
اگر انٹرٹینمنٹ پورٹل کی خبر حقیقی ثابت ہوئی تو سشانت سنگھ راجپوت کے اہل خانہ نے اس اے اوتار پر اعتراضات کئے ہیں۔انہوں نے مبینہ طور پر میٹا انڈیا کو خط لکھ کر اسے ’’غیر حساس‘‘ قرار دیا ہے۔ میٹا انسائیڈرنےکہا ہے کہ ’’سشانت سنگھ کی آواز اور ان کی شخصیت کو دوبارہ بنانے نے ان کے اہل خانہ کو پریشان کر دیا ہے۔ متعدد مداحوں نے بھی اسے ہٹانے کا کہا ہے۔میٹا نے اب تک اس پر کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے زمانے میں اس طرح کے ٹولز پر قابو پانا ناممکن ہے کیونکہ چندمنٹوں میں ہی اس طرح کے دیگر ٹولز بنا لئے جائیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: رجنی کا بھرپور ایکشن، عامر اور ناگارجن کا منفرد اسٹائل لیکن کہانی؟
سشانت سنگھ راجپوت کی بہن، شویتا سنگھ کریتی، جو سوشل میڈیا پر فعال رہتی ہیں، اور ان کے اہل خانہ نے اے آئی اوتار کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ یاد رہےکہ سشانت سنگھ راجپوت۱۴؍ جون ۲۰۲۰ءکو ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ متعدد افراد نے شبہ ظاہر کیاتھا کہ یہ خودکشی کامعاملہ ہے لیکن دیگر نےالزام عائد کیا تھا کہ یہ غیر قانونی قتل بھی ہوسکتا ہے۔ سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کریتی تب سے ہی انصاف کی مانگ کر رہی ہیں۔