Updated: February 08, 2026, 10:09 PM IST
| Mumbai
وکرانت میسی حال ہی میں نتیش تیواری کی فلم ’’رامائن‘‘ کے تعلق سے پھیلنے والی افواہوں کی وجہ سے خبروں میں آ گئے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں فلم سے ری پلیس کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اداکار نے سوشل میڈیا پر وضاحت پیش کی۔ وکرانت نے صاف کہا کہ وہ کبھی بھی اس فلم کا حصہ نہیں تھے اور ایسی خبروں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تاہم، کچھ وقت بعد انہوں نے اپنی اسٹوری ڈیلیٹ کر دی۔
وکرانت میسی۔ تصویر:آئی این این
وکرانت میسی ان دنوں ’’رامائن‘‘ کے تعلق سے خبروں میں ہیں۔ پہلے چرچا تھی کہ بالی ووڈ اداکار ،نتیش تیواری کی ’’رامائن‘‘ میں راون کے بڑے بیٹے اندرجیت کا کردار ادا کریں گے لیکن گزشتہ دن ایک معروف انٹرٹینمنٹ پورٹل کی رپورٹ کے بعد ہر طرف یہ بحث تیز ہو گئی کہ وکرانت میسی کو فلم سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب راگھو جویال اس کا حصہ ہوں گے۔ ان خبروں کو پھیلتا دیکھ اداکار نے اس پورٹل کی رپورٹ پر ناراضگی ظاہر کی، لیکن کچھ ہی وقت میں اپنا پوسٹ ڈیلیٹ کر دیا۔خبروں کے پھیلتے ہی وکرانت میسی نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیا اور پورٹل کی رپورٹ پر ناراضگی ظاہر کی۔ اداکار نے پنک ویلا کی رپورٹ کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی اس فلم کا حصہ نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھئے:نصیرالدین شاہ کے یونیورسٹی تنازع پر منوج منتشر کا ردعمل
وکرانت نے لکھا، ’’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نہ میں کبھی اس فلم کا حصہ تھا، نہ ہوں اور نہ کبھی رہوں گا۔ ایک ’معزز‘ میڈیا ہاؤس کی جانب سے اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ واقعی حیران کن ہے۔ اس کے باوجود، ’رامائن‘ کی پوری ٹیم کو نیک تمنائیں۔ میں ضرور ٹکٹ خرید کر یہ فلم سنیما گھر میں دیکھوں گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:آرسنل کی فتوحات کا سلسلہ برقرار، سنڈر لینڈ کو شکست،۹؍ پوائنٹس کی برتری
یہ اسٹوری بھی کچھ دیر بعد ڈیلیٹ کر دی گئی۔ وہیں اب تک یہ بھی واضح نہیں ہو پایا ہے کہ راگھو جویال واقعی فلم کا حصہ ہیں یا نہیں۔ اگر فلم کی اسٹار کاسٹ کی بات کریں تو رنبیر کپور بھگوان رام کا کردار ادا کر رہے ہیں، یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے اور سائی پلوی سیتا کا کردار نبھائیں گی۔ اس کے علاوہ سنی دیول ہنومان اور روی دوبے لکشمن کے کردار میں دکھائی دیں گے۔ فلم میں لارا دتہ، رکول پریت سنگھ، ارون گوہل، اندرا کرشنن، شیبا چڈھا، آدیناتھ کوتھارے اور کنال کپور جیسے کئی بڑے فنکار بھی شامل ہیں۔