ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں ایسی فلموں کی بھی تشہیر کرنا پڑی جنہیں وہ خود معیاری نہیں سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی فلم کی تشہیر کرنا آسان ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت ناظرین سے جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
EPAPER
Updated: July 26, 2026, 6:01 PM IST | Los Angeles
ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں ایسی فلموں کی بھی تشہیر کرنا پڑی جنہیں وہ خود معیاری نہیں سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی فلم کی تشہیر کرنا آسان ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت ناظرین سے جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ اس وقت اپنی تازہ ریلیز فلم ’’دی اوڈیسی ‘‘کی کامیابی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جس کی ہدایت کاری معروف فلم ساز کرسٹوفر نولن نے کی ہے۔ اس کے علاوہ وہ اپنی آئندہ فلم’’ اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ہالی ووڈ کی فلمی تشہیری مہم (پریس ٹور) کی حقیقت پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ہر وہ فلم، جس کی انہوں نے تشہیر کی، ضروری نہیں کہ وہ خود بھی اسے اچھی فلم سمجھتے ہوں۔
یہ بھی پڑھئے: دی اوڈیسی: میٹ ڈیمن کے ایکشن مناظر اسٹنٹ وومن نے کئے، ناظرین حیران
ناپسندیدہ فلموں کی تشہیر پر ٹام ہالینڈ کا اعتراف
ڈش فرام ویٹروز (Dish from Waitrose) پوڈکاسٹ میں میزبان نِک گرمشا اور اینجیلا ہارٹنیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹام ہالینڈ نے بتایا کہ ماضی میں انہیں ایسی فلموں کی بھی تشہیر کرنا پڑی جن کے بارے میں وہ نجی طور پر سمجھتے تھے کہ لوگوں کو وہ نہیں دیکھنی چاہئے۔ ان دنوں وہ ’’دی اوڈیسی‘‘ اور’’ اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے ‘‘دونوں فلموں کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ ’’دی اوڈیسی‘‘ سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جا چکی ہے، جبکہ’’ اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ دو ہفتے بعد ریلیز ہوگی۔
ٹام ہالینڈ نے کہا:’’جب آپ ایسی فلم کی تشہیر کر رہے ہوں جس پر آپ کو واقعی فخر ہو تو یہ بہت آسان ہوتا ہے۔ جب لوگ پوچھتے ہیں کہ انہیں یہ فلم کیوں دیکھنی چاہئے، تو آپ جھوٹ نہیں بول رہے ہوتے، کیونکہ آپ خود بھی دل سے چاہتے ہیں کہ لوگ اسے دیکھیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا:’’لیکن ماضی میں ایسے مواقع بھی آئے جب کسی نے پوچھا، `لوگ یہ فلم کیوں دیکھیں ؟ اور میرے ذہن میں یہی چل رہا ہوتا تھا کہ `انہیں نہیں دیکھنی چاہئے، کیونکہ یہ بہت خراب فلم ہے۔ ‘‘انہوں نے موجودہ صورتحال کو اپنے لئےایک کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا:’’سچ کہوں تو یہ ایک طرح کا وکٹری لیپ محسوس ہو رہا ہے۔ میں اس پوری مہم سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں اور دونوں فلموں پر بے حد فخر محسوس کرتا ہوں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’رامائن‘‘ میں کون سا اداکار کون سا کردار ادا کرے گا؟
عالمی شہرت تک ٹام ہالینڈ کا سفر
ٹام ہالینڈ نے کم عمری میں اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ ۲۰۰۸ء سے۲۰۱۰ء کے درمیان انہوں نے ویسٹ اینڈ کے مشہور میوزیکل بلی ایلیٹ میں پہلے معاون اور بعد ازاں مرکزی کردار ادا کیا۔ ۲۰۱۲ءمیں ریلیز ہونے والی فلم’’ دی امپوسیبل‘‘ (The Impossible) میں لوکاس کا کردار ان کے کریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا، جس میں انہوں نے ناؤمی واٹس اور ایوان میک گریگر کے ساتھ اداکاری کی۔ اس کے بعد۲۰۱۶ء میں مارول سنیماٹک یونیورس میں اسپائیڈر مین کا کردار ادا کرکے وہ عالمی شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے: راون صرف ایک ویلن نہیں بلکہ نہایت پیچیدہ کردار ہے: یش
’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ ہندوستان میں ریلیز، کاسٹ اور کہانی
’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی ہدایت کاری ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن نے کی ہے اور یہ اسپائیڈر مین فلم سیریز کی چوتھی قسط ہے۔ فلم میں ٹام ہالینڈ ایک بار پھر پیٹر پارکر/اسپائیڈر مین کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ زینڈایا بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گی۔ دیگر نمایاں اداکاروں میں جیکب بٹالون، سیڈی سنک، جان برنتھل، مارک رفالو، مائیکل مانڈو اور ٹرامیل ٹل مین شامل ہیں۔ یہ فلم پیٹر پارکر کی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرتی ہے۔ ’’نو وے ہوم ‘‘کے واقعات کے چار سال بعد کی کہانی میں پیٹر اب مکمل طور پر تنہا زندگی گزار رہا ہے، کیونکہ اس نے اپنی مرضی سے اپنے قریبی لوگوں کی یادوں اور زندگیوں سے خود کو مٹا دیا تھا۔ بتا دیں کہ ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ ہندوستان میں ۳۰؍ جولائی کو سنیماگھروں میں ریلیز ہوگی۔