ایسے ملبوسات جو زیادہ تر نوجوانوں کو پسند آتے ہیںیہاں سے خریدے جاسکتے ہیں،ممبئی میں لوئر پریل کے فنکس مال میں اس کا اسٹور موجود ہے۔
لوئرپریل کےفنکس مال میںامریکن ایگل کا اسٹور۔ تصویر:آئی این این
دنیاکےمصروف بازاروں میں جب نئے زمانے کی ہوا چلتی ہےتوکچھ برانڈ ایسے ہوتے ہیں جو صرف لباس نہیں بیچتے، بلکہ ایک لہجہ، ایک طرزِ زیست اور ایک احساس بیچتے ہیں۔امریکن ایگل بھی انہی میں سے ایک برانڈ ہے جوامریکہ کی نوجوان نسل کی ہنسی، آزادی، خود اعتمادی اور بے فکری کو اپنے ملبوسات میں پروئے ہوئے ایک ایسا نام جو آج عالمی فیشن کی دنیا میں مضبوط مقام رکھتا ہے۔
یہ کہانی محض ایک اسٹور یا چند کلیکشنز کی نہیں، بلکہ اس سوچ کی ہے جو فیشن کو روزمرّہ کے آرام، تہذیبی علامتوں اور جدید دنیا کے سادہ مگر پُراثر انداز کے ساتھ جوڑتی ہے۔
آغاز اور بنیاد
امریکن ایگل آئوٹ فٹرنے۱۹۷۷ء میں پِٹسبرگ(پین سلوینیا)سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ اُس وقت مقصد سادہ تھاکہ نوجوانوں کو ایسے کپڑے فراہم کیے جائیں جو اسٹائلش بھی ہوں اور جیب پر بھاری بھی نہ پڑیں۔
ابتدائی برسوں میں کمپنی بیرونی سرگرمیوںیعنی ہائیکنگ، ٹریول، کیمپنگ کی روح سے جڑی فیشن لائن کے لیے پہچانی جاتی تھی۔ لیکن۱۹۹۰ءکی دہائی میں منظر بدلا، اور برانڈ نے کیمپس کلچر، ڈینم فیشن، اینیمل اسکن جیکٹس، ہُڈیز، گرافک ٹی شرٹس اور لائٹس اسٹریٹ ویئر کے ذریعے نوجوانوں کے دل جیتنے شروع کیے۔رفتہ رفتہ امریکن ایگل نے امریکا کے بڑے شہروں سے نکل کر دنیا بھر میں اپنی شناخت قائم کی۔ آج یہ نام تقریباً۳۰؍سے زائد ممالک میں موجود ہے، اور اُس کا اسٹائل ہر شہر کی اپنی فضا میں رچ بس چکا ہے۔
یہاں کیا ملتا ہے
امریکن ایگل کابنیادی اصول ہمیشہ یہ رہا ہے کہ نوجوانوں کو وہ لباس دیا جائے جس میں وہ خود کو’اپنی اصل‘میں محسوس کریں۔یہاں بناوٹ میں باریکی، رنگوں میں سادگی اور تراش میں جدّت ایک ساتھ چلتی ہے۔یہاں کی پہچان درج ذیل چیزیں ہیں۔
ڈینم، برانڈ کی پہچان:دنیا بھر میںامریکن ایگل کی اصل پہچان اس کی ڈینم لائن ہے جس میں سپر اسٹریچ جینز، ایئر فلیکس الٹرا کمفرٹ، مام فٹ یا ڈیڈ فٹ،ریلیکسڈ یا بیگی کٹ ڈینم ملتی ہے۔یہ جینزبس کپڑا نہیں بلکہ نوجوان نسل کی بے ساختہ روانی کااستعارہ ہیں۔
ٹاپس اور گرافک ٹی شرٹس:گرافک ٹی شرٹس امریکن ایگل کا وہ باب ہیں جو ہر موسم میں روایت بنتے ہیں۔سادہ مگر پُراثرپرنٹس، یونیورسٹی کلچر، اسپورٹس سے متعلق تصاویر، یا پھر فطرت کےمناظر… ہر ڈیزائن میں کہیں نہ کہیں امریکہ کی گلیوں، پارکوں اور ساحلوں کی خوشبو محسوس ہوتی ہے۔
ونٹر ویئر اور اسپورٹس ویئر:امریکن ایگل کے جیکٹس، شےراپا جیکٹس، ہُڈیز، فل فلیس لائینرز اور اسپورٹس ویئر جدیدفیشن کے ساتھ ساتھ ٹھنڈے خطوں کی عملی ضرورتوں کو بھی ذہن میں رکھتے ہیں۔یہ چیزیں نوجوانوں کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہیں۔
ہندوستان میں موجودگی
ہندوستان کے بڑے شہروںجیسے ممبئی، دہلی، حیدرآباد، بنگلورو، پونےمیں امریکن ایگل نےاپنے اسٹورز کھول کر ہندوستان نوجوانوں کی پسند کو نئی سمت دی ہے۔یہاں امریکن ایگل کا اسٹور صرف خریداری کی جگہ نہیں بلکہ ایک ثقافتی میدان کی طرح لگتا ہے۔ تصاویر، روشنی، کھلی فضا، میوزک اور اسٹاف کا دوستانہ رویہ مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کرتا ہے جس میں نوجوان خود کو آزاد محسوس کرتے ہیں۔
ممبئی میں خریداری
ممبئی میں اس کا اسٹور لوئر پریل کے فنکس مال میں موجود ہے، اس کے علاوہ آپ آن لائن بھی یہاں کی مصنوعات خرید سکتے ہیں۔ یہاں کی مصنوعات آن لائن خریدنے کیلئے آپ منترا،امیزون فیشن، ٹاٹا کلک،آجیو پر جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی اپنی ویب سائٹ بھی موجود ہے۔آن لائن ڈینم فٹ گائیڈ، سائز چارٹس، اور ورچوئل ٹرائل جیسے فیچرز نے نئی نسل کی خریداری کو بے حد آسان بنایا ہے۔