Updated: June 13, 2026, 10:21 PM IST
| Los Angeles
عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے اپنے شاندار کریئر میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ انہیں ’’سونگ رائٹرز ہال آف فیم‘‘ میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کے ساتھ وہ اس اعزاز سے نوازے جانے والی کم عمر ترین خاتون بن گئی ہیں۔ ۳۶؍ سالہ ٹیلر سوئفٹ نے یہ اعزاز اپنے پہلے سنگل ’’ٹم میک گرا‘‘ کی ریلیز کے ۲۰؍ برس بعد حاصل کیا۔
ٹیلر سویفٹ۔ تصویر: آئی این این
عالمی میوزک انڈسٹری کی ممتاز ترین شخصیات میں شمار ہونے والی امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ کو ’’سونگ رائٹرز ہال آف فیم‘‘ میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کے ساتھ انہوں نے موسیقی کی تاریخ میں ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ۳۶؍ سالہ ٹیلر سوئفٹ اس باوقار ادارے میں شامل ہونے والی اب تک کی کم عمر ترین خاتون نغمہ نگار بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ معروف نغمہ نگار کیرول بائر سیگر کے پاس تھا، جنہیں ۱۹۸۷ء میں ۴۳؍ سال کی عمر میں ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔ موسیقی کی دنیا کی دیگر معروف شخصیات، جن میں ماریہ کیری اور ڈولی پارٹن شامل ہیں، کو بھی یہ اعزاز ۵۰؍ سال کی عمر کے بعد ملا تھا۔ مجموعی طور پر کم عمر ترین انڈکٹی کا ریکارڈ اب بھی اسٹیوی ونڈر کے پاس ہے، جنہیں ۱۹۸۳ء میں ۳۲؍ سال کی عمر میں سونگ رائٹرز ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ٹیلر سوئفٹ تاریخ کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئیں
سونگ رائٹرز ہال آف فیم کے قواعد کے مطابق کسی بھی نغمہ نگار کو اپنی پہلی تجارتی ریکارڈنگ کے ۲۰؍ سال مکمل ہونے کے بعد اس اعزاز کے لیے اہل قرار دیا جاتا ہے۔ ٹیلر سوئفٹ نے جون ۲۰۰۶ء میں اپنا پہلا پہلی سنگل ’’Tim McGraw‘‘ جاری کیا تھا جس کے دو دہائیاں مکمل ہونے پر انہیں یہ اعزاز دیا گیا۔ ٹیلر سوئفٹ نے گزشتہ ۲۰؍ برسوں کے دوران موسیقی کی دنیا میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کنٹری میوزک سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والی فنکارہ نے بعد میں پاپ اور فوک موسیقی میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔ اب تک وہ ۱۲؍ اسٹوڈیو البمز جاری کر چکی ہیں اور ۱۴؍ گریمی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹیلر سوئفٹ نے iHeartRadio ایوارڈز میں ۷؍اعزاز جیتے
ان کے اعزازات میں چار مرتبہ ’’Album of the Year‘‘ کا گریمی ایوارڈ جیتنے کا منفرد ریکارڈ بھی شامل ہے، جو موسیقی کی دنیا میں ایک غیر معمولی کامیابی تصور کیا جاتا ہے۔ تجارتی اعتبار سے بھی ٹیلر سوئفٹ کا کریئر بے مثال رہا ہے۔ اندازوں کے مطابق ان کی موسیقی کی عالمی فروخت۲۵۰؍ ملین سے زائد البم مساوی یونٹس تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ان کا تاریخی ’’The Eras Tour‘‘ تقریباً دو ارب ڈالر کی آمدنی کے ساتھ موسیقی کی تاریخ کا سب سے زیادہ کمائی کرنے والا کنسرٹ ٹور بن چکا ہے۔
بل بورڈ چارٹس پر بھی ٹیلر سوئفٹ مسلسل ریکارڈ قائم کرتی رہی ہیں۔ انہیں سب سے زیادہ ٹاپ ۱۰؍ ہٹس رکھنے والی خاتون آرٹسٹ کا اعزاز حاصل ہے، جو ان کی مسلسل مقبولیت اور موسیقی پر اثر و رسوخ کا واضح ثبوت ہے۔ نیویارک میں منعقدہ سونگ رائٹرز ہال آف فیم کی تقریب میں ٹیلر سوئفٹ سیاہ رنگ کے خوبصورت اسٹریپ لیس لباس میں شریک ہوئیں۔ اس سال مجموعی طور پر نو گیت نگاروں کو ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، جن میں معروف گلوکارہ ایلانس موریسیٹ اور مشہور موسیقی پروڈیوسر والٹر افاناسیف بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ راک بینڈ KISS کے بانی اراکین جین سیمنز اور پال اسٹینلے کو بھی اس سال ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ٹیلر سوئفٹ کرہ ارض کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئیں
اپنے بیان میں سونگ رائٹرز ہال آف فیم نے ٹیلر سوئفٹ کی تخلیقی صلاحیتوں اور مختلف موسیقی اصناف میں کامیاب انداز میں لکھنے کی قابلیت کو سراہا۔ ادارے نے کہا کہ ’’ٹیلر سوئفٹ کی بطور گیت نگار مسلسل ارتقا پذیر رہنے کی صلاحیت، مختلف موسیقی انداز اپنانے کا ہنر اور ہر صنف میں یکساں مؤثر انداز میں اظہار کرنا ان کی سب سے بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ان کی فنکاری کی جرات اس بات میں بھی جھلکتی ہے کہ وہ کامیابی کے روایتی راستے پر چلتے رہنے کے بجائے مسلسل نئی تخلیقی سمتوں کا انتخاب کرتی ہیں اور نئے تجربات سے گریز نہیں کرتیں۔‘‘ تازہ ترین اعزاز کے ساتھ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے کریئر میں ایک اور تاریخی باب کا اضافہ کر دیا ہے۔ دو دہائیوں قبل موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والی یہ فنکارہ آج بھی ریکارڈ قائم کرنے اور نئی نسل کے گیت نگاروں کے لیے مثال بننے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔