Updated: February 27, 2026, 8:13 PM IST
| Chennai
جنوبی ہند کے اداکار وجے : اپنی آنے والی فلم ’’جن نایگن‘‘ کی ریلیز سے پہلے جنوبی ہند کے سپر اسٹار تھلاپتی وجے کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ ان کی اہلیہ سنگیتا ۲۷؍ سالہ ازدواجی رشتہ ختم کرنا چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے طلاق کی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔
جنوبی اداکار وجے اور ان کی بیوی۔تصویر:آئی این این
ساؤتھ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار تھلاپتی وجے کو ان کی فلم ’’جن نایگن‘‘ کی ریلیز کے دوران بڑا جھٹکا لگا ہے۔ وہ پہلے ہی اپنی آخری فلم کی ریلیز کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کر رہے تھے، لیکن اب ان کی ذاتی زندگی میں بھی ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ان کی اہلیہ سنگیتا نے اداکار پر کسی دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات کا الزام لگایا ہے اور طلاق کے لیے عدالت میں عرضی دائر کی ہے۔ اس سے پہلے وجے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے پریشان تھے، اور اب ان کی نجی زندگی بھی خبروں کی زد میں آ گئی ہے۔
مشہور اداکار اورٹی وی کے کے سربراہ وجے کی اہلیہ سنگیتا نے شادی کے ۲۷؍ سال بعد بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چنگلپٹو فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست جمع کرائی ہے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اداکار کا کسی خاتون کے ساتھ مبینہ معاشقہ چل رہا ہے۔ اچانک طلاق کی خبر سے وجے کے مداحوں میں ہلچل مچ گئی ہے، تاہم تاحال ساؤتھ سپر اسٹار کی جانب سے اس بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کیا ختم ہو جائے گا وجے اور سنگیتا کا ۲۷؍ سالہ رشتہ؟
اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو وجے اور سنگیتا نے ۲۵؍ اگست ۱۹۹۹ء کو شادی کی تھی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے ہیں۔ ان کے بیٹے کا نام سنجے ہے جو وجے کے ساتھ فلم ’’ویٹٹیکارن‘‘ میں نظر آ چکے ہیں جبکہ ان کی بیٹی دویا بھی فلم ’’تھیری‘‘ میںکام کرچکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اداکار کی مجموعی جائیداد تقریباً ۶۰۰؍ کروڑ روپے کے قریب بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:جموں اور کشمیر کا پہلی بار رنجی چیمپئن بننا طے
اب وجے کی ذاتی زندگی ایک نئے موڑ پر آ کھڑی ہوئی ہے اور ان کی اہلیہ ۲۷؍ سالہ ازدواجی زندگی ختم کرنا چاہتی ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے میں ناگا چیتنیا اور دھنوش جیسے ساؤتھ کے دیگر ستاروں کی شادیاں بھی طویل عرصے بعدختم ہو چکی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس معاملے میں آگے کیا پیش رفت ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اہان پانڈے میں ہے اولڈاسکول رومانوی ہیرو جیسی دیانتداری ہے: علی عباس ظفر
ورک فرنٹ پر تھلاپتی وجے
تھلاپتی وجے کے کیریئر کی بات کریں تو ان کی گزشتہ فلم ’’دی گریٹسٹ آف آل ٹائم‘‘ خاص کامیابی حاصل نہیں کر سکی اور فلاپ ثابت ہوئی۔ دوسری جانب ان کی فلم ’’جن نایگن‘‘ ریلیز کی منتظر ہے، تاہم اس کی حتمی ریلیز کے حوالے سے ابھی تک کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔ کہا جا رہا ہے کہ تقریباً ۵۰۰؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم جون میں وجے کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کی جا سکتی ہے، لیکن سی بی ایف سی کی جانب سے اس کا دوبارہ جائزہ ابھی باقی ہے۔