Inquilab Logo Happiest Places to Work

مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کیلئے فلاحی اداروں سے معاہدہ کیا جائے گا: وزیر اعلیٰ

Updated: August 24, 2026, 12:07 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

 ممبئی سمیت ریاست کے بڑے اسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کوبہتر سہولت مہیا کرانے کیلئے ریاستی حکومت نے اہم فیصلہ کیاہے۔

Devendra Farnavis. Picture: INN
دیویندر فرنویس۔ تصویر: آئی این این

 ممبئی سمیت ریاست کے بڑے اسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کوبہتر سہولت مہیا کرانے کیلئے ریاستی حکومت نے اہم فیصلہ کیاہے۔ اس سلسلےمیں وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے فلاحی و خیراتی اداروں (چیئریٹبل آرگنائزیشن) اور ’چیف منسٹر میڈیکل اسسٹنس سیل(سی ایم ایم اے ایف)کے درمیان تعاون کا معا ہدہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:باندرہ: نیویل ڈیسوزا گرائونڈ کو بچانے کیلئے ’ریڈ کارڈ پروٹیسٹ‘

اس ضمن میں وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ بڑے اسپتالوں میں روزانہ ہزاروں مریض اور ان کے رشتہ دار علاج کیلئے آتے ہیں۔ اکثر علاج کے بھاری اخراجات، قیام و طعام اور صحیح رہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے مریض اور ان کے رشتہ دراروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے تمام فلاحی ذرائع کو ایک ہی چھت تلے لا کر ایک شفاف اور آسان نظام قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت چیئریٹبل اسپتالوں اور سماجی تنظیموں کے ذریعے ملنے والی امداد براہِ راست اور بر وقت مریضوں کے رشتہ داروں تک پہنچائی جا سکے گی۔ چیریٹی کمشنر کے تحت آنے والے اسپتالوں میں غریب مریضوں کا مفت اور رعایتی علاج کرانے کا نظم ہے۔ اس عمل میں مزید بہتری اور شفافیت لانے کیلئے اسے’ چیف منسٹر میڈیکل اسسٹنس سیل‘ کے نظام سے جوڑا جائے گا۔ 

 رکاوٹوں کو دور کرناہے 

اسپتال کے احاطے میں مریض کے رشتہ داروں کیلئے عارضی قیام گاہ، رعایتی یا مفت کھانا اور طبی رہنمائی کی سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ اس پہل کا بنیادی مقصد عام شہریوں کو طبی سہولیات کے حصول میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا اور انتظامی مراحل کو آسان بنانا ہے جس سے ریاست کے ہزاروں غریب اور ضرورت مند خاندانوں کو بڑی راحت ملے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: پروفیٹ فار آل مہم کے تحت میڈیکل کیمپ سے بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین نے استفادہ کیا

مثالی نظم قائم ہونے کی امید

یہ معاہدہ خیراتی اداروں کے تعاون اور سرکاری نظام کی کارکردگی کو یکجا کر کے ریاست میں ایک مثالی ہیلتھ کیئر اسسٹنس ماڈل قائم کرے گا۔ ایسے تمام چیئریٹبل ٹرسٹ کے ساتھ ’’سہ فریقی مفاہمت کی یادداشت‘‘ پر دستخط کئے جائیں گے تاکہ مریضوں کو اس کا بلاواسطہ فائدہ مل سکے۔ 

وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے تمام فلاحی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ سی ایم آر ایف کی ویب سائٹ 

cmrf.maharashtra.gov.in پر دستیاب تفصیلات کے ذریعے اس پہل میں شامل ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK