Updated: December 16, 2025, 6:00 PM IST
| Raipur
اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) ٹریننگ سینٹر (ایس ٹی سی)، رائے پور کے ایک ہونہار کھلاڑی عبداللہ نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے۴؍ سے ۱۳؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک چین کے شانگلو میں منعقدہ انڈر ۱۵؍ورلڈ اسکول والی بال چیمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور کانسہ کا تمغہ جیتا۔
عبداللہ۔ تصویر:آئی این این
اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) ٹریننگ سینٹر (ایس ٹی سی)، رائے پور کے ایک ہونہار کھلاڑی عبداللہ نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے۴؍ سے ۱۳؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک چین کے شانگلو میں منعقدہ انڈر ۱۵؍ورلڈ اسکول والی بال چیمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور کانسہ کا تمغہ جیتا۔عبداللہ، جو گزشتہ دو برسوں سے ایس ٹی سی رائے پور میں رہائشی تربیت حاصل کر رہے ہیں، بین الاقوامی سطح پر مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
عبداللہ نے جولائی ۲۰۲۵ء میں تھائی لینڈ میں ہونے والی انڈر۱۶؍ ایشین والی بال چیمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم کے اہم رکن بھی تھے، جہاں ہندوستان نے کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔عبداللہ، جو ایک پسماندہ پس منظر سے آتے ہیں، ایک ویلڈر محمد راجو کے فرزند ہیں۔ اپنے بیٹے کی نمایاں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے والدمحمد راجو نے کہا کہ ’’ہم سخت محنت کریں گے، عبداللہ، تم صرف ملک کے لیے کھیلو۔ میرے بیٹے نے ایس ٹی سی رائے پور میں جو تربیت حاصل کی انہوں نے اس کی صلاحیتوں کو نکھارا اور آج وہ ملک کے لیے تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:عرب کپ: اردن نے تاریخ رقم کر دی ،سعودی عرب کو شکست دے کر فائنل میں داخل
عبداللہ نے اپنے آبائی گاؤں منڈور (پریاگ راج کے قریب) میں والی بال کھیلنا شروع کیا، جو کہ والی بال کے لیے جانا جاتا ہے۔ ان کی قابلیت کو دیکھ کر گاؤں کے ایک خیر خواہ نے ان کے خاندان کو پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد عبداللہ کو۲۰۲۳ء میں رائے پور کے سائی ٹریننگ سینٹر میں منتخب کیا گیا، جہاں منظم کوچنگ اورسائی کی مدد نے انہیں بین الاقوامی سطح کا کھلاڑی بننے میں مدد فراہم کی۔ان کی حالیہ کامیابی کے بعد، عبداللہ کو اب ۲۰۲۶ء میں تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی انڈر ۱۷؍ ورلڈ والی بال چیمپئن شپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا مقصد سخت تیاری کے ساتھ ہندوستان کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا اور سونے کا تمغہ جیتنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’اوینجرس: ڈومسڈے‘‘ کا ٹریلر لیک، کرس ایون کیپٹن امریکہ کے کردار میں
سائی ریجنل سینٹر بھوپال کے علاقائی ڈائریکٹر ابھیشیک سنگھ چوہان (آئی ٹی ایس) نے عبداللہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کوچز اور معاون عملے کی اجتماعی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سائی کے تربیتی مراکز اور نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس سے ابھرنے والے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو ہندوستان کے کھیلوں کے مستقبل کے لیے اچھا اشارہ ہے۔