Updated: October 06, 2025, 8:07 PM IST
| Mumbai
ہندوستان کے معروف کامیڈین اور کریئٹر تنمے بھٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھا گئے۔ ایک رپورٹ نے انہیں ملک کا ’’سب سے امیر یوٹیوبر‘‘ قرار دیا، جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً ۶۶۵؍ کروڑ بتائی گئی۔ تاہم تنمے بھٹ نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز میں اس دعوے پر ایسا جواب دیا کہ مداح ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گئے۔
تنمے بھٹ۔ تصویر: آئی این این
ٹیک انفارمر کی ایک رپورٹ، جو مائی جار بلاگ کے اندازوں پر مبنی ہے، میں دعویٰ کیا گیا کہ کامیڈین اور یوٹیوبر تنمے بھٹ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً ۶۶۵؍ کروڑ روپے ہے، جس کے ساتھ ہی انہیں ہندوستان کا امیر ترین یوٹیوبر اور کریئٹر قرار دیا گیا۔ اس رپورٹ کے منظر عام پر آتے ہی تنمے بھٹ نے ایک مزاحیہ پوسٹ میں اپنا ردعمل ظاہر کیا اور لکھا کہ ’’بھائی! اتنے پیسے ہوتے تو میں یوٹیوب کی ممبرشپ نہیں بیچ رہا ہوتا!‘‘
یہ جملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، اور مداحوں نے اپنے مخصوص انداز میں تبصرے شروع کر دیئے۔ ایک صارف نے لکھا، ’’اتنے پیسے ہوتے تو بھائی یوٹیوب کب کا چھوڑ دیتے!‘‘ ایک اور مداح نے مذاقاً کہا، ’’تنمے یوٹیوبرز کے کرن جوہر بنتے جا رہے ہیں۔‘‘ جبکہ ایک صارف نے لکھا، ’’بھائت! ۱۰۔۲۰؍ کروڑ ادھار دے دو، نہیں تو چھاپہ پڑ جائے گا!‘‘ ایک اور نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’اب اخبار میں فوٹو آئے گا یا نہیں، معلوم نہیں!‘‘
یہ بھی پڑھئے:سپریم کورٹ میں چونکا دینے والا واقعہ: وکیل کی چیف جسٹس پر جوتا پھینکنے کی کوشش
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب تنمے بھٹ برجستگی اور بے ساختہ مزاح کی بدولت سوشل میڈیا پر چھائے ہوں۔ حالیہ دنوں میں، وہ گلوکارہ جسلین رائل کی سالگرہ کی تقریب میں ان پر کئے گئے مزاحیہ تبصروں کی ویڈیو کے باعث بھی سرخیوں میں رہے۔ ویڈیو میں تنمے کو یہ کہتے سنا گیا:’’یہ جسلین کی سالگرہ ہے، تو ہم اسے روسٹ کرنے والے ہیں، ٹھیک ہے؟ ہم آج چار گھنٹے کولڈ پلے چلانے جا رہے ہیں!‘‘ جب جسلین رائل ہنستے ہوئے ان کے پیچھے کھڑی تھیں، تنمے نے مزید کہا:’’جسلین جب اسٹیج پر ’کھو گئے ہم کہاں‘ گا رہی تھیں، سامعین ’آ گئے ہم کہاں‘ گا رہے تھے!‘‘
تنمے بھٹ، جو اے آئی بی کے شریک بانی ہیں، اپنی منفردحسِ مزاح، تیکھے تبصروں اور خود پر طنز کرنے کے انداز کیلئے جانے جاتے ہیں۔ وہ نہ صرف یوٹیوب بلکہ انسٹاگرام اور پوڈکاسٹ پلیٹ فارمز پر بھی لاکھوں مداح رکھتے ہیں۔