Updated: May 14, 2026, 7:02 PM IST
| Mumbai
ورون دھون نے باضابطہ طور پر ’’نو انٹری ۲‘‘ سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اداکار کی فلم میں شمولیت سے متعلق افواہیں ’’بے بنیاد‘‘ قرار دی گئی ہیں۔ فلم کے پروڈکشن سے جڑے ذرائع نے انکشاف کیا کہ ورون اس وقت اپنی نئی فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور سیکوئل کا حصہ نہیں ہیں۔
ورون دھون۔ تسویر: آئی این این
ورون دھون نے مبینہ طور پر ’نو انٹری ۲‘‘ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، جس کے بعد بونی کپور کی اس طویل عرصے سے زیرِ بحث کامیڈی فرنچائز کا مستقبل ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے۔ نیوز ۱۸؍ شوشا کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق، فلم کے پروڈکشن سے وابستہ ذرائع نے واضح کیا کہ ورون دھون کی فلم میں موجودگی سے متعلق تمام خبریں ’’غلط‘‘ اور ’’بے بنیاد‘‘ ہیں۔ذرائع کے مطابق ’’ورون دھون کے ’’نو انٹری ۲‘‘ کا حصہ ہونے کے بارے میں قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان کی شمولیت سے متعلق افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں۔ اس وقت وہ اپنی آنے والی فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔‘‘ رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ ورون کے پروجیکٹ سے الگ ہونے کے بعد ’’نو انٹری ۲‘‘ کو فی الحال روک دیا گیا ہے، اور اس کی پروڈکشن کی ٹائم لائن غیر واضح ہو چکی ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں شاہد کپور کے فلم میں شامل ہونے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہد نے فلم کا ’’بنیادی آئیڈیا‘‘ سن لیا ہے اور جلد مکمل اسکرپٹ سننے والے ہیں۔ تاہم اب تک نہ تو شاہد اور نہ ہی میکرز کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دلجیت دوسانجھ بھی اس سے قبل اس سیکوئل سے باہر ہو چکے ہیں۔ ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دلجیت نے ’’تخلیقی اختلافات‘‘ کی وجہ سے فلم چھوڑ دی، تاہم بونی کپور نے بعد میں اس تاثر کو مسترد کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے : مونی رائے طلاق کی خبروں کے درمیان پہلی بار نظر آئیں
بونی کپور نے کہا تھا کہ ’’جی ہاں، تاریخوں کے مسائل ضرور ہیں، لیکن کوئی تخلیقی اختلاف نہیں ہے۔ ہم اب بھی تاریخوں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ اگرچہ ورون اور دلجیت اب اس منصوبے سے الگ ہو چکے ہیں، رپورٹس کے مطابق ارجن کپور اب بھی فلم کا حصہ ہیں۔یاد رہے کہ اصل ’’نو انٹری‘‘ بالی ووڈ کی کامیاب کامیڈی فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان کی قیادت میں بننے والی اس فلم میں ایشا دیول، لارا دتہ، بپاشا باسو اور سیلینا جیٹلی بھی شامل تھیں۔ فلم نے ریلیز کے بعد کلٹ اسٹیٹس حاصل کیا اور برسوں بعد بھی اسے ہندی کامیڈی کی مقبول ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے : دلجیت دوسانجھ کی ’’میں واپس آؤں گا‘‘ کے ٹریلر کی ریلیز کی تاریخ سامنےآگئی
گزشتہ برس بونی نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ وہ اصل کاسٹ کو دوبارہ اکٹھا نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے کافی انتظار کیا، لیکن ہر ایک کی اپنی وجوہات تھیں اور میں ان وجوہات کا احترام کرتا ہوں۔ اسی لیے ہمیں فلم کو ایک نئے انداز میں پیک کرنا پڑا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ’’نو انٹری ۲‘‘ کا کانسپٹ اصل فلم سے بھی زیادہ تفریحی اور بڑا ہے۔ تاہم، اب مسلسل بدلتی کاسٹنگ اور بڑے اداکاروں کے پروجیکٹ چھوڑنے کے بعد یہ سوال دوبارہ اٹھنے لگا ہے کہ آیا فلم واقعی جلد فلور پر جا پائے گی یا نہیں۔