ہندوستانی سرمایہ کار ا س وقت امریکہ پر مہربان ہیں۔ واشنگٹن میں ایک سینئر عہدیدار کےمطابق ہندوستان سے امریکہ میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی) تقریباً۱۶ء۴؍ ارب امریکی ڈالر ہوگئی ہے جس سے امریکی بازارمیں ملازمتوں کے تقریباً۷۰؍ ہزار ۸۰۰؍ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
امریکہ میں انویسٹ منٹ سمٹ ۶؍ مئی تک جاری رہے گی۔ ہندوستانی کمپنیاں مزید سرمایہ کاری کا اعلان کرسکتی ہیں- تصویر:آئی این این
ہندوستانی سرمایہ کار ا س وقت امریکہ پر مہربان ہیں۔ واشنگٹن میں ایک سینئر عہدیدار کےمطابق ہندوستان سے امریکہ میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی) تقریباً۱۶ء۴؍ ارب امریکی ڈالر ہوگئی ہے جس سے امریکی بازارمیں ملازمتوں کے تقریباً۷۰؍ ہزار ۸۰۰؍ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
امریکی ریاست میری لینڈ کے نیشنل ہاربر میں پیر کی شام ’’سلیکٹ یو ایس اے انویسٹ منٹ سمٹ‘‘ کے موقع پرکنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری ( سی آئی آئی) کے ’’انڈیاریسیپشن ‘‘ میں امریکی محکمہ تجارت کے ڈپٹی انڈر سیکریٹری (پالیسی اور بین الاقوامی تجارتی انتظامیہ) برینڈن ریمنگٹن نے بتایاکہ ’’ہم ہندوستان سے آنے والی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ دستیاب مجموعی اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ہندوستان کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا کل حجم تقریباً ۱۶ء۴؍ ارب امریکی ڈالر تھا، جس نے تقریباً۷۰؍ ہزار۸۰۰؍ ملازمتوں،۳۱۳؍ ملین ڈالر کی تحقیق و ترقی کی سرمایہ کاری اور۱ء۵؍ارب ڈالر مالیت کی برآمدات کو سہارا دیا۔‘‘ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکہ میں ہندوستانی کمپنیوں کی یہ سرمایہ کاری کس مدت میں ہوئی ہے۔
سی آئی آئی کی جانب سے۲۰۲۳ء میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں امریکہ میں ہندوستانی سرمایہ کاری کا حجم تقریباً۴۰؍ ارب ڈالر بتایا گیا تھا جس سے۴ء۲۵ء لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی تھیں۔ ۲۰۲۳ء میں سی آئی آئی کی جاری کردہ رپورٹ ’’انڈین روٹس، امریکن سوئل‘‘(ہندوستانی جڑیں، امریکی زمین) کے مطابق ہندوستانی کمپنیوں نے امریکہ میں تحقیق و ترقی کے منصوبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے منصوبوں میں۱۹۵؍ ملین ڈالر کا تعاون بھی دیا تھا۔گزشتہ ہفتے ہندوستان کی سن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز لمیٹڈ نے نیو جرسی میں قائم آرگینون اینڈ کمپنی کے ٹیک اووَر کیلئے۱۲؍ ارب ڈالر کے معاہدے کا اعلان کیا تھا۔’’سلیکٹ یو ایس اے انویسٹ منٹ سمٹ‘‘ میں تقریباً ایک درجن ہندوستانی کمپنیاں نئی سرمایہ کاری کے اعلانات کرنے والی ہیں۔ڈیلاویئر کے گورنر میٹ میئر، گوام کی گورنر لُوَن لیون گیریرو، میری لینڈ کی لیفٹیننٹ گورنر ارونا ملر ، متعدد امریکی حکام و کاروباری لیڈروں نے نیشنل ہاربر میں سی آئی آئی کے اس عشائیہ میں شرکت کی جسے ’’انڈیا ریسیپشن‘‘ کا نام دیاگیاتھا۔ اس تعلق سے ہندوستانی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن نامگیا کھمپا نے کہا کہ ’’امریکی معیشت میں ہندوستانی کمپنیوں کا کردار بڑھ رہا ہے ، وہ یہاں سرمایہ لا رہی ہیں، ملازمتوں کو سہارا دے رہی ہیں، سپلائی چین کو مضبوط بنا رہی ہیں اور مختلف ریاستوں کی مقامی برادریوں میں تعاون کر رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جدید مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل، توانائی اور دیگر کئی شعبوں میں ہندوستانی کمپنیاں امریکہ بھر میں لاکھوں ملازمتیں پیدا کررہی ہیں۔