Updated: November 21, 2026, 9:59 PM IST
| Mumbai
سلمان خان نے اپنی فلم ’ماتربھومی‘ کی ریلیز تاریخ طے کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شاہ رخ خان اور ان کی بیٹی سہانا خان کی فلم ’کنگ‘ سے باکس آفس پر مقابلہ نہیں کرنا چاہتے۔ اداکار ہالی ووڈ کی بڑی فلموں ’ایونجرز: ڈومس ڈے‘ اور ’ڈون: پارٹ تھری‘ سے ٹکرانے کے لیے تیار ہیں، لیکن شاہ رخ خان سے مقابلے سے گریز کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ سے بھی تصادم سے بچنے کی بات کہی۔
شاہ رخ خان اور سلمان خان۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کی ریلیز تاریخ اور دیگر بڑی فلموں کے ساتھ ممکنہ باکس آفس تصادم پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔ اے بی پی لائیو کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کے ساتھ اپنی فلم ریلیز نہیں کرنا چاہتے، چاہے اس کے لیے انہیں ہالی ووڈ کی بڑی فلموں کے ساتھ مقابلہ ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ سلمان کے اس بیان کو دونوں سپر اسٹارز کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کی ایک اور مثال کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ سلمان سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے ’ماتربھومی‘ کے لیے ۴؍ دسمبر کی تاریخ کیوں منتخب کی اور کیا اس کا مقصد بڑی فلموں سے ٹکراؤ سے بچنا تھا، تو انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی فلم دسمبر میں آرہی ہے اور وہ ان سے مقابلہ نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے الفاظ میں، ’’میں شاہ رخ اور ان کی بیٹی سہانا سے ٹکراؤ نہیں کرنے والا، بالکل نہیں۔ اب یہ جو ۲؍ فلمیں آرہی ہیں، ’ایونجرز‘ اور ’ڈون‘، میں ان سے کسی بھی وقت ٹکرانے کے لیے تیار ہوں۔ لیکن وہ ایک ہفتہ پہلے ریلیز ہورہی ہیں۔ مجھے ان کے ساتھ مقابلہ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ اگر میں اپنی ریلیز کی تاریخ چھوڑتا تو اس کے ایک ہفتے بعد شاہ رخ کی فلم آرہی ہوتی۔ میں کبھی بھی ان سے ٹکراؤ نہیں چاہوں گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۱۴؍ گریمی ایوارڈز کے بعد ٹیلر سوئفٹ کو ’دادا صاحب پھالکے‘ اعزاز، صارفین حیران
شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے، جس میں ان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کررہے ہیں۔ اس میں دپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، انیل کپور، رانی مکھرجی، جیکی شروف، جے دیپ اہلاوت اور ارشد وارثی سمیت کئی معروف فنکار شامل ہیں۔ فلم کو ایک بڑے ایکشن تھرلر کے طور پر پیش کیا جارہا ہے اور شائقین کو اس سے خاصی توقعات ہیں۔ سلمان نے ہالی ووڈ کی جن ۲؍فلموں کا ذکر کیا، ان میں مارول اسٹوڈیوز کی ’ایونجرز: ڈومس ڈے‘ اور ڈینس ویلینیو کی ’ڈون: پارٹ تھری‘ شامل ہیں۔ ’ایونجرز: ڈومس ڈے‘ میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، کرس ہیمسورتھ، پیڈرو پاسکل، انتھونی میکی اور کئی دیگر معروف اداکار ایک بڑے سپر ہیرو ایڈونچر میں نظر آئیں گے۔ فلم میں ڈاکٹر ڈوم مرکزی خطرے کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ مارول کے مطابق فلم ۱۶؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔ دوسری جانب ’ڈون: پارٹ تھری‘ میں ٹموتھی شالامے، زندایا، جیسن موموا، فلورنس پگ اور رابرٹ پیٹنسن سمیت کئی اداکار شامل ہیں۔ یہ فلم 18 دسمبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پرھئے: لاس اینجلس: ۳۶؍ٹرینوں میں ڈکیتی، ہزاروں نائکی جوتےسمیت ۲۲؍ملین ڈالرکا سامان چوری
سلمان نے صرف شاہ رخ خان کی فلم ہی نہیں بلکہ سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ سے بھی ٹکراؤ سے بچنے کی بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ۲۶؍ جنوری ۲۰۲۷ء کی تاریخ ان کے لیے ایک اچھا متبادل ہوسکتی تھی، لیکن اس وقت بھنسالی کی فلم ریلیز ہونے والی ہے، جس میں وکی کوشل، رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ شامل ہیں۔ سلمان نے کہا کہ وہ ان سے بھی مقابلہ نہیں کرنا چاہتے تھے۔ اس کے بعد مارچ میں ایک اور فلم ’مونسٹر‘ آنے والی ہے، جس کے ساتھ بھی وہ ٹکراؤ سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ اپنی ہی فلم سے مقابلہ نہیں کرنا چاہتے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ’ماتربھومی‘ کی ریلیز ۴؍دسمبر کو شردھا کپور کی فلم ’ایٹھا‘ سے بھی ٹکرانے والی ہے۔ سلمان نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنی فلم کی تاریخ کا اعلان کیا تھا، اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ شردھا کی فلم بھی اسی دن ریلیز ہوگی۔ انہوں نے کہا، ’’اگر مجھے معلوم ہوتا تو میں شردھا کے ساتھ ریلیز نہیں کرتا۔ مجھے اس بات کا واقعی افسوس ہے۔ میں نے انہیں فون کیا اور کہا کہ مجھے معاف کردیں، مجھے معلوم نہیں تھا۔‘‘ سلمان کے مطابق شردھا نے جواب دیا کہ 2 اچھی فلموں کے لیے سنیما گھروں میں کافی جگہ موجود ہے۔
یہ بھی پرھئے: سنسناٹی: قبل از وقت پیدا ہونے والی مشہور دریائی گھوڑی ’فیونا‘ چل بسی،شہر سوگوار
’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کررہے ہیں اور اس میں سلمان خان کے ساتھ چترانگدا سنگھ، انوپ بکرم شاہی اور پرشانت تمانگ بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم پہلے ’بیٹل آف گلوان‘ کے نام سے بنائی جارہی تھی، لیکن بعد میں اس کا عنوان تبدیل کردیا گیا۔ فلم ۲۰۲۰ء میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ کے پس منظر پر مبنی ہے۔ اس کی کہانی میں ہندوستانی فوج کے ۱۶؍ بہار رجمنٹ کے جوانوں اور کرنل بی سنتوش بابو کی قیادت میں ہونے والی مزاحمت کو پیش کیا جائے گا۔ فلم کی ریلیز ۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء طے ہے۔ سلمان کے اس بیان نے ایک بار پھر بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کے درمیان باکس آفس مقابلے اور ذاتی تعلقات کے موضوع کو زیرِ بحث لا دیا ہے۔ ایک طرف وہ ہالی ووڈ کی بڑی فرنچائزز کے ساتھ مقابلے کے لیے تیار ہیں، دوسری طرف اپنے قریبی دوست شاہ رخ خان کی فلم کے ساتھ تصادم سے بچنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ دسمبر میں ’ماتربھومی‘، ’ایونجرز: ڈومس ڈے‘، ’ڈون: پارٹ تھری‘ اور ’کنگ‘ کی ریلیز کے درمیان ہندوستانی باکس آفس پر کس فلم کو ناظرین کی سب سے زیادہ توجہ حاصل ہوتی ہے۔