Inquilab Logo

یش راج اسپائی یونیورس: ٹائیگر، پٹھان اور کبیر کےعلاوہ دیگر کلیدی کرداروں کو ایک ساتھ لانے کی تیاری

Updated: October 08, 2023, 11:15 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جاسوسی فلموں کی سیریز میں یش راج پروڈکشن کی لگاتار چار فلمیں ہٹ ہوچکی ہیں اور پانچویں کے تعلق سے بھی کامیابی کی امید کی جارہی ہے۔

An attempt is being made to unite the three spies of the `Yash Raj Spy Universe` in `War 2`, the sequel of the film `War`. Photo: INN
فلم’وار‘ کے سیکوئیل ’وار۔۲‘ میں’یش راج اسپائی یونیورس‘ کے تینوں جاسوسوں کو یکجا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تصویر:آئی این این

جاسوسی فلموں کی سیریز میں یش راج پروڈکشن کی لگاتار چار فلمیں ہٹ ہوچکی ہیں اور پانچویں کے تعلق سے بھی کامیابی کی امید کی جارہی ہے۔ اس کی وجہ سے یش راج پروڈکشن کا حوصلہ بلند ہوگیا ہے۔ اب اس نے اس سلسلے کی چھٹی فلم کا بھی اعلان کردیا ہے۔ سلمان خان کے ساتھ ٹائیگر سیریز کی دو فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں جبکہ شاہ رخ کے ساتھ فلم ’پٹھان‘ نے ابھی حال ہی میں باکس آفس پر زور دار ہنگامہ برپا کیا ہے۔ٹائیگر تھری نومبر میں ریلیز ہونے والی ہے، جس کیلئے فلم شائقین بے صبری سے انتظار کررہے ہیں ۔ یش راج پروڈکشن نے اس سلسلے کی ایک فلم رتیک روشن کے ساتھ ’وار‘ بنائی ہے۔ اب اس سیریز کی دوسری فلم ’وار۔۲‘ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ایک ساتھ شاہ رخ خان، سلمان خان اور رتیک روشن یعنی تینوں فلموں کے اسٹار نظر آئیں گے۔ اس طرح’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اور ’برہمسترا‘ کے ہدایت کار ایان مکھرجی پہلی بار یش راج پروڈکشن کی اس فلم کی ہدایت کاری کر رہے ہیں ۔ اس فلم کو بنانے سے قبل ہی بڑی فلم بنانے کیلئے وہ اس کی کاسٹنگ بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
یش راج کے تینوں جاسوس ایک ساتھ
 اس فلم کے ذریعہ’یش راج اسپائی یونیورس‘ کے تینوں جاسوسوں کو یکجا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سیریز کی فلموں ایک تھا ٹائیگر، ٹائیگر زندہ ہے، پٹھان اور ٹائیگر۔۳؍ کے بعد وار۔۲؍ کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں ۔ اس فلم میں جاسوس ٹائیگر (سلمان خان)، کبیر (رتیک روشن) اور پٹھان (شاہ رخ خان) ایک ساتھ نظر آئیں گے۔’انڈیا ٹوڈے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ہدایت کار آیان مکھرجی نے تینوں کو ایک ساتھ کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ البتہ دیگر ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس فلم میں شاہ رخ اور سلمان کے صرف کیمیوز ہوسکتے ہیں ، بالکل اسی طرح جیسے ’پٹھان‘ میں سلمان نظرآئےتھے اور ’ٹائیگر تھری‘ میں شاہ رخ نظر آنے والے ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ اس فلم کے اعلان سے ایک جانب جہاں فلم شائقین میں جوش و خروش پایا جارہا ہے، وہیں ہدایت کار ایان مکھرجی بھی بہت خوش ہیں ۔ وہ پہلی بار ’یش راج اسپائی یونیورس فلم‘ کا حصہ بننے جارہے ہیں ۔ اس سےقبل ایک تھا ٹائیگر کے ہدایت کار کبیر خان تھے جبکہ ٹائیگر زندہ ہے کے ہدایت کارعلی عباس ظفر تھے۔ اسی طرح اس سیریز کی تیسری فلم ’وار‘ اور چوتھی فلم ’پٹھان‘ کے ہدایت کار سدھارتھ آنند اور پانچویں فلم ’ٹائیگر تھری‘ کے ہدایت کار منیش شرما ہیں ۔ اس میں دیکھنے والی بات یہ ہے کہ سدھارتھ آنند کے بعد کسی بھی ہدایت کار کو اس سلسلے کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری نہیں دی گئی ہے۔ 
 کیارا اڈوانی اورجونیئر این ٹی آر بھی فلم کا حصہ ہوں گے 
اس فلم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں رتیک روشن کے مقابل کیارا اڈوانی ہوں گی اور جنوبی ہندوستان کی فلموں کے سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر بھی اس فلم میں مرکزی کردار کے طور پر ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کے ذریعہ ہی وہ بالی ووڈ میں داخل ہوں گے۔ یہ اور بات ہے کہ جنوبی ہند کی مشہور فلم ’آرآر آر‘ جو ہندی میں بھی ڈب ہوئی تھی، کے ذریعہ جونیئر این ٹی آر، بالی ووڈ کے ناظرین کیلئے اجنبی نہیں رہ گئے ہیں لیکن یہ ان کی باقاعدہ پہلی ہندی فلم ہوگی۔ 
 جلد ہی شوٹنگ کا آغاز
 مختلف فلمی رپورٹوں کے حوالے سے یہ بات کہی جارہی ہے کہ فلم وار۔۲؍ کی شوٹنگ اکتوبر میں شروع ہو جائے۔ فلم کا مہورت ہوچکا ہے، اسلئے اب شوٹنگ میں تاخیر نہیں ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق ریتک روشن اپنی فلم ’فائٹر‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں اٹلی میں ہیں ۔ وہاں سے ان کے واپس آتے ہی ان کے حصے کے منظر کی شوٹنگ شروع ہو جائے گی۔ اس سے پہلے ہدایت کار ایان مکھرجی جونیئر این ٹی آر کے ساتھ شوٹنگ شروع کرنے جا رہے ہیں ۔
 یہ فلم ’وار‘ کی سیکوئیل ہوگی
 وار۔۲؍ چار سال قبل ۲۰۱۹ء میں ریلیز ہونے والی’ وار‘ کی سیکوئل فلم ہے۔ اس سلسلے کی پہلی فلم میں رتیک روشن، ٹائیگر شراف اور وانی کپور مرکزی کردار میں تھے۔۲۰۲۳ء تک’ وار‘ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ اوپننگ کلیکشن والی فلم تھی، جس کا ریکارڈ ۲۰۲۳ء میں اسی سیریز کی فلم ’پٹھان‘ نے توڑا جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار میں تھے اور پھر کچھ ہی دنوں میں شاہ رخ کی فلم ’جوان‘ نے ’پٹھان‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
سارے کرداروں کو ملانے کی تیاری
کہا جارہا ہے کہ’یش راج اسپائی یونیورس‘کی آئندہ کچھ فلموں میں اس کے سارےکردار مل سکتے ہیں ۔ اس سے قبل فلم ’پٹھان‘ میں جہاں ٹائیگر سیریز کے جاسوس ’ٹائیگر‘ یعنی سلمان اور ’پٹھان‘ کے جاسوس ’پٹھان‘ یعنی شاہ رخ خان کو ملایا گیا ہے،اسی طرح ’ٹائیگر تھری‘ میں بھی دونوں کو یکجا جائے گا، وہ بھلے ہی مختصر سے وقت کیلئے ہو۔ اسی طرح ’ٹائیگر تھری‘ میں ’کرنل لوتھرا‘ یعنی اشوتوش رانابھی نظر آئیں گے جو اِس سیریز کی دوسری فلم ’وار‘ میں ’را‘ سربراہ کے طورپر نظر آئے تھے۔
یہ فلم ایکشن سے بھرپور ہوگی 
 آدتیہ چوپڑہ کی اس سیریز کی دیگر فلموں کی طرح یہ فلم بھی ایکشن سے بھرپور ہوگی۔ چونکہ اس جاسوسی فلم میں رتیک کے ساتھ ہی سلمان اور شاہ رخ بھی ہوں گے ،اسلئے فلم ناظرین کو ایکشن مناظر کی بہت زیادہ توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ہدایت کار ایان مکھرجی کو بھی اس بات کاا ندازہ ہے،اسلئے وہ اپنے ناظرین کو مایوس نہیں کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی اس میں کیارا اڈوانی کی وجہ سے گلیمرس کی بھی خوب گنجائش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK