Updated: September 28, 2026, 5:05 PM IST
| New York
امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے ۲۰۲۶ء کے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈس میں اپنے نئے گانے ’’پیشنٹ زیرو‘‘ کے میوزک ویڈیو کا عالمی پریمیئر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ اس ویڈیو میں معروف اداکارہ ڈکوٹا جانسن اور اداکار کولن فیرل نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ۔ تصویر:آئی این این
امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے ۲۰۲۶ء کے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈس میں اپنے نئے گانے ’’پیشنٹ زیرو‘‘ کے میوزک ویڈیو کا عالمی پریمیئر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ اس ویڈیو میں معروف اداکارہ ڈکوٹا جانسن اور اداکار کولن فیرل نے اہم کردار ادا کیے ہیں، جبکہ ویڈیو کی ہدایت کاری خود ٹیلر سوئفٹ نے کی ہے۔ ’’پیشنٹ زیرو‘‘ کا ویڈیو عام رومانوی کہانی کے بجائے گوتھک گھوسٹ اسٹوری اور نفسیاتی تھرلر کا انداز اختیار کرتا ہے۔ ویڈیو میں ڈکوٹا جانسن ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرتی ہیں جو کولن فیرل کے کردار کے ساتھ رشتے میں ہیں، جبکہ ٹیلر سوئفٹ اس شخص کی سابقہ محبوبہ کے روپ میں نظر آتی ہیں، جو مرنے کے بعد ایک بھوت بن کر ڈکوٹا کے کردار کو اس خطرناک شخص سے خبردار کرتی ہے۔
کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ یہ اشارہ ملتا ہے کہ فیرل کا کردار بظاہر ایک بہترین ساتھی دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے پیچھے ایک خطرناک حقیقت چھپی ہوئی ہے۔ سوئفٹ کا کردار ڈکوٹا جانسن کو اس انجام سے بچانے کی کوشش کرتا ہے جس کا سامنا وہ خود کرچکی ہے۔ ویڈیو میں دونوں خواتین کو بعض مناظر میں ایک جیسے لباس میں بھی دکھایا گیا ہے، جس سے ان کی کہانیوں کے درمیان مماثلت کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’بگ باس ۲۰‘‘:ریتی تیواری کے رویے پر سلمان خان برہم
’’پیشنٹ زیرو‘‘ٹیلر سوئفٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک اور نمایاں میوزک ویڈیو ہے۔ اس پروجیکٹ میں آسکر ایوارڈ یافتہ سنیماٹوگرافر ایمانوئل لوبیزکی (Emmanuel Lubezki) نے بھی کام کیا ہے، جنہوں نے ’’The Revenant‘‘، ’’Birdman‘‘ اور دیگر معروف فلموں میں سنیماٹوگرافی کی ہے۔ سوئفٹ نے اس ویڈیو میں گوتھک ہارر، گھوسٹ اسٹوری اور کرائم تھرلر کے عناصر کو یکجا کیا ہے۔ ویڈیو کے ابتدائی مناظر میں قبرستان، پراسرار ماحول اور سوئفٹ و جانسن کے کرداروں کی موجودگی کہانی کو ایک سنسنی خیز انداز دیتی ہے۔
’’پیشنٹ زیرو‘‘ٹیلر سوئفٹ کے توسیعی البم ’’The Life of a Showgirl: The Encore‘‘ میں شامل ہے۔ اس توسیعی ایڈیشن میں چار نئے گانے شامل کیے گئے ہیں، جن میں ’’پیشنٹ زیرو‘‘ کے علاوہ ’’Cleveland!‘‘، ’’Pink Clouding‘‘ اور ’’Babylon‘‘ شامل ہیں۔ گانے اور ویڈیو کی ریلیز سے قبل سوئفٹ نے ایک مختصر ۱۳؍ سیکنڈ کا ٹیزر جاری کیا تھا، جس میں ڈکوٹا جانسن، کولن فیرل اور خود ٹیلر سوئفٹ کی جھلکیاں دکھائی گئی تھیں۔ ٹیزر میں قبرستان سمیت کئی پراسرار مناظر شامل تھے، جس کے بعد مداح مکمل ویڈیو کا انتظار کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:مراٹھواڑہ میں ۸؍ ماہ کے دوران۶۵۳؍ کسانوں نے خودکشی کی
’’پیشنٹ زیرو‘‘کی ویڈیو کا پریمیئر ایسے وقت ہوا جب ٹیلر سوئفٹ نے وی ایم ایز۲۰۲۶ء پہلا آرٹسٹ ڈائریکٹر آنرس بھی حاصل کیا۔ یہ اعزاز میوزک ویڈیو ڈائریکشن اور بصری کہانی سنانے میں ان کے کام کو تسلیم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس طرح ۲۰۲۶ء کے وی ایم ایز ٹیلر سوئفٹ کے لیے دوہری اہمیت رکھتے ہیں ایک جانب انہیں ہدایت کاری کے لیے نیا اعزاز ملا، جبکہ دوسری جانب انہوں نے اسی تقریب کے اسٹیج سے ’’پیشنٹ زیرو‘‘ کی میوزک ویڈیو دنیا کے سامنے پیش کی۔ ویڈیو کے گوتھک انداز، ڈکوٹا جانسن اور کولن فیرل کی اداکاری اور سوئفٹ کی ہدایت کاری نے اسے تقریب کی نمایاں پیشکشوں میں شامل کردیا ہے۔