• Sun, 20 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وجے سیتھوپتی نے ’مہاراجہ ۲‘ کی تصدیق کی، ہالی ووڈ ریمیک میں مفت کام کی پیشکش

Updated: September 20, 2026, 6:01 PM IST | Mumbai

نیتھیلن سامیناتھن نے سیکوئل کی کہانی اداکار کو سنا ئی، ہالی ووڈ ریمیک کے حقوق فروخت، ممکنہ مرکزی اداکار کے طور پر میتھیو میک کونہی کی قیاس آرائیاں برقرار۔

Vijay Sethupathi in `Maharaja`. Photo: INN
وجے سیتھوپتی ’مہاراجہ ‘ میں۔ تصویر: آئی این این

تمل اداکار وجے سیتھوپتی نے اپنی کامیاب فلم ’مہاراجہ‘ کے سیکوئل ’مہاراجہ ۲‘ کی تیاری کی تصدیق کردی ہے۔ اداکار کے مطابق ہدایت کار نیتھیلن سامیناتھن انہیں سیکوئل کی کہانی بھی سنا چکے ہیں اور وہ اس سے خاصے متاثر ہوئے ہیں۔ اسی گفتگو میں وجے سیتھوپتی نے ہالی ووڈ میں بننے والے فلم کے ریمیک میں کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی اور کہا کہ اگر انہیں کردار دیا گیا تو وہ مفت میں بھی کام کرنے کو تیار ہیں۔ وجے سیتھوپتی نے یہ بات اپنی آئندہ فلم ’بتھا‘ کی آڈیو لانچ تقریب میں کہی۔ انہوں نے نیتھیلن سامیناتھن کی تحریری صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’نیتھیلن بہترین ہدایت کار ہیں۔ ان کی کہانی لکھنے کی صلاحیت غیر معمولی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں مجھے ’مہاراجہ ۲‘ کی کہانی سنائی۔ یہ بہت خوبصورت تھی اور ان کے ساتھ کام کرنا شاندار تجربہ رہا ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’گول مال ۵‘ کی ریلیز تاریخ کا اعلان، ۸؍ جنوری ۲۷ء کو لوٹے گا اجے دیوگن کا گینگ

اس بیان سے واضح ہوگیا ہے کہ ’مہاراجہ ۲‘ محض ابتدائی خیال یا قیاس آرائی تک محدود نہیں، بلکہ ہدایت کار نے سیکوئل کی مکمل کہانی مرکزی اداکار کے سامنے رکھ دی ہے۔ تاہم فلم کی شوٹنگ، باقی کاسٹ اور ریلیز کی تاریخ کے بارے میں ابھی کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ وجے سیتھوپتی نے اصل فلم کی غیر معمولی کامیابی پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق انہیں فلم پر اعتماد ضرور تھا، لیکن انہوں نے یہ توقع نہیں کی تھی کہ یہ کہانی اتنی دور تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ’مہاراجہ‘ اتنی آگے جائے گی۔ فلم اچھی تھی، لیکن کچھ لوگوں کو اس پر اعتماد نہیں تھا۔ مجھے اس پر یقین تھا، مگر میں نے بھی یہ توقع نہیں کی تھی۔ ‘‘
۲۰۲۴ء میں ریلیز ہونے والی ’مہاراجہ‘ ایک جرم پر مبنی سنسنی خیز فلم تھی، جس میں وجے سیتھوپتی نے ایک حجام کا کردار ادا کیا تھا۔ بظاہر وہ پولیس کے پاس اپنے گمشدہ کوڑے دان کی شکایت لے کر پہنچتا ہے، لیکن کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ معاملہ کہیں زیادہ سنگین رخ اختیار کرتا ہے۔ فلم میں انوراگ کشیپ، ممتا موہن داس، نتّی سبرامنیم اور سچنا نامیداس بھی شامل تھے۔ تقریباً ۲۰؍ کروڑ کے بجٹ میں بنی ’مہاراجہ‘ نے دنیا بھر میں تقریباً ۲۰ء۱۹۹؍ کروڑ کا کاروبار کیا۔ فلم کو چین میں بھی زبردست پذیرائی ملی اور وہاں اس کی کمائی تقریباً ۶۵ء۹۱؍ کروڑ بتائی گئی ہے۔ چین میں کامیابی اور او ٹی ٹی پر بین الاقوامی رسائی کے بعد ایک ہالی ووڈ ایجنسی نے فلم کے ریمیک حقوق حاصل کرنے کے لیے پروڈیوسرز سے رابطہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’میں ایسے کردار نبھانا چاہتی ہوں جن میں کچھ نیا کرنے کا موقع ملے ‘‘

فلم کے پروڈیوسر سدھن سندرم پہلے ہی تصدیق کرچکے ہیں کہ ہالی ووڈ ریمیک کے حقوق فروخت ہوچکے ہیں اور اسے ایک بڑے امریکی اداکار کے ساتھ تیار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ منصوبہ ہے کہ فلم کی تیاری ۲۰۲۷ء میں شروع ہوسکتی ہے۔ تاہم مرکزی اداکار کا نام ابھی باضابطہ طور پر طے نہیں کیا گیا۔ ہالی ووڈ ریمیک کے لیے میتھیو میک کونہی کا نام گزشتہ چند دنوں سے گردش میں ہے۔ پروڈیوسر سدھن سندرم نے اس امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا، لیکن واضح کیا کہ حتمی تصدیق متعلقہ ہالی ووڈ ایجنسی ہی کرے گی۔ اس لیے فی الحال میک کونہی کو فلم کا حتمی ہیرو قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ 
وجے سیتھوپتی نے ہالی ووڈ ریمیک کے بارے میں اپنے جوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’انہوں نے مجھے فون کرکے بتایا کہ فلم کے ہالی ووڈ حقوق فروخت ہوگئے ہیں۔ میں نے فوراً کہا کہ مجھے اس ریمیک میں کوئی کردار دے دیں، میں ایک فلم مفت میں کرلوں گا۔ میں ہالی ووڈ جانا چاہتا ہوں !‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ طویل عرصے سے ہالی ووڈ میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں اور اس بات پر خاص طور پر خوش ہیں کہ ان کی اپنی فلم عالمی سطح پر نئے ناظرین تک پہنچ رہی ہے۔ ’مہاراجہ‘ کی یہ عالمی پیش رفت اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ تمل سنیما کی ان فلموں میں شامل ہوگئی ہے جنہیں مقامی زبان سے باہر بڑے بین الاقوامی ریمیک کے لیے منتخب کیا گیا۔ دوسری طرف سیکوئل ’مہاراجہ ۲‘ کے لیے نیتھیلن سامیناتھن کی کہانی پہلے ہی وجے سیتھوپتی تک پہنچ چکی ہے، تاہم فلم کی اگلی تفصیلات کا اعلان ابھی باقی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK