Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیرِ بنگلہ کی دہاڑ، کیویز بے حال: بنگلہ دیش نے حساب برابر کر دیا

Updated: April 20, 2026, 8:59 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش نے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ ناہد رانا کی پانچ وکٹوں اور تنزید حسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ۱۹۹؍ رنز کا ہدف محض ۳ء۳۵؍ اوورز میں حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں ۱۔۱؍ سے واپسی کر لی ہے۔

Bangladesh Team.Photo:X
بنگلہ دیش ٹیم۔ تصویر:ایکس

بنگلہ دیش نے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ ناہد رانا کی پانچ وکٹوں اور تنزید حسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ۱۹۹؍ رنز کا ہدف محض ۳ء۳۵؍ اوورز میں حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں ۱۔۱؍ سے واپسی کر لی ہے۔


۱۹۹؍رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی شروعات مایوس کن تھی اور صرف ۲۱؍ رنز پر دو وکٹیں گر گئیں۔ سیف حسن (۸) اور سومیہ سرکار (۸) جلدی پویلین لوٹ گئے، لیکن اس کے بعد تنزید حسن اور نجم الحسین شانتو نے کیوی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔  تنزید حسن نے صرف ۵۸؍ گیندوں پر ۷۶؍ رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں ۱۰؍ چوکے اور۴؍ بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ انہوں نے شانتو کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے۱۲۰؍ رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔

یہ بھی پڑھئے:رتیش دیشمکھ کی ’’راجہ شیواجی‘‘میں سلمان خان کاداخلہ


شانتو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ۵۰؍ رنز بنائے، تاہم وہ پچاس مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ آخر میں توحید ہردوئے (۳۰؍رن) اور کپتان مہدی حسن معراج (۸؍رن) نے ٹیم کو۸۷؍ گیندیں قبل ہی فتح سے ہمکنار کر دیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن ناہد رانا کی قہر انگیز بولنگ کے سامنے کیوی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ نوجوان پیسر ناہد رانا نے اپنے اسپیل میں صرف ۳۲؍ رنز دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے اور نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:بائرن میونخ ۳۵؍ ویں بار جرمن چیمپئن: ہیری کین کی شاندار کارکردگی، ریکارڈز کی بھرمار


نیوزی لینڈ کی جانب سے صرف نک کیلی (۸۳؍ رنز) مزاحمت کر سکے، جبکہ دیگر کوئی بھی بلے باز بنگلہ دیشی باؤلرز کا سامنا نہ کر پایا اور پوری ٹیم ۱۹۸؍ رنز پر سمٹ گئی۔پہلا میچ ہارنے کے بعد بنگلہ دیش نے اس زبردست جیت کے ساتھ سیریز میں بقا کی جنگ جیت لی ہے۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ کھیلا جائے گا، جو فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK