Inquilab Logo

شاہ رخ کی فلم ’ڈنکی‘ کا پرومو دیکھ کر فرح خان کیوں حیران رہ گئیں؟

Updated: November 19, 2023, 12:35 PM IST | Agency | Mumbai

سال رواں میں ’پٹھان‘ اور’جوان‘ جیسی انتہائی کامیاب فلمیں دینے والے شاہ رخ خان کی اگلی فلم’ڈنکی‘ کرسمس پر ریلیز ہونےجارہی ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

سال رواں میں ’پٹھان‘ اور’جوان‘ جیسی انتہائی کامیاب فلمیں دینے والے شاہ رخ خان کی اگلی فلم’ڈنکی‘ کرسمس پر ریلیز ہونےجارہی ہے۔ اس کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی ہیں ۔فلم کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کی کہانی کچھ ایسے لوگوں پربنی ہے جو امریکہ جانا چاہتے ہیں ۔ فلم ’ڈنکی‘ کا پرومو دیکھ کر فرح خان نے حیرانی ظاہر کی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ، ان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے پہلے ورژن سے کافی حد تک ملتی جلتی ہے جس کی انہوں نے برسوں پہلے شاہ رخ کو پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر اسے مسترد کردیا تھا کہ یہ کردار ان کی عمر سے میل نہیں کھاتا۔ اس کیلئے کوئی نئی عمر کا لڑکا چاہئے۔ 
بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں فرح خان نے یہ باتیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ `جب میں نے ’ڈنکی‘ کا پرومو دیکھا تو ایک لمحے کیلئے حیران رہ گئی کیونکہ اس کی کہانی میری فلم سے کافی حد تک مماثلت رکھتی ہے۔ ان کی حیرانی اس بات پر تھی کہ شاہ رُخ نے اسے کیوں مسترد کیا تھا اور اگر اسے مسترد کیا تھا تو پھر اسے کیوں قبول کیا؟ انہوں نے کہا کہ میری فلم کے پہلے ورژن کی کہانی ۴؍ ایسے لڑکوں پر مبنی تھی جو امریکہ جانا چاہتے تھے۔ کہانی سن کر شاہ رخ نے کہا تھاکہ میں اس کردار میں بہت بوڑھا نظر آؤں گا، یہ ایک نوجوان لڑکے کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ڈنکی‘ کا پرومو کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فلم ایک ایسے گروپ کی کہانی ہے جو کسی بھی طرح امریکہ پہنچنا چاہتا ہے، خواہ اس کیلئے انہیں غلط طریقے اور راستے ہی کیوں نہ اختیار کرنے پڑیں۔ بعض رپورٹوں میں یہ بات بھی کہی جارہی ہے کہ’ڈنکی‘ راجکمار ہیرانی کی دوسری فلم ’منا بھائی چلے امریکہ‘ کا دوسرا ورژن ہے۔ یہ فلم کبھی سنجے دت اور ارشد وارثی کو لے کر بنائی جانی تھی لیکن کسی وجہ سے نہیں بن سکی۔ اب ان ساری باتوں کا راز تو فلم کی ریلیز کے بعد ہی کھلے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK