Inquilab Logo

شاہ رخ خان کی اگلی فلم’ڈنکی‘ کا پہلا گانا’لٹ پٹ گیا‘ ریلیز

Updated: November 24, 2023, 10:38 AM IST | Agency | New Delhi

سپر اسٹار شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی اگلی فلم ’ڈنکی‘کا پہلا گانے جاری کیا اور گلوکار اریجیت سنگھ کی تعریف کی کہ انہوں نے انہیں ’محبت جیسی آواز پھر سے‘ بخشی۔

Shah Rukh Khan and Taapsee Pannu in the song. Photo: INN
گانے میں شاہ رخ خان اور تاپسی پنو۔ تصویر : آئی این این

سپر اسٹار شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی اگلی فلم ’ڈنکی‘کا پہلا گانے جاری کیا اور گلوکار اریجیت سنگھ کی تعریف کی کہ انہوں نے انہیں ’محبت جیسی آواز پھر سے‘ بخشی۔ پریتم نے’لٹ پٹ گیا‘کی موسیقی ترتیب دی ہے، جسے سوانند کرکیرے اور آئی پی سنگھ نے لکھا ہے۔ گنیش اچاریہ نے اس گانے کی کوریوگرافی کی ہے۔
 گانے میں ،شاہ رخ خان کا کردار ہارڈی تاپسی کے کردار منو کے پیار میں سرجھکائے نظر آرہا ہے۔ خواب کے طور پر پیش کئے گئے اس گیت میں ہارڈی اپنے گاؤں کے گرد رقص کرتے ہوئے منو کے لیے اپنی محبت کا اظہار کر رہا ہے۔ کوریوگرافر گنیش اچاریہ نےشاہ رخ خان کو کچھ غیر معمولی ڈانس اسٹیپس دیے ہیں جن کی وجہ سے ہو سکتاہے کہ آپ شاہ رخ خان کے رقص کے معروف اندازسے محروم ہوجائیں ۔گانےکا بہترین حصہ وہ ہےجہاں شاہ رخ رقص نہیں کر رہے ہیں۔ اس گانے کا بہترین حصہ گانےکے آخر کا منظر ہے جس میں ہارڈی گردوارے میں دعا میں مصروف منو کو پیارسے دیکھ رہاہے۔ یہ آپ کو یاد دلاتا ہے کہ شاہ رخ اپنی معشوقائوں سے رومانس کرنے میں کتنے اچھے ہیں۔
راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’ڈنکی‘۲۱؍دسمبرکو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ اس میں تاپسی پنو، بومن ایرانی اور وکی کوشل بھی ہیں ۔شاہ رخ نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر ’لٹ پٹ گیا‘ کا لنک شیئر کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا ہے ’’اگر ڈانس میں اس سے زیاد چھلانگ لگاتا تو اڑ ہی جاتا۔ مجھے امید ہے کہ یہ رومانس تاپسی اور آپ کے دلوں میں بھی ضرورخیمہ لگائیں گے۔اریجیت سنگھ، آپ کی آواز نے مجھے ایک بارپھرپیار کی آواز دی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’لٹ پٹ گیاکی سادگی اور توانائی کے لیے پریتم، سوانند کرکرے، آئی پی سنگھ اور گنیش اچاریہ کو مبارکباد۔ ڈنکی کا گانا ’لٹ پٹ گیا‘ اب ریلیز کردیا گیا ہے۔ ڈنکی ۲۱؍ دسمبر۲۰۲۳ء کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔‘‘واضح رہے کہ اریجیت اس سے قبل شاہ رخ کیلئے ’جوان‘ کے ’’چھلیا‘‘، چنئی ایکسپریس‘ کے ’’کشمیر میں توکنیا کماری‘‘،’دل والے‘ کے ’’گیروا‘‘، ’رئیس‘کے ’’ظالمہ‘‘ جیسے گانوں کیلئے اپنی آواز دے چکے ہیں۔’ڈنکی‘ کو دوستی، سرحدیں ،گھر اور محبت کے لیے پرانی یادوں کی کہانی کے طور پرپیش کیا جاتا ہے۔ یہ فلم ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کے بعد ۲۰۲۳ء میں شاہ رخ کی تیسری ریلیزہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK