میونسپل کمشنر انمول ساگر نے تمام سرکاری املاک کا جامع سروے کرنے کی ہدایت دی۔ دیوداس گلوی ہال پر قابض شخص کے خلاف فوجداری کارروائی کاحکم دیا۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 11:37 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے تمام سرکاری املاک کا جامع سروے کرنے کی ہدایت دی۔ دیوداس گلوی ہال پر قابض شخص کے خلاف فوجداری کارروائی کاحکم دیا۔
میونسپل کارپوریشن کی قیمتی املاک پر کہاں کہاں غیر قانونی قبضے ہیں؟ کتنی عمارتیں اور ہال نجی افراد کے زیر استعمال ہیں؟ اور عوامی استعمال کیلئے مختص املاک پر کس کا تسلط قائم ہے؟ ان سوالات کے جواب تلاش کرنے کیلئے میونسپل کمشنر انمول ساگر نے شہر بھر میں تمام میونسپل املاک کا جامع سروے کرنے اور غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کرکے انہیں ختم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس فیصلے سے ان افراد میں کھلبلی مچ گئی ہے جنہوں نے میونسپل املاک کو اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے۔
اس کارروائی کا پس منظر سہیوگ نگر کے دیوداس گلوی میونسپل ہال پر ایک نجی شخص کا مبینہ طورپرطویل عرصے سے جاری قبضہ ہے۔ میونسپل کمشنر کے وارڈ نمبر۱۴؍ کے دورے میں ہال کی چابیاں۳۵؍ سالہ انل کمار گپتا کے قبضے سے برآمد ہوئیں۔
یہ بھی پڑھئے: معروف شاعر اور صحافی ندیم صدیقی کو پیش کیا جائے گا اعجاز صدیقی ایوارڈ
بتایا جاتا ہے کہ وہ بغیر قانونی اجازت کے ہال استعمال کر رہا تھا۔ معاملے کا انکشاف ہونے پر میونسپل کمشنر نے اس کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد اسے شانتی نگر پولیس چوکی لے جایا گیا۔
دیوداس گلوی ہال کا معاملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی املاک کی نگرانی کا نظام کس قدر کمزور ہے۔ ایک عوامی ہال طویل عرصے تک کسی نجی شخص کے استعمال میں کیسے رہا اور متعلقہ محکمہ اس دوران کیا کرتا رہا؟ یہ ایسے سوالات ہیں جن کا جواب انتظامیہ کو دینا ہوگا۔ اب شہر بھر میں اس سروے کے ذریعے یہ بھی واضح ہونا چاہئے کہ کارپوریشن کی کتنی املاک پر ناجائز قبضے ہیں، کتنی عمارتیں غیرقانونی طور پر استعمال کی جارہی ہیں اور ان کے تحفظ کے ذمہ دار افسران نے اب تک کیا اقدامات کئے ہیں۔ محض سروے اور قبضہ ہٹانے کے احکامات کافی نہیں ہوں گے بلکہ غفلت کے ذمہ دار افسران کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔ آخر یہ املاک کسی افسر یا نجی شخص کی نہیں بلکہ شہریوں کی مشترکہ ملکیت ہیں۔