تیلگو فلموں کے مقبول اداکار وجے دیوراکونڈا ایک سڑک حادثے میں بال بال بچ گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ آندھرا پردیش کے پوٹاپرتھی سے حیدرآباد واپس جا رہے تھے۔ اداکار نے اپنے مداحوں کو ایکس پر یقین دلایا کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
EPAPER
Updated: October 07, 2025, 6:01 PM IST | Hyderabad
تیلگو فلموں کے مقبول اداکار وجے دیوراکونڈا ایک سڑک حادثے میں بال بال بچ گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ آندھرا پردیش کے پوٹاپرتھی سے حیدرآباد واپس جا رہے تھے۔ اداکار نے اپنے مداحوں کو ایکس پر یقین دلایا کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اداکار وجے دیوراکونڈا تلنگانہ کے جوگلمبا گدوال ضلع میں ایک سڑک حادثے میں بال بال بچ گئے۔ پیر کو اداکار نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ محفوظ اور زخمی نہیں ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وجے آندھرا پردیش کے پوٹاپرتھی سے حیدرآباد واپس آ رہے تھے۔ پوٹاپرتھی معروف روحانی پیشوا سری ستھیا سائی بابا کا آبائی شہر ہے۔ پولیس کے مطابق، دیوراکونڈا کی کار ایک دوسری فور وہیلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ وجے دیوراکونڈا نے حادثے کے فوراً بعد ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستانی باکس آفس نے امسال جنوری تاستمبر میں ۱۶؍ فیصد اضافہ درج کیا
انہوں نے لکھا کہ ’’سب ٹھیک ہے۔ کار نے ٹکر ماری، لیکن ہم سب محفوظ ہیں۔ اس کے بعد ایک مضبوط ورزش بھی کی اور ابھی گھر واپس آیا ہوں۔ میرے سر میں تھوڑا درد ہے، مگر بریانی اور نیند سب کچھ ٹھیک کر دے گی۔ خبروں کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں۔ سب کو میری محبت!‘‘ اداکار کے اس مثبت پوسٹ پر مداحوں نے بڑی تعداد میں تبصرے کرتے ہوئے نیک تمنائیں پیش کیں اور ان کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھئے؛بابی دیول نے بالی ووڈ میں۳۰؍ سال مکمل کر لیے
رشمیکا مندانا سے منگنی کی تصدیق
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق، وجے دیوراکونڈا نے حال ہی میں اداکارہ رشمیکا مندانا سے منگنی کی ہے۔ اگرچہ تقریب کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، لیکن وجے کی ٹیم نے ۴؍ اکتوبر کو ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے منگنی کی تصدیق کی۔ ٹیم کے مطابق، یہ جوڑا فروری ۲۰۲۶ء میں شادی کے بندھن میں بندھے گا۔ یاد رہے کہ اداکار کو آخری بار گوتم تیننوری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’کنگڈم‘‘ میں ستیہ دیو اور بھاگیہ شری بورس کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔