Updated: July 18, 2026, 4:06 PM IST
| Mumbai
کرسٹوفر نولن کی طویل انتظار کے بعد ریلیز ہونے والی فلم The Odyssey نے دنیا بھر میں زبردست آغاز کرتے ہوئے باکس آفس پر نئی تاریخ رقم کرنا شروع کر دی ہے۔ ہومر کی کلاسیکی یونانی رزمیہ داستان پر مبنی اس فلم نے ہندوستان میں پہلے ہی دن ۷۶ء۲۰؍ کروڑ روپے کی کمائی کرتے ہوئے نولن کی سابقہ بلاک بسٹر Oppenheimer کے افتتاحی دن کا ریکارڈ توڑ دیا۔
دی اوڈیسی۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی نئی آئی میکس فلم The Odyssey آخرکار جمعہ کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دی گئی اور ریلیز کے پہلے ہی دن فلم نے باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد ریکارڈ توڑ دیے۔ قدیم یونانی شاعر ہومر کی لازوال رزمیہ داستان اوڈیسی پر مبنی اس فلم میں میٹ ڈیمن، اینی ہیتھ وے، رابرٹ پیٹنسن، ٹام ہالینڈ، زینڈایا، جون برنتھل، ہمیش پٹیل، جان لیگویزامو، لوپیتا نیونگو، سمانتھا مورٹن، ایلیٹ پیج، بینی سفدی، میا گوتھ اور شارلیزتھیرون سمیت ہالی ووڈ کے کئی بڑے ستارے شامل ہیں۔
ہندوستانی باکس آفس
انڈسٹری ٹریکر Sacnilk کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق فلم نے ہندوستان میں پہلے روز ۴ء۱۷؍ کروڑ روپے نیٹ جبکہ ۷۶ء۲۰؍ کروڑ روپے گراس کا کاروبار کیا، جو کرسٹوفر نولن کی کسی بھی فلم کے لیے ہندوستان میں اب تک کا بہترین افتتاحی دن ثابت ہوا ہے۔ اس سے قبل نولن کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم Oppenheimer نے ہندوستان میں اپنے پہلے دن ۴۵ء۱۴؍ کروڑ روپے کمائے تھے، جبکہ The Odyssey نے یہ ریکارڈ باآسانی پیچھے چھوڑ دیا۔ اگرچہ فلم نے نولن کے کریئر کا ہندوستانی ریکارڈ قائم کیا ہے، تاہم مجموعی طور پر ہالی ووڈ کی بڑی اوپننگز میں یہ اب بھی ’’اوینجرز: اینڈ گیم‘‘ (۶ء۵۳؍ کروڑ)، ’’اوتار: دی وے آف واٹر‘‘ (۳ء۴۰؍ کروڑ)، ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ (۶۷ء۳۲؍ کروڑ روپے) اور ’’اوینجرز: انفینیٹی وار‘‘ (۳ء۳۱؍ کروڑ)سے پیچھے ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امیتابھ بچن نے گووندا ہی نہیں ان کے والد کے ساتھ بھی کام کیا ہے
ہندوستان میں فلم کی کمائی کا بڑا حصہ انگریزی ورژن سے آیا، جس نے ۷۵ء۱۳؍ کروڑ روپے حاصل کیے۔ اس کے علاوہ ہندی ورژن نے ۹۰ء۱؍ کروڑ روپے، تیلگو ورژن نے ۱۰ء۱؍ کروڑ روپے جبکہ تمل ورژن نے ۶۵؍ لاکھ روپے کا کاروبار کیا۔ فلم نے آئی میکس فارمیٹ میں بھی غیرمعمولی مقبولیت حاصل کی۔ IMAX 2D کے انگریزی ورژن کی مجموعی نشستیں ۷ء۷۹؍ فیصد بھریں۔ صبح کے شوز میں یہ شرح ۸۶ء۷۳؍ فیصد، دوپہر میں ۱۴ء۷۵؍ فیصد، شام میں بڑھ کر ۴۳ء۸۲؍ فیصد اور رات کے شوز میں ۵۷ء۷۴؍ فیصد رہی۔ آئی میکس نمائش کے لحاظ سے ممبئی سب سے آگے رہا، جہاں فلم کے ۵۰؍ شوز ہوئے اور تقریباً ۷۰؍ فیصد نشستیں بھری رہیں، جبکہ دہلی میں ۴۶؍ شوز کے ساتھ ۸ء۷۷؍ فیصد کی بھراؤ شرح ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی باکس آفس
بین الاقوامی سطح پر بھی فلم نے غیرمعمولی آغاز کیا ہے۔ امریکی اشاعتی ادارے Deadline کے مطابق یونیورسل پکچرز نے صرف جمعرات کی رات کے پیڈ پریویو سے ۶ء۱۷؍ ملین امریکی ڈالر کی آمدنی حاصل کی، جو رواں سال کسی بھی فلم کی سب سے بڑی پری ویو اوپننگ ہے۔ اس طرح The Odyssey نے Toy Story 5 کے ۵ء۱۷؍ ملین ڈالر کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ موازنہ کیا جائے تو Oppenheimer نے اپنی پری ویو اسکریننگ سے ۵ء۱۰؍ ملین ڈالر کمائے تھے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق فلم شمالی امریکا میں افتتاحی ویک اینڈ پر تقریباً 117 ملین ڈالر جبکہ عالمی سطح پر 210 ملین ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کر سکتی ہے۔ اگر یہ اندازے درست ثابت ہوتے ہیں تو The Odyssey، The Dark Knight Rises اور The Dark Knight کے بعد کرسٹوفر نولن کے کریئر کی تیسری بڑی گھریلو اوپننگ بن جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: پرگتی سریواستو نے پرکاش جھا اور آنند ایل رائے کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کیا
ہندوستانی تجزیہ کاروں کا بھی خیال ہے کہ فلم افتتاحی ہفتے کے اختتام تک ۷۰؍ کروڑ روپے کے قریب کاروبار کر سکتی ہے، جس کے بعد اس کے لیے Oppenheimer کے ہندوستان میں ۱۵۰؍ کروڑ روپے سے زائد کے مجموعی بزنس کو پیچھے چھوڑنے کے امکانات مضبوط ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ The Odyssey ہومر کی کلاسیکی رزمیہ داستان پر مبنی ہے، جس میں اتھاکا کے افسانوی یونانی بادشاہ اوڈیسیئس کی ٹروجن جنگ کے بعد اپنے وطن واپسی کے طویل، خطرناک اور مہماتی سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ اس دوران وہ سائیکلوپس پولیفیمس سمیت متعدد دیومالائی مخلوقات کا سامنا کرتا ہے اور بالآخر اپنی اہلیہ پینیلوپ سے دوبارہ ملنے کی کوشش کرتا ہے۔ناقدین کی مثبت آراء، شاندار ایڈوانس بکنگ، آئی میکس فارمیٹ کی غیرمعمولی مقبولیت اور دنیا بھر میں مضبوط آغاز کو دیکھتے ہوئے فلمی ماہرین کا کہنا ہے کہ The Odyssey آنے والے دنوں میں ۲۰۲۶ء کی سب سے بڑی عالمی بلاک بسٹر فلموں میں شامل ہو سکتی ہے۔