Updated: April 30, 2026, 7:02 PM IST
| Mumbai
کلٹ کلاسک فلم ’’تمباڑ‘‘ کے سیکوئل ’’تمباڑ ۲‘‘ کی باضابطہ ریلیز تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سوہم شاہ ایک بار پھر مرکزی کردار میں واپس آ رہے ہیں جبکہ نواز الدین صدیقی پہلی بار اس کائنات کا حصہ بنیں گے۔ فلم ۳؍ دسمبر ۲۰۲۷ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
سوہم شاہ اور نوازالدین صدیقی۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کی منفرد اور کلٹ حیثیت رکھنے والی فلم ’’تمباڑ‘‘ کے مداحوں کے لیے اہم خبر ہے کہ ’’تمباڑ ۲‘‘ کی ریلیز تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فلم کے مرکزی اداکار سوہم شاہ اور نواز الدین صدیقی نے سوشل میڈیا پر پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’’گناہ بھرا ماضی، ایک منحوس مستقبل۔ بھوک بڑھ رہی ہے، لالچ کی میراث جاری ہے… اپنے کیلنڈرز کو نشان زد کریں، ’’تمباڑ ۲‘‘، ۳؍ دسمبر ۲۰۲۷ء۔‘‘ یہ اعلان سامنے آتے ہی مداحوں میں جوش و خروش بڑھ گیا، کیونکہ پہلی فلم نے وقت کے ساتھ ایک مضبوط فین بیس تیار کر لیا تھا۔
ہدایت کار آدیش پرساد کے تحت بننے والی اس فلم میںسوہم شاہ نہ صرف اداکاری کر رہے ہیں بلکہ بطور شریک پروڈیوسر بھی شامل ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ کے تخلیقی پہلو میں گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں۔ نواز الدین نے اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمباڑ ‘‘ ہمیشہ ایک ایسی فلم رہی ہے جس کی میں نے اس کی انفرادیت اور ماحول پر مبنی کہانی کے لیے تعریف کی ہے۔ جب مجھے سیکوئل کا وژن بتایا گیا تو میں فوراً اس کا حصہ بننے کے لیے تیار ہو گیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اس گہری دنیا کو ایک نئی ٹیم کے ساتھ دریافت کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ورون دھون کی ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ اپنی اصل تاریخ پر ریلیز ہوگی
اطلاعات کے مطابق، اس کردار کے لیے پہلے اکشے کھنہ سمیت دیگر اداکاروں پر بھی غور کیا گیا تھا، تاہم آخرکار نوازالدین صدیقی کو منتخب کیا گیا۔ فلم کو پین اسٹوڈیوز کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے، اور اس بار کہانی کو زیادہ وسیع کینوس پر پیش کرنے کی تیاری ہے۔ فلمسازوں کا کہنا ہے کہ سیکوئل میں نفسیاتی اور لوک کہانیوں کے عناصر کو مزید گہرائی سے دریافت کیا جائے گا، جو پہلی فلم کی پہچان تھے۔ یاد رہے کہ ’’تمباڑ‘‘ کی ہدایت کاری راحیل انیل بروے نے کی تھی، اور یہ فلم اپنی تاریک کہانی، بصری انداز اور ’’لالچ‘‘ جیسے موضوعات کی منفرد پیشکش کے لیے جانی جاتی ہے۔ اگرچہ ابتدائی طور پر فلم نے باکس آفس پر معمولی کارکردگی دکھائی، لیکن وقت کے ساتھ اسے ایک کلٹ کلاسک کا درجہ حاصل ہو گیا، خاص طور پر ۲۰۲۴ء کی ری ریلیز کے بعد اس کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔