Updated: April 07, 2026, 5:03 PM IST
نورا فتحی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں پرفارم کر سکتی ہیں، جہاں ان کا مجوزہ پرفارمنس ۱۲؍ جون کو کنیڈا میں پہلے میچ سے قبل رکھا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ اگر یہ طے پا جاتا ہے تو یہ نورا کا فیفا اسٹیج پر دوسرا بڑا پرفارمنس ہوگا۔
نورا فتحی۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ اداکارہ اور عالمی سطح پر معروف رقاصہ نورا فتحی ایک بار پھر بین الاقوامی اسٹیج پر جلوہ گر ہونے کے قریب ہیں، کیونکہ اطلاعات کے مطابق وہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں پرفارم کرنے والی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کا پرفارمنس ۱۲؍ جون کو کنیڈا میں پہلے میچ سے قبل متوقع ہے، جو ٹورنٹو اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جبکہ مرکزی افتتاحی تقریب ایک دن پہلے ۱۱؍ جون کو میکسیکو سٹی سٹی میں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نورا سے کنیڈا کے پہلے میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔ چونکہ کنیڈا اس ورلڈ کپ کے میزبان ممالک میں شامل ہے، اس لیے وہ ایک شاندار تفریحی شو کے ذریعے ایونٹ کا آغاز کرنا چاہتا ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نورا فتحی اس وقت اپنے مصروف شیڈول کے باعث حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے غور کر رہی ہیں، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اس بڑے پلیٹ فارم کا حصہ بنیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: جیلر۲: رجنی کانت کی ’’جیلر ۲‘‘ کے لیے شاہ رخ خان کی بڑی تیاری
اگر یہ پیشکش قبول ہو جاتی ہے تو یہ نورا کی فیفا ورلڈ کپ میں دوسری نمایاں شرکت ہوگی۔ اس سے قبل انہوں نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے اختتامی پروگرام میں پرفارم کر کے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔ انہوں نے آفیشل ترانے ’’لائٹ دی اسکائی‘‘ میں حصہ لیتے ہوئے گانا اور رقص دونوں پیش کیے تھے، اور خاص طور پر ہندی زبان میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے ہندوستانی ثقافت کی نمائندگی کی تھی۔ اسی سال ایک اور اہم لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا تھا جب دپیکا پڈوکون نے فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نقاب کشائی کر کے تاریخ رقم کی، اور عالمی اسٹیج پر ہندوستانی نمائندگی کو مزید مضبوط کیا۔
یہ بھی پڑھئئے: دلجیت دوسانجھ اپنی جڑوں سے جڑے شاندار فنکار ہیں : امتیاز علی
اسٹیج پرفارمنس سے آگے بڑھتے ہوئے، نورا فتحی کی عالمی موجودگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امریکی ٹی وی شو ’’دی ٹونائٹ شو جمی فیلن‘‘ میں بھی اپنی پرفارمنس کے ذریعے بین الاقوامی ناظرین کو متاثر کیا، جہاں انہوں نے جمیکن آرٹسٹ شینیسا کے ساتھ اپنے ٹریک پر شاندار ڈانس پیش کیا۔ یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء تین ممالک، امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو — میں منعقد ہوگا، جسے تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں نورا کی ممکنہ شرکت نہ صرف ان کے کریئر بلکہ عالمی سطح پر ہندوستانی نمائندگی کے لیے بھی ایک اہم لمحہ ثابت ہو سکتی ہے۔تاہم، ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، اور شائقین باضابطہ اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔