Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران-امریکہ مذاکرات کی ناکامی کا بازاروں پر منفی اثر

Updated: April 13, 2026, 1:04 PM IST | Mumbai

سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں بازار کی سمت طے کریں گی، آج شیئر مارکیٹ میں تیز اتار چڑھاؤ کا اندیشہ، خام تیل، سونا اور چاندی کی قیمتیں متاثر ہونگی۔

Iranian delegation arriving in Islamabad for talks with Pakistani Prime Minister Shahbaz Sharif. Photo: INN
اسلام آباد میں مذاکرات کیلئے پہنچنے والا ایرانی وفد پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

اسلام آباد میں   ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کا دنیا بھر کے بازاروں  پر منفی اثر پڑنے کا اندیشہ ہے۔ پیر (آج ) سے شروع ہونے والےکاروباری ہفتے میں بازار میں تیز اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ خام تیل کی غیر مستحکم قیمتیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں اور عالمی مارکیٹ کی چال بھی بازار کی سمت طے کرنے والے اہم عوامل ہوں گے۔ شیئر بازار کیلئے پچھلا ہفتہ فروری۲۱ء کے بعد سب سے بہترہفتہ ثابت ہوا تھا۔ ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت سے کشیدگی کم ہونے کی امید میں نفٹی۶؍ فیصد کی مضبوطی کے ساتھ۲۴؍ ہزار ۵۰؍کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا بازار اس پیش رفت کو برقرار رکھ پائے گا۔ ماہرین کے مطابق مذاکرات کی ناکامی کا اثر خام تیل کی قیمتوں، محفوظ سرمایہ کاری کے اثاثوں جیسے سونا اور چاندی، اور ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ پر پڑے گا۔ 
ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ پر اثر
ایس ایم سی گلوبل سیکورٹیز کی سینئر ریسرچ اینالسٹ سیما سریواستو کے مطابق پیر کو مارکیٹ محتاط انداز میں ہلکی مندی کے ساتھ یا فلیٹ کھل سکتی ہے، جہاں خام تیل کی قیمتیں اور آبنائے ہرمز سے متعلق رات بھر کی خبریں ابتدائی تجارت کو متاثر کریں گی۔ امریکہ- ایران امن مذاکرات اور جنگ بندی میں توسیع نے ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ کو قلیل مدتی راحت دی ہے، لیکن بحالی ابھی بھی کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہندوستانی بازار اب بھی ’خبروں کے رحم و کرم پر‘ ہے اور وقتی تیزی اکثر نئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث پلٹ جاتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ریکارڈ پیٹنٹ فائلنگ پر پیوش گوئل نے کہا: ہندوستان کا انوویشن انجن اب رکنے والا نہیں

خام تیل، سونا اور چاندی پر اثر
سیبی کی رجسٹرڈ ریسرچ اینالسٹ انوج گپتا کے مطابق پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ توانائی مارکیٹ میں خطرے کا عنصر بڑھنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق سونا اور چاندی پیر کو فلیٹ کھل سکتے ہیں بشرطیکہ جغرافیائی کشیدگی میں کوئی بڑا اضافہ نہ ہو جو قیمتوں میں اچانک کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ 
بڑی کمپنیوں کے نتائج سمت طے کریں گے
اس ہفتے بازار کی نظر چوتھی سہ ماہی کے نتائج پر بھی رہے گی۔ بی ایس ای میں درج تقریباً۵۰؍ کمپنیاں اپنے نتائج پیش کریں گی۔ نفٹی کی بڑی کمپنیوں میں وِپرو، ایچ ڈی ایف سی بینک اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے نتائج سب سے اہم ہوں گے۔ اس کے علاوہ بینکنگ اور فنانشیل سیکٹر کی کئی دیگر کمپنیاں جیسے یس بینک، اینجل ون اور ایچ ڈی ایف سی لائف کے نتائج بھی اسی ہفتے آئیں گے۔ 
سرمایہ کاروں کا رجحان 
غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار اپریل میں اب تک۴۸؍ہزار ۲۱۳؍ کروڑ روپے کے شیئر فروخت کر چکے ہیں، جو بازار کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ تاہم جمعہ کو انہوں نے۶۷۲؍ کروڑ روپے کی خالص خریداری کی تھی۔ سرمایہ کاروں  کا رجحان بھی بازار کی چال پر اثر انداز ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK