نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ مارکیٹ‘‘ ۲۰۲۴ء کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی انڈین سیریز میں سے ایک تھی۔ اب اس کے دوسرے سیزن پر باضابطہ کام شروع ہو چکا ہے۔ مصنف ویبھو پوری کے مطابق ٹیم اس وقت لکھنے کے عمل میں مصروف ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2025, 6:03 PM IST | Mumbai
نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ مارکیٹ‘‘ ۲۰۲۴ء کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی انڈین سیریز میں سے ایک تھی۔ اب اس کے دوسرے سیزن پر باضابطہ کام شروع ہو چکا ہے۔ مصنف ویبھو پوری کے مطابق ٹیم اس وقت لکھنے کے عمل میں مصروف ہے۔
سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ’’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ مارکیٹ‘‘ نے ریلیز کے فوراً بعد عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی۔ اگرچہ ناقدین کے درمیان رائے یکساں نہیں رہی لیکن سیریز نے شاندار انداز میں ناظرین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا اور تیزی سے نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی انڈین سیریز میں سے ایک بن گئی۔ تازہ رپورٹس کے مطابق، اس کے دوسرے سیزن پر باضابطہ کام جاری ہے۔ مصنف ویبھو پوری نے مڈ ڈے کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ ’’ہم اس وقت اسکرپٹ لکھنے کے مرحلے میں ہیں اور کرداروں کی نئی جہتوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ لوگوں کو شک تھا کہ موجودہ نسل اس شو سے جڑ پائے گی یا نہیں لیکن ناظرین نے ’’ہیرامنڈی‘‘ کی دنیا کو کھلے دل سے قبول کیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: یوٹیوب سپر اسٹار مسٹر بیسٹ نے ’’بیسٹ لینڈ‘‘ کھولا
پوری نے یہ بھی بتایا کہ ’’ہیرامنڈی ۲‘‘ کی شوٹنگ جلد شروع ہونے کی امید ہے۔ نئے سیزن میں ایک بالکل نیا دور دکھایا جائے گا کیونکہ کہانی اب لاہور سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ایک پچھلے انٹرویو میں سنجے لیلا بھنسالی نے بھی سیزن ۲؍ کی جھلک پیش کی تھی۔ ان کے مطابق ’’ہیرامنڈی‘‘ سیزن ۲؍ میں لاہور کا بازار چھوڑ کر فلمی دنیا میں قدم رکھتی ہے۔ یہاں کی طوائفیں اب بھی ناچیں گی اور گائیں گی، لیکن نوابوں کیلئے نہیں بلکہ فلمی پروڈیوسرز کیلئے۔‘‘ دوسرے سیزن میں نئے چہروں کی آمد بھی یقینی ہے کیونکہ پہلے سیزن میں ادیتی راؤ حیدری اور رچا چڈھا کے کرداروں کی موت ہو گئی تھی، جس کے باعث ان کی کہانی وہیں مکمل ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ ’’ہیرامنڈی‘‘ کا پہلا سیزن مئی ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہوا تھا جس نے برصغیر کی تاریخ پر مبنی ایک شاندار دنیا تشکیل دی تھی۔ سیریز میں لاہور کے تاریخی سرخ روشنی والے علاقے ہیرامنڈی کو ۱۹۴۰ء کی دہائی میں دکھایا گیا تھا۔ اس کاسٹ میں منیشا کوئرالہ، سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، رچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، شرمین سہگل، فردین خان، شیکھر سمن، طحہٰ شاہ اور دیگر شامل تھے۔ نئے سیزن سے توقع ہے کہ بھنسالی ایک بار پھر اپنی بصری شان و شوکت کے ساتھ ناظرین کو ایک نئی دنیا میں لے جائیں گے۔