Updated: December 17, 2025, 4:04 PM IST
| Abu Dhabi
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کی منی نیلامی میں غیر ملکی کھلاڑیوں پر دولت کی برسات دیکھنے کو ملی۔ منگل کو ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں کئی اسٹار کھلاڑیوں نے کروڑوں روپے بٹورے جبکہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) نے سب سے زیادہ جارح بولی لگا کر سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
مستفیض۔ تصویر:آئی این این
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کی منی نیلامی میں غیر ملکی کھلاڑیوں پر دولت کی برسات دیکھنے کو ملی۔ منگل کو ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں کئی اسٹار کھلاڑیوں نے کروڑوں روپے بٹورے جبکہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) نے سب سے زیادہ جارح بولی لگا کر سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
(۱) کیمرون گرین : ۲۵؍ کروڑ۲۰؍ لاکھ
آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر کیمرون گرین آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے ان کے لیے ۲۵؍ کروڑ۲۰؍ لاکھ روپے کی ریکارڈ بولی لگائی۔ اس کے ساتھ ہی گرین نے مچل اسٹارک کا ۲۰۲۴ء کا ریکارڈ (۲۴؍ کروڑ۷۵؍ لاکھ) توڑ دیا اور آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت گرین کو کے کے آر کی ٹائٹل امیدوں کا مضبوط ستون بناتی ہے۔
(۲)متھیش پتھیرانا:۱۸؍ کروڑروپے
سری لنکا کے رفتار کے سوداگر متھیش پتھیرانا بھی کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی جھولی میں گرے۔ ’’بیبی ملنگا‘‘ کے نام سے مشہور پتھیرانا اپنی خطرناک یارکرز اور ڈیتھ اوورز میں شاندار کنٹرول کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ۱۸؍کروڑ روپے میں ان کی شمولیت نے کے کے آر کی فاسٹ بولنگ کو مزید جان لیوا بنا دیا ہے۔
(۳)لیام لیونگ اسٹون: ۱۳؍ کروڑ روپے
انگلینڈ کے دھماکہ خیز آل راؤنڈر لیام لیونگ اسٹون کو سن رائزرس حیدرآباد نے ۱۳؍ کروڑ روپے میں خریدا۔ زبردست پاور ہٹنگ کے لیے مشہور لیونگ اسٹون مڈل آرڈر میں سن رائزرس کو نئی جان بخشیں گے۔ ان کی آف اسپن اور لیگ اسپن صلاحیت ٹیم کو اضافی اسٹریٹیجک گہرائی بھی فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:غزہ تحقیقات کو روکنے کا اسرائیل کا مطالبہ مسترد
(۴)مستفیض الرحمٰن :۹؍ کروڑ۲۰؍ لاکھ
بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مستفیض الرحمٰن ایک بار پھر کولکاتا نائٹ رائیڈرز کا حصہ بن گئے۔ ’’دی فِز‘‘ کے نام سے مشہور مستفیض اپنی کٹر گیندوں اور دھوکہ دینے والی سلو بالز کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ۹؍کروڑ۲۰؍لاکھ روپے میں ان کی خرید نے کے کے آر کی بولنگ لائن اپ کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:امریکی سفری پابندیوں میں بڑی توسیع، مزید ۱۵؍ممالک فہرست میں شامل
(۵)جوش انگلس : ۸؍کروڑ ۶۰؍ لاکھ
آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس کو لکھنؤ سپر جائنٹس نے۸؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے میں خریدا۔ اگرچہ وہ صرف چار میچز کے لیے دستیاب ہوں گے، لیکن ان کی تیز رفتار بیٹنگ اور محفوظ وکٹ کیپنگ لکھنؤ کے لیے قلیل مدت میں بڑا فائدہ ثابت ہو سکتی ہے۔