Inquilab Logo Happiest Places to Work

لاوا، وراٹ وی ون۵؍جی: ہندوستانی کمپنی کا قدرے کم قیمت فون

Updated: August 24, 2026, 12:38 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

۱۵؍ہزار سے بھی کم قیمت میں دستیاب اس فون میں۴؍جی بی ریم اور ۶۴؍جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے،اسکرین بڑا۷۵ء۶؍انچ کا موجود ہے۔

Lava, the V15 in the first picture. Picture: INN
پہلی تصویر میں لاوا،وراٹ وی ون۵؍۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان میں کئی مقامی اسمارٹ فون کمپنیاں وقت کے ساتھ منظر سے غائب ہوچکی ہیں۔ مائیکرو میکس، کاربن، اسپائس اور آئی بال جیسے برانڈز ایک وقت میں ہندوستانی موبائل مارکیٹ کے نمایاں نام ہوا کرتے تھے۔ کچھ برانڈز تو اپنی پہلی پروڈکٹ مارکیٹ میں اتارنے سے پہلے ہی ختم ہوگئے، جن میں فریڈم ۲۵۱؍بنانے والی کمپنی رنگنگ بیلزبھی شامل ہے۔ لیکن کچھ برانڈ ایسے بھی ہیں جوہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرکے آج بھی قائم و دائم ہیں۔ایسا ہی ایک ہندوستانی برانڈ لاوا ہے، جو نہ صرف اس سخت مقابلے میں اب تک قائم ہے بلکہ اس نے ملک میں اپنی مصنوعات کے دائرے کو مسلسل وسیع بھی کیا ہے۔ یہاں تک کہ کمپنی نے برطانیہ جیسے بیرونِ ملک بازار میں بھی اپنی موجودگی قائم کی ہے۔لاوا نے حال ہی میں نئی سیریز ’ویراٹ‘ لانچ کی ہے۔ اس سیریز میں دو فون شامل ہیں، لاوا ویراٹ وی ون اور وی ون ۵؍جی۔ 

یہ بھی پڑھئے: سیمسنگ گلیکسی زیڈ فولڈ۸ : ایک نئے انداز کا فولڈیبل فون

ڈیزائن: لاوا وراٹ وی ون ،۵؍جی کا ڈیزائن کوئی بہت منفرد نہیںہے۔ اگر کسی شخص نے لاوا کے زیادہ اسمارٹ فونز نہ دیکھے ہوں تو اسےیہ فون نیا اور تازہ ڈیزائن والا محسوس ہوسکتا ہے، لیکن جو لوگ لاوا کے دیگر فونز سے واقف ہیں، وہ فوراً پہچان لیں گے کہ اس فون کا ڈیزائن لاوا شارک۲؍،۵؍ جی سے کافی حد تک متاثر ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوںکی خصوصیات بھی ایک جیسی ہیں۔ تاہم، اپنی الگ شناخت بنانے کے لیے لاوا نے وراٹ وی ون،۵؍کے پچھلے حصے پر مختلف پیٹرن اور ٹیکسچر استعمال کیا ہے۔
ڈسپلے:فون میں۶ء۷۵؍انچ کا ایل سی ڈی پینل دیا گیا ہے۔ اگرچہ اس میں رنگوں کی وسیع رینج یا بہت زیادہ پکسل ڈینسٹی نہیں ملتی، لیکن قیمت کو دیکھتے ہوئے یہ ڈسپلے مایوس نہیں کرتا۔ایچ ڈی پلس ریزولیوشن میں افقی طورپر ۷۲۰؍پکسلز اور عمودی طور پر ۱۶۰۰؍پکسلز دیے گئے ہیں۔
سافٹ ویئر:لاوا کے اسمارٹ فونز کی ایک بڑی خاصیت ان کاتقریباً خالص اینڈرائیڈ تجربہ اور کمپنی کے مطابق ’’زیرو بلوٹ ویئر‘‘ ہے۔ تاہم، حقیقت یہ ہے کہ فون مکمل طور پر بلوٹ ویئر سے پاک نہیں ہے، جیسا کہ کمپنی دعویٰ کرتی ہے۔ اس کے باوجود یہ فون مجموعی طور پر تقریباً بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے کام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ریئل می پی ۴؍آر: اوسط قیمت میں دستیاب بڑی بیٹری کافون

کارکردگی:اس فون کی اصل بجٹ نوعیت اس وقت سامنے آتی ہےجب آپ فون کو اس کی حد تک استعمال کرنا شروع کرتے ہیں۔ اس میں دیا گیا یونی سوک ٹی ۸۲۰۰؍چپ سیٹ عام اور روزمرہ استعمال کے لیےمناسب ہے، لیکن زیادہ کام ایک ساتھ کرنےکی کوشش کی جائے تو اس کی کمزور کارکردگی فوراً محسوس ہونے لگتی ہے۔ حیرت انگیز طور پر ایک سے زیادہ مرتبہ یوٹیوب استعمال کرتے ہوئے بھی فون میں وقفے اور سست روی محسوس ہوئی۔اسی طرح پاپ اَپ ونڈو پر سوئچ کرتے وقت بھی فون کو منتقلی مکمل کرنے میں تقریباً ۱۰؍ سیکنڈ لگ جاتے ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ صرف ۴؍ جی بی ریم اور یونی سوک چپ سیٹ کی محدود صلاحیت ہے۔
کیمرا:فون کے پچھلے حصے میں ۱۳؍میگا پکسل کا مین کیمرا دیا گیاہے، لیکن یہ اتنی تفصیلات محفوظ نہیں کرپاتا جتنی ایک صارف توقع کرسکتا ہے۔ تصاویر میں پروسیسنگ بھی کچھ زیادہ محسوس ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں جلد اور غیر ہموار سطحوںکی تفصیلات ضرورت سے زیادہ ہموار دکھائی دیتی ہیں۔ البتہ پورٹریٹ موڈ میں کیمرا نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
بیٹری: اس کاسب سے مایوس کن پہلو اس کی بیٹری کارکردگی ہے۔ فون میں ۶؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری موجود ہونے کے باوجود زیادہ سے زیادہ ایک دن کا استعمال ہی حاصل ہوتا ہے، جس کی وجہ ممکنہ طور پر سافٹ ویئر کی ناقص آپٹیمائزیشن ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK