آشا بھوسلے نے فلم انڈسٹری کے تقریباً ہر گلوکار کے ساتھ اپنی آواز کا جادو بکھیرا ہے۔ ’ڈیوٹ سانگ‘ میں ان کی جوڑی خاص طور پر کشور کمار کے ساتھ کافی مشہور ہوئی۔
EPAPER
Updated: April 13, 2026, 12:18 PM IST | Mumbai
آشا بھوسلے نے فلم انڈسٹری کے تقریباً ہر گلوکار کے ساتھ اپنی آواز کا جادو بکھیرا ہے۔ ’ڈیوٹ سانگ‘ میں ان کی جوڑی خاص طور پر کشور کمار کے ساتھ کافی مشہور ہوئی۔
منگیشکر بہنوں (لتا اور آشا) کے ساتھ سروں کے بادشاہ محمد رفیع نے متعدد نغموں کو آواز دی ہے۔ لتا منگیشکر کے ساتھ جہاں محمد رفیع نے رومانی، شوخ اور درد بھرے گانے گائے ہیں وہیں ان کی چھوٹی بہن آشا بھوسلے کے ساتھ چنچل، چلبلے اور تڑک بھڑک والے گیتوں کو اپنی آواز سے جاندار اور سدابہار بنادیا اور ایسے گیت سیکڑوں کی تعداد میں ہیں۔ آشا بھوسلے نے فلم انڈسٹری کے تقریباً ہر گلوکار کے ساتھ اپنی آواز کا جادو بکھیرا ہے۔ ’ڈیوٹ سانگ‘ میں ان کی جوڑی خاص طور پر کشور کمار کے ساتھ کافی مشہور ہوئی۔ آواز کی ساخت، تاثرات اور انداز کو بدلنے کی آشا بھوسلے کی صلاحیت نے ہندوستانی سینما کی کئی دہائیوں تک ان کی ایک مستقل اور منفرد پہچان برقرار رکھی۔ آشا بھوسلے نے محمد رفیع کے ساتھ بھی کئی بہترین گانے گائے ہیں۔ آشا بھوسلے کا خود کہنا تھا کہ انہیں رفیع صاحب کے ساتھ ڈیوٹ گانے میں تھوڑی گھبراہٹ ہوتی تھی۔ اس کے باوجود دونوں نے کئی یادگار نغموں کو اپنی آواز سے بے مثال بنادیا اور وہ گانے آج بھی نوجوان نسلوں کی زبان پر رہتے ہیں۔ آشا بھوسلے نے محمد رفیع کے ساتھ جتنے گانے گائے ہیں سب شاندار اور یادگار ہیں۔ یہاں ہم ان چند نغموں کا احاطہ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آشا بھوسلے کی فلم ’مائی‘ میں ادا کیا گیا کردار ناظرین کو رونے پر مجبور کر دیتا تھا
(۱)اڑیں جب جب زلفیں تیری: فلم’نیا دور‘ میں دیہاتی پس منظر میں دلیپ کمار اور وجینتی مالا پر فلمایا گیا یہ گانا آج بھی تازہ دم لگتا ہے۔ آج بھی نوجوان اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے اس گانے کو گنگناتے ہیں۔ اس گانے کیلئے آشا بھوسلے کی زبردست تعریف ہوئی تھی۔
(۲)ابھی نہ جاؤ چھوڑکر :۱۹۶۱ء میں ریلیز ہوئی فلم ’ہم دونوں ‘ کے اس نغمہ کو جے دیو نے موسیقی سے سنوارا تھا۔ گانے میں جہاں آشا بھوسلے کی آواز میں مصنوعی غصہ ہے تو رفیع صاحب کی آواز میں کچھ دیر اور رکنے کی التجا بھی ہے۔ ۶۰ء کی دہائی کا یہ گانا آج بھی سنا جاتا ہے۔
(۳)او میرے سونا رے : تیسری منزل کا یہ گانا بھی روٹھنے منانے کی سریلی مثال ہے۔ کسی عاشقانہ تکرار کو شاید ہی کبھی اتنی نغمگی کے ساتھ سلجھایا گیا ہو۔ آپ آوازوں میں جذبات کی گہرائی اور پشیمانی، دونوں کو واضح طور پر محسوس کر سکتے ہیں۔ آشا بھوسلے کی آواز کا جادو اس گانے میں سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
(۴)ڈھل گیا دن ہوگئی شام:۱۹۷۰ء میں ریلیز ہونے والی فلم’ہم جولی‘ کا یہ گیت آشا اور رفیع کی گائیکی کا شاندار نمونہ کہا جاسکتا ہے۔ یہ گیت اس وجہ سے منفرد کہا جا سکتا ہے کیونکہ اسےجتیندر اور لینا چندورکر پربیڈمنٹن کھیلتے ہوئے یہ فلمایا گیا ہے۔ آشا بھوسلے اور رفیع صاحب نے بیڈ منٹن کے شاٹ کے ساتھ اپنی آواز کے اتارچڑھاؤکا ٹائمنگ بہت ہی خوبصورتی سے استعمال کیا ہے۔
(۵)چرا لیا ہے تم نے جو دل کو: آشا بھوسلے نے اس گانے میں گٹار بجاتے ہوئے زینت امان کیلئے اپنی آواز سے جادو جگادیا۔ آشا بھوسلے کی دلکش آواز اور محمد رفیع کی آواز کا سحر آج بھی قائم ہے۔ شاید ہی کوئی ایسا موسیقی کا پروگرام ہو یا پھر گھروں میں انتاکشری کے دوران یہ گانا نہ گایا جاتا ہو۔