Inquilab Logo Happiest Places to Work

کارگل وجےدیوَس پر شہداء کو خراج عقیدت

Updated: July 27, 2026, 10:19 AM IST | New Delhi

حکومت اور اپوزیشن کے لیڈروںنے فوجیوںکی قربانیوں کو یاد کیا،ملک و قوم کو ان کا مقروض اور ان کی شجاعت کو مثالی قراردیا۔

Indian soldiers demonstrate martial arts in Drass (Ladakh) on the occasion of Kargil Vijay Diwas. (PTI)
کارگل وجے دیوس کے موقع پرہندوستانی جوان دراس (لداخ) میں جنگی فنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

’کارگل وجے دیوس‘ پر پورے ملک  نےہندوستانی فوج کے بہادر جوانوں کی شجاعت اور دلیری کو سلام پیش کیا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بھی بہادر جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا  ’’کارگل وجے دیوس کے موقع پر میں مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ ان کی بے مثال بہادری، غیر متزلزل عزم اور بے لوث حب الوطنی ہماری مسلح افواج کی شاندار روایات کی روشن مثال ہے۔ قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔ ہمارے ان عظیم جانبازوں کی شجاعت کی داستانیں آنے والی نسلوں کو وطن کی خدمت، فرض شناسی اور ایثار کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی مسلسل ترغیب دیتی رہیں گی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مودی سرکار کو اَب لاٹھی چارج پر جوابدہی کا سامنا

وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کارگل وجے دیوس کے موقع پر کارگل جنگ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری ہمیشہ قومی فخر کا سرچشمہ بنی رہے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا’’کارگل وجے دیوس کے موقع پر پورا ملک ہماری بہادر مسلح افواج کے اس غیر معمولی حوصلے اور ملک کی سلامتی کیلئے ان کے عزم کو سلام پیش کرتا ہے۔ انتہائی دشوار حالات میں ان کی جانب سے دکھائی گئی جرأت ہمیشہ قومی فخر کا سرچشمہ رہے گی۔ ان کی غیر متزلزل حب الوطنی اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کو مسلسل تحریک دیتی رہے گی ۔‘‘

مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’ کارگل وجے دیوس کے موقع پر مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان نچھاور کرنے والے تمام بہادر فوجیوں کو سلام۔۱۹۹۹ء میں کارگل کی دشوار گزار چوٹیوں پر غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے تمام جانبازوںکا ملک ہمیشہ شکر گزار اور مقروض رہے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی ناقابلِ تسخیر جرات، قربانی اور غیر متزلزل عزم آنے والی نسلوں کو حب الوطنی، فرض شناسی اور مادرِ وطن کے لیے سب کچھ قربان کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھئے: دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے بعد سوشل میڈیا پرمیمز کا طوفان، گڈکری اگلا نشانہ

واضح رہے کہ آج سے۲۷؍ برس قبل ہندوستانی فوج کے جانبازوں نےکارگل میں تقریباً ۳؍ ماہ تک جاری رہنے والی شدید لڑائی کے بعد انتہائی دشوار حالات میں اپنی جرات اور بہادری  سے کارگل کی چوٹیوں پر قابض پاکستانی فوجیوں اور دراندازوں کو پسپا کر دیا تھا۔ اسی کامیابی کی یاد میں ہر سال۲۶؍ جولائی کو کارگل وجے دیوس منایا جاتا ہے۔اس جنگ میں۵۲۷؍ ہندوستانی فوجی جاں بحق ہوئے تھے ۔کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کارگل وجے دیوس کے موقع پر ہمارے بہادر فوجیوں، ان کے اہل خانہ اور تمام اہل وطن کو مبارک باد۔ کارگل جنگ میں مادر وطن کے دفاع کے لیے عظیم ترین قربانی پیش کرنے والے ہمارے امر جانبازوں کو ہم عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی بے مثال جرأت، غیر معمولی بہادری اور وطن کیلئے غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ ہم سب کیلئے مشعل راہ اور باعث تحریک رہے گی ۔ جے ہند۔‘‘ ’کارگل وجے دیوس‘ کے موقع پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کارگل وجے دیوس کے موقع پر ہندوستان کی سرحدوں کے دفاع میں اپنی جان کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے تمام بہادر جوانوں کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قوم آپ کی جرأت، شجاعت اور عظیم قربانی کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔‘‘واضح رہےکارگل جنگ کوہندوستان بری فوج ’ آپریشن وجے‘(۱۹۹۹ء) کا نام دیاتھا جبکہ ایئر فورس  نے اپنی کارروائی ’ آپریشن سفید ساگر‘ کےنام سے انجام دی تھی۔

وارانسی میں شہیدوں کی یاد میںاعزازی تقریب 

اتر پردیش کے وارانسی میں ۲۷؍ ویں کارگل وجے دیوَس کے موقع پر ضلع فوجی بہبود و بازآبادکاری دفتر میں اتوار کو شہداء کی یاد میں خراجِ عقیدت اور اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے دوران کارگل جنگ کے سابق فوجیوں نے جنگ کے دوران اپنے تجربات حاضرین کے سامنے رکھے۔ مقررین نے ہندوستانی فوجیوں کی بے مثال جرأت، شجاعت، ایثار اور قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی نامساعد حالات میں بھی ہندوستانی فوج نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی سرحدوں کا دفاع کیا اور قوم کا وقار بلند کیا۔اس موقع پر موجود فوجیوں کو ملک کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہمیشہ تیار رہنے اور بہادر فوجیوں کے اعلیٰ کردار اور قربانیوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کا پیغام دیا گیا۔تقریب کے دوران گروپ کیپٹن اشوک پانڈے کی قیادت میں دفتر کے احاطے میں ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت شجرکاری بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: کوئی قانون گنگا ندی پر چکن بریانی کھانے سے نہیں روکتا: جسٹس اُجّل بھویان

وجر کور نے کارگل کےشہیدوں کویادکیا

ہندوستانی فوج کی وجر کور نے اتوار کو کارگل وجے دیوس کی۲۷؍ویں سالگرہ پورے فوجی اعزازات اور باوقار روایات کے ساتھ منائی۔ اس موقع پر ہندوستانی فوج کے ان شہداء کو دلی خراج عقیدت پیش کیا گیاجنہوں نے۱۹۹۹ء میں آپریشن وجے میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور لازوال قربانیاں دیں۔ پروگرام کی مرکزی تقریب وجرا شوریہ اسٹال پر منعقد کی گئی۔گل پوشی کی تقریب میں وجر کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، سابق فوجیوں، حاضر سروس فوجی افسران اور سپاہیوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں، جی او سی نے کارگل جنگ کے دوران ہندوستانی فوجیوں کی طرف سے دکھائے گئے ناقابل تسخیر حوصلے، عزم اور بہادری کو یاد کیا۔  انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج ہمیشہ اپنے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے تمام افسروں اور سپاہیوں پر زور دیا کہ وہ کارگل کے ہیروز کی شاندار وراثت سے تحریک لیں اواور قومی پرچم کی عزت ہمیشہ برقرار رکھیں۔

یہ بھی پڑھئے: پرہلاد جوشی: وزیرِ تعلیم بننے کے بعد پہلا ردِعمل

’’بہادروں کی قربانیاں نسلوں کو متاثر کرتی رہیں گی‘‘

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے اتوار کو کارگل وجے دیوس کے موقع پر ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اعلیٰ ترین قربانی دینے والے بہادر فوجیوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں کی بے مثال ہمت، بہادری اور قوم کے تئیں لگن آنے والی نسلوں کیلئے ہمیشہ تحریک کا باعث بنے گی۔ مان نے چندی گڑھ میں جنگی یادگار پرگل پوشی کرنے کے بعد کارگل جنگ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید فوجیوں اور سابق فوجیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، معذور سابق فوجیوں میں پانچ دو پہیہ گاڑیاں تقسیم کیں، اور مہاراجہ رنجیت سنگھ آرمڈ فورسیز پریپریٹری انسٹی ٹیوٹ اور مائی بھاگو آرمڈ فورسیز پریپریٹری انسٹی ٹیوٹ، موہالی کے این سی سی کیڈٹس کو مسلح افواج میں شامل ہو کر قوم کی خدمت کرنے کی ترغیب دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت شہید فوجیوں اور سابق فوجیوں کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK