بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ۵۱؍ برس کی ہو گئیں۔ٹوئنکل کھنہ ۲۹؍ دسمبر ۱۹۷۴ءکو پونے میں پیدا ہوئیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے کئی فلموں میںعمدہ اداکاری کی۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ۵۱؍ برس کی ہو گئیں۔ٹوئنکل کھنہ ۲۹؍ دسمبر ۱۹۷۴ءکو پونے میں پیدا ہوئیں۔ انہیں اداکاری کا ہنر وراثت میں ملا۔ ٹوئنکل کھنہ کی والدہ گجراتی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، جبکہ ان کے والد راجیش کھنہ امرتسرکے پنجابی خاندان سے تھے، جن کا تعلق ریلوے ٹھیکیداروں کے ایک خاندان سے رہا ہے۔ والدہ کی جانب سے وہ سِمپل کپاڑیا کی بھانجی بھی ہیں،جو ایک اداکارہ اور کاسٹیوم ڈیزائنر تھیں اور جن سے ٹوئنکل کھنہ کو گہری محبت تھی۔ ان کی بہن رِنکی کھنہ اور کزن کرن کپاڑیا نے بھی فلموں میں اداکاری کی ہے۔
تعلیم کے میدان میں، ٹوئنکل کھنہ نے پنچگنی کےنیو ایرا ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی، اس کے بعدممبئی یونیورسٹی سے منسلک نرسی مونجی کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس، ولے پارلے میں داخلہ لیا۔ بارہویں جماعت مکمل کرنے کے بعد وہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننا چاہتی تھیں اور اس کیلئےداخلہ امتحان بھی دیا، تاہم والدین کے اصرار پر انہوں نے فلم انڈسٹری کا رخ کر لیا۔بعد ازاں، انہوں نے لندن کے علاقے نیو کراس، لیوشم میں واقع گولڈ اسمتھس، یونیورسٹی آف لندن سے ماسٹر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی، جہاں سے انہوں نے ۲۰۲۴ءمیں گریجویشن مکمل کی۔
ان کے والد راجیش کھنہ اپنے وقت کے عظیم اداکار تھےجبکہ والدہ ڈِمپل کپاڑیا ایک مشہور فلم اداکارہ ہیں۔گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے ٹوئنکل اکثر اپنی ماں کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں۔اسی سبب ان کا رجحان بھی فلموں کی طرف ہوگیااور وہ اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کریئر کا آغاز ۱۹۹۵ء میں ریلیزہونے والی فلم ’برسات‘سے کیا۔نوجوانوں کی محبت پر مبنی اس فلم میں ان کے ہیرو بوبی دیول تھے،جو ان کے کریئر کی بھی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کو دھرمیندر نے پروڈیوس کیاتھا۔ فلم باکس آفس پرسپر ہٹ ثابت ہوئی اور ٹوئنکل کھنہ کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔
ٹوئنکل کھنہ ان چند اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوںنے تینوں خان یعنی سلمان خان کے ساتھ ’جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘، شاہ رخ خان کے ساتھ ’بادشاہ‘ اور عامر خان کے ساتھ ’میلہ‘ میں کام کیا۔ اس کےعلاوہ انہوں نے اکشے کمار، سیف علی خان اور اجے دیوگن جیسے بڑے ستاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ ۲۰۰۱ءمیں اکشے کمار سے شادی کے بعد ٹوئنکل کھنہ نے فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ دیا۔ اداکاری چھوڑنے کے بعد وہ فل ٹائم رائٹر بن گئیں۔ انہوں نے’مسز فنی بونز‘،’دی لیجنڈ آف لکشمی پرساد‘، ’پاجاماز آر فارگیونگ‘اور’ویلکم ٹوپیراڈائز‘جیسی کتابیں تحریر کیں۔ حال ہی میں’مسز فنی بونز‘کا سیکوئل بھی ریلیز ہوا ہے۔ ٹوئنکل کھنہ نے۲۰۲۲ء میںلندن کی گولڈ اسمتھس یونیورسٹی میں فکشن رائٹنگ میںماسٹرز کیلئے داخلہ لیا تھا، جہاںسےانہوںنےاپنی تعلیم مکمل کر لی ہے۔ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کے دو بچے ہیں، بیٹے کا نام آراو اور بیٹی کا نام نتارا ہے۔