Inquilab Logo

پوائی کے گلیریا مال میں چار دیواری سےباہر خریداری کا موقع

Updated: November 21, 2023, 10:14 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس علاقے میں مختلف دکانوں پر آپ ہر طرح کا سامان خرید سکتے ہیں،یہاں خواتین کے کپڑے ،مردوں کے کپڑے، تحفہ کا سامان اور دیگر چیزیں ملتی ہیں۔

Goods sold in Abracadabra can be seen. Photo: INN
آبراکاڈابرا میں فروخت ہونے والا سامان دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

پوائی کا علاقہ ممبئی میں ہوتے ہوئے بھی ممبئی سے باہر کا کوئی علاقہ محسوس ہوتا ہے۔ممبئی کے دیگر علاقوں میں عام طو پر پائی جانے والی بھیڑ بھاڑ سےدور پوائی کا علاقہ جیسے ہمیں ایک الگ ہی دنیامیں لے جاتا ہے۔ یہاں پوائی جھیل کےکنارے تفریح تو ہر کسی کو پسند آتی ہے لیکن یہاں کھلی جگہ میں وجود میں آنے والا گلیریا مال نہ صرف یہ کہ مقامی افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے بلکہ دور دراز رہنے والے ان افراد کو بھی پسند آتا ہے جو ایک عمارت میں بند مال میں خریداری کرکے پریشان ہوچکے ہیں۔ گلیریا مال میں دیواروں کی کوئی بندش نہیں جبکہ کپڑوں سےلے کر دیگر ضروری سامان، زیورات، بیگ، کتابیں جیسا تقریباً تمام سامان ایک ہی جگہ پر مل جاتاہے۔ یہاں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ آپ کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑتا۔ آئیے آج ہم اسی جگہ پر واقع مختلف دکانوں کا جائزہ لیتے ہیں۔
بیوٹی کلیکشن
 گلیریا مال میں داخل ہونے پر سب سے پہلی دکان آپ کو یہی نظر آئے گی۔ یہاں آپ کو خواتین کیلئے آرام دہ قسم کے اچھے لیکن سستے کپڑے مل جائیں گے۔ یہاں عام طورپر پہننے کیلئے کاٹن کی قمیص ۲۰۰؍ روپے تک میں مل جائے گی۔
گلوبل گرل
آج کل خواتین کو ڈھیلے ڈھالے کپڑے اور پلازو جیسی چیزیں زیادہ پسند آتی ہیں۔ اگر آپ بھی ایسے ہی کپڑے خریدناچاہتی ہیں تو اس دکان کا رخ کرسکتی ہیں۔ یہاں آپ روزانہ پہننے لائق ایسے کپڑے خرید سکتی ہیں جو نہ صرف آرام دہ ہوتے ہیں بلکہ اسٹریچ ایبل یعنی کھینچنے لائق ہوتےہیں۔ گلوبل گرل میں خاص طور پر ایسے کرتےملتے ہیں جن کے کناروں پر خوبصورت بارڈربنا ہو اور ہلکا سلک جیسا کپڑا محسوس ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں آپ کو کفتان، شرگ اور کاٹن کے لمبے کپڑے مل جائیں گے۔
نان اسٹاپ
اگر آپ کم بجٹ میں ایسے کپڑے خریدنا چاہتی ہیں جسے آپ کسی پارٹی یا دعوت میں بھی پہن کر جاسکیں تو وہ آپ کو اس دکان پر مل جائیں گے۔ نان اسٹاپ میں آپ کو پھول یا دھاریاں چھپے ہوئے اسکرٹ، منی، لانگ اور مڈی ڈریس مل جائیں گے جن میں بو اور ٹائی بھی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں ٹینک ٹاپس،جگمگاتے کراپ ٹاپ،سلور اور گولڈن رنگوں میں ڈیزائنر ساڑیاں ،بیل باٹم اور پھٹی ہوئی جینز بھی مل جائے گی۔ یہ حالانکہ گلیریا میں موجود دیگر دکانوں کے مقابلے زیادہ مہنگی دکان ہےلیکن دام کی مناسبت سے اعلیٰ معیار کے کپڑے بھی یہاں ملتے ہیں۔
آبرا کا ڈابرا-گفٹ شاپ
 اگر آپ کسی کےگھردعوت میں جانے والے ہیں اور اسے تحفہ بھی دینا چاہتے ہیں یا اپنے ہی گھر میں سجاوٹ کیلئے کوئی چیز چاہئے تو ان تمام مسائل کا حل ’آبراکاڈابرا‘ میں موجود ہے۔یہاں آپ کو مختلف قسم کے فریم جن پر اقوال زریں لکھے ہوتے ہیں ،کٹنگ چائے کے گلاس جنہیں آپ شو کیس میں سجاکر رکھ سکتے ہیں اور ایسی ہی دیگر چیزیں خرید سکتے ہیں۔ یہاں پر نہایت چھوٹے اور خوبصورت کافی مگ،لو کیپسول اور گوتم بدھ کی مورتیاں کفایتی دام میں مل جائیں گی۔
دی جیک پال
 یہ ایک ایسی دکان ہے جہاں پورے خاندان کیلئے شاپنگ کی جاسکتی ہے جہاں کئی طرح کی چیزیں خریدی جاسکتی ہیں۔ ان میں مردوں کے کپڑے، خواتین کے کپڑے، جیکٹ، ونڈ چیٹر،رین کوٹ،جوتے، موبائل سے متعلق سامان اور بیگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں قلمکاری اور ایکات جیسے بیگ بھی ملتے ہیں۔
عارضی بوٹک
اگر آپ ایسا ڈیزائنر کرتا تلاش کررہی ہیں جو زیادہ چمک بھڑک والا نہ ہو اور گائودی قسم کا بھی نہ ہو تو آپ کو یہاں کا رخ کرنا چاہئے۔ عارضی، گلیریا کے دوسرے منزلے پر واقع ہے۔ اگر آپ دفتر میں پہننے لائق کپڑے خریدنا چاہتی ہیں تو آپ یہاں کا ٹن کے انارکلی اور کفتان جیسے ڈریس خریدے جاسکتے ہیں۔ یہاں آپ ڈریس مٹیریل بھی خرید سکتی ہیں یا باہر سے کپڑا لاکر سلوا بھی سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK