Inquilab Logo Happiest Places to Work

اَللو ارجن کی فلم’پشپا‘ کے کردار کا پورا ملک دیوانہ ہوگیا تھا

Updated: April 08, 2026, 11:52 AM IST | Agency | Mumbai

کورونا دور کے بعد یعنی ۲۰۲۱ء میں جب فلم’پشپا‘ ریلیز ہوئی تھی تو صرف جنوبی ہند کی ریاستیں ہی نہیں بلکہ پورا ہندوستان اسی کےرنگ میں رنگ گیا تھا۔ ہر کوئی اس کی طرح ٹیڑھا ہوکر رقص کرتا اور اس کا ڈائیلاگ ’’پشپا، جھکے گا نہیں سالا‘‘بولتا نظر آرہا تھا ۔

Allu Arjun;INN
اللو ارجن۔ تصویر:آئی این این
کورونا دور کے بعد یعنی ۲۰۲۱ء میں جب فلم’پشپا‘ ریلیز ہوئی تھی تو صرف جنوبی ہند کی ریاستیں ہی نہیں بلکہ پورا ہندوستان اسی کےرنگ میں رنگ گیا تھا۔ ہر کوئی اس کی طرح ٹیڑھا ہوکر رقص کرتا اور اس کا ڈائیلاگ ’’پشپا، جھکے گا نہیں سالا‘‘بولتا نظر آرہا تھا ۔ ناظرین صرف اس کردار کو نہیں بلکہ اس رول کو ادا کرنے والے اللو ارجن  کے دیوانے ہوگئے تھے ۔ آج اسی اللو ارجن کے تعلق سے تفصیلات پیش کررہے ہیں۔اَلّو  ارجن ۸؍ اپریل ۱۹۸۲ء کوتمل ناڈو کے شہرچنئی میں پیدا ہوئے تھے۔وہ بنیادی طور پر تیلگو زبان کی فلموں میں کام کرتےہیں۔برسوں سےتیلگو سنیما سے منسلک ایک خاندان میں ان کی پیدائش ہوئی۔ وہ جنوبی ہند کے مشہورپروڈیوسراللو  اروندکے بیٹے، تیلگو اور ہندی فلموں کے اداکار چرن جیوی اور پون کلیان کے بھتیجے اور رام چرن کےچچا زاد بھائی ہیں۔ والدہ نرملا ایک گھریلو خاتون ہیں جبکہ ان کے دادا اللو رامالنگیہ بھی ایک مشہور مزاحیہ اداکار تھے۔ ۶؍مارچ ۲۰۱۱ء کو اَلّو  ارجن نے حیدرآباد میں اداکارہ اسنیہہ ریڈی سے شادی کرلی۔اللو ارجن کو کئی ایوارڈ مل چکے ہیں جن میں ایک نیشنل ایوارڈ، ۶؍فلم فیئر ایوارڈ اور ۳؍نندی ایوارڈ شامل ہیں۔
 
 
اللو ارجن نے بطور ہیرو فلمی سفر کا آغاز فلم گنگوتری ۲۰۰۳ء سے کیا، پھر۲۰۰۴ءکی فلم آریہ میںیکطرفہ محبت کرنے والے طالب علم کا کردار نبھایا۔ اس فلم کے بعد نوجوانوں میں اللو ارجن کا جنون پیدا ہوگیا۔اگر چہ ابتدائی فلموں میں انھیں زیادہ پزیرائی نہیں ملی لیکن آریہ فلم کے سیکوئل آریہ ۲؍نے اَلّو  ارجن کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
اللو ارجن کی تمام فلمیں ملیالم اور ہندی زبان میں ڈب ہو چکی ہیں۔ جنوبی ہندوستان کےعلاوہ شمالی ہندوستان، بنگلہ دیش اور پاکستان تک میںان کے  بڑی تعداد میںشائقین موجودہیں، جوان کی فلموں کے ہندی ڈب ورژن کو بڑے شوق سےدیکھتے ہیں۔ اس کےعلاوہ کیرالا میںانہیں مللو ارجن کے نام سے جانا جاتا ہے۔
 
 
اللو ارجن جنوبی ہند کے واحد اداکار ہیں جن کی فلموں سرئنوڈو اور دوواڈا جگناتھم کے ہندی ڈب ورژن نےیوٹیوب پر۱۵؍کروڑ ویوز حاصل کئے۔ ان کی بعض فلمیں تمل زبان میں بھی ڈب کی گئی ہیں اور دوبارہ  بنائی جاچکی ہیں۔۲۰۱۸ءتک وہ جنوبی ہند کے واحد اداکار تھےجنہیں فیس بک کے باضابطہ اکاؤنٹ پرایک کروڑ سے زیادہ لائک ملے تھے۔بچپن میںاَلّو ارجن نےاپنے والد اللو  اروند کی پروڈیوس کی گئی فلموں وجیتا اور سواتی موتیم میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔ ۲۰۰۱ء میںانہوںنے فلم ڈیڈی میں بطور ڈانسر ایک معمولی کردار ادا کیا۔ بعد میں اللو ارجن کی بطور ہیرو پہلی فلم۲۰۰۳ءکی فلم گنگوتری ریلیز ہوئی جس کے ہدایت کار کے راگھویندر راؤ تھے۔ اس فلم نے تھیٹروں میں۱۰۰؍ دن مکمل کیے او وہ کامیاب ثابت ہوئی۔ان کی دوسری فلم آریہ تھی، جو۲۰۰۴ءمیں ریلیزہوئی اور باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی۔اس فلم کی کامیابی کے بعد نوجوانوں کے درمیان اللو ارجن کا ایک نام بن گیا۔آریہ۲؍ کے بعد فلم پشپا ان کے کریئر کی سب سے بڑی ہٹ فلمیں ثابت ہوئی ہیں۔ پشپا کو پورے ملک میں دیکھا گیا ۔’ پشپا: دی رائز‘ ۲۰۲۱ء میںجبکہ ’پشپا ۲‘۲۰۲۴ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK