Updated: April 19, 2026, 9:02 PM IST
| Mumbai
ورون دھون نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں وہ فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کے سیٹ پر نظر آ رہے ہیں۔ وہ اپنے گانے کی شوٹنگ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور وہاں سلمان خان بھی کھڑے ہو کر انہیں دیکھ رہے ہیں۔ ورون نے سلمان کو ملک کا سب سے بڑا کنوارا بتایا ہے۔
سلمان خان اور ورون دھون۔ تصویر:آئی این این
ورون دھون، پوجا ہیگڑے اور مرونال ٹھاکر کی فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘کا چرچا آہستہ آہستہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اب ورون نے فلم کے ایک گانے کے سیٹ سے بیک اسٹیج (بیہائنڈ دی سینز) ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے، جس سے ان کی بے تابی مزید بڑھ گئی ہے۔ ورون نے جو ویڈیو شیئر کیا ہے وہ گانے ’’ویاہ کروا دو جی‘‘ کی ہے۔ اس ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سلمان خان بھی نظر آ رہے ہیں۔ سلمان کے سامنے ورون درجنوں لوگوں کی ٹیم کے ساتھ گانے کی شوٹنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ورون دھون نے بتایا کہ وہ سلمان خان کے سامنے ہمیشہ نروس ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا’’ہندوستان کے سب سے بڑے کنوارے کے سامنے ڈانس کرتے ہوئے ہمیشہ نروس ہو جاتا ہوں۔‘‘ اس ویڈیو میں فلم کے ہدایتکار ڈیوڈ دھون اور منیش پال بھی نظر آ رہے ہیں۔ جب ورون اپنا شاٹ دے کر سلمان خان کے پاس آتے ہیں تو بھائی جان ان سے پوچھتے ہیں’’یہ ریہرسل تھا یا ٹیک (اصل شوٹ)؟‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’بھوت بَنگلہ‘‘ کے بعد تبو نے نیا مکان لے لیا،۱۰؍ کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ خریدا
گانا ریلیز ہو چکا ہے
’’ویاہ کروا دو جی‘‘ دو دن پہلے ہی ریلیز کیا گیا ہے۔ ورون دھون نے گانے کا ٹیزر انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا اور ریلیز کی معلومات دی تھی۔ اس گانے کو میکا سنگھ اور آسیس کور نے گایا ہے۔ گانے میں ورون دھون اور مرونال ٹھاکر زبردست ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ایٹلیٹیکو میڈرڈ کا خواب ٹوٹ گیا، ریال سوسائڈاڈ نے فائنل میں ہراکرٹرافی چھین لی
کب ریلیز ہوگی’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘
فلمسازوں نے تقریباً پانچ دن پہلے فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کا فرسٹ لک ٹیزر ویڈیو شیئر کیا تھا۔ ویڈیو میں دواے آئی بچے آپس میں بات کرتے نظر آئے تھے اور دونوں کے والد ایک ہی تھے، یعنی ورون دھون۔ اس ٹیزر کو کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر ٹرول بھی کیا، تاہم اسے کروڑوں لوگوں نے دیکھا اور پسند بھی کیا۔اس فلم میں ورون، مرونال اور پوجا کے علاوہ مونی رائے، روہت سراف، جمی شیرگل، چنکی پانڈے اور منیش پال بھی نظر آئیں گے۔ فلم ۲۲؍ مئی کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔