کلیان ڈومبیولی،بدلاپور، امبرناتھ کی شہ رگ سمجھی جانے والی الہاس ندی کو بڑھتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے بالآخر کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) نے ایک ٹھوس اور فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 11:41 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
کلیان ڈومبیولی،بدلاپور، امبرناتھ کی شہ رگ سمجھی جانے والی الہاس ندی کو بڑھتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے بالآخر کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) نے ایک ٹھوس اور فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔
کلیان ڈومبیولی،بدلاپور، امبرناتھ کی شہ رگ سمجھی جانے والی الہاس ندی کو بڑھتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے بالآخر کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) نے ایک ٹھوس اور فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔ ندی میں براہِ راست شامل ہونے والے نالوں کے گندے پانی کو صاف کرنے کیلئے ساڑھے ۶؍ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شہری انتظامیہ کی جانب سے اس منصوبے کا باقاعدہ خاکہ پیش کیا جا چکا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس پر عملی کام بہت جلد شروع ہو جائے گا۔
لوناولہ کے پہاڑی سلسلے سے نکلنے والی الہاس ندی جو بدلاپور کے قریب باروی اور مرباڈی ندیوں سے مل کر آگے بڑھتی ہے ،کلیان، ڈومبیولی اور اطراف کے علاقوں میں آباد لاکھوں شہریوں کیلئے قدرتی اور ماحولیاتی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔تاہم گزشتہ کئی برسوں سے شہری علاقوں کے مختلف نالوں کا گندہ پانی بغیر کسی صفائی یا ٹریٹمنٹ کے براہ راست اس ندی میں چھوڑا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں ندی کی آلودگی ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ بن گئی ہے۔اب مقامی نمائندوں اور سماجی کارکنوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد اس مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے اور میونسپل انتظامیہ نے گندے پانی کو صاف کرکے ندی میں چھوڑنے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔جلد ہی اس پروجیکٹ کا تعمیراتی کام شروع کئے جانے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل املاک پر ناجائز قبضوں کے خلاف پورے شہرمیں مہم
واضح رہے کہ سماجی کارکن نتن نکم نے الہاس ندی کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے ماضی میں کئی مرتبہ منفرد انداز میں احتجاج کیا تھا۔وہ خود ندی کے آلودہ پانی میں اتر کر حکام کی توجہ اس سنگین مسئلہ کی جانب مبذول کراتے رہے ہیں۔ ان کا ہمیشہ سے یہ واضح موقف رہا ہے کہ محض نمائشی صفائی مہم یا ندی سے کوڑاکرکٹ نکالنے کی کارروائی سے آلودگی کا مستقل خاتمہ ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے ضروری ہے کہ نالوں کے گندے پانی کو ندی میں چھوڑنے سے پہلے سائنسی طریقے سے صاف کیا جائے۔ان کی مسلسل جدوجہد اور مقامی سطح پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں بالآخر انتظامیہ اس سمت میں عملی قدم اٹھانے پر آمادہ ہوا ۔
شہری انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد مختلف نالوں سے آنے والے آلودہ پانی کو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کرنا اور اس کے بعد ہی ندی میں چھوڑنا ہے۔اس نظام کے فعال ہونے سے ندی میں براہ راست شامل ہونے والے گندے اور مضر پانی کی مقدار میں نمایاں کمی آنے کی امید ہے جس سے نہ صرف ندی کے ماحولیاتی نظام کو تحفظ ملے گا بلکہ اطراف کے علاقوں میں آلودگی کے اثرات بھی کم ہوں گے۔