یہاں کے جوتے صرف لمبائی ہی نہیں چوڑائی میں بھی آپ کے پیر کی مناسبت سے ملتے ہیں،مختلف کھیلوں کیلئے مختلف جوتے بھی دستیاب۔
ملاڈ کے انفنیٹی مال میں واقع نیو بیلنس اسٹور کے باہرکا منظر اوراندر سجا ہوا سامان دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
عالمی اسپورٹس اور لائف اسٹائل فیشن کی دنیا میں اگر کسی برانڈ نےخاموش وقار، معیار اور روایت کے ساتھ اپنی شناخت قائم رکھی ہے، تو وہ نام نیو بیلنس کاہے۔ یہ برانڈ شور مچانے، چمک دمک دکھانے یا وقتی فیشن کے پیچھے بھاگنے کے بجائے ہمیشہ اپنے بنیادی اصولوںیعنی آرام، پائیداری، کارکردگی اورسادگیپر قائم رہا۔ نیو بیلنس کی کہانی محض جوتوں یا ملبوسات کی نہیں، بلکہ ایک صدی سے زیادہ عرصے پر پھیلی اس سوچ کی ہے جس میں انسان کے قدم، جسم اور محنت کو مرکزیت دی گئی۔
آغاز اور بنیاد
نیو بیلنس کی بنیاد ۱۹۰۶ءمیںامریکہ کے شہر بوسٹن میں رکھی گئی۔ اس کے بانی ولیم جے رائلی تھے، جو پیشے کے اعتبار سے ایک جوتا ساز نہیں بلکہ ایک مشاہدہ کرنے والے انسان تھے۔ کہا جاتا ہے کہ انہوں نےمرغی کے پنجوں کو غور سے دیکھ کر یہ خیال اخذ کیا کہ کس طرح ۳؍ نقطوں پر وزن کی متوازن تقسیم جسم کو بہتر سہارا دیتی ہے۔ یہی تصور بعد میں نیو بیلنس کے ابتدائی آرتھوپیڈک ’اِن سولز‘اور اسپورٹس شوز کی بنیاد بنا۔ اس زمانے میں نیو بیلنس کھلاڑیوں سے زیادہ عام لوگوں، ڈاکیہ، مزدور اور کھڑے ہو کر کام کرنے والوں کے لیے آرام دہ جوتے بناتا تھا۔وقت کے ساتھ نیو بیلنس نے آہستہ آہستہ ایتھلیٹکس کی دنیا میں قدم رکھا، مگر اس کی رفتار ہمیشہ نپی تلی رہی۔ جب دیگر برانڈز مارکیٹنگ پر زور دے رہے تھے، نیو بیلنس تحقیق، ڈیزائن اور فٹنگ پر کام کر رہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ واحد بڑا اسپورٹس برانڈ ہے جس نے طویل عرصے تک امریکہ اور برطانیہ میں مینوفیکچرنگ کو برقرار رکھا۔ آج بھی اس کے کئی ماڈلز’میڈ ان یو ایس اے‘ اور میڈ ان یو کے‘ کے لیبل کے ساتھ فروخت ہوتے ہیں، جو معیار اور روایت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
برانڈ کی پہچان
نیو بیلنس کی سب سے بڑی پہچان اس کا فِٹ سسٹم ہے۔ جہاں اکثربرانڈز صرف ایک یا دو چوڑائی میں جوتے بناتے ہیں، وہیں نیو بیلنس جوتے کی چوڑائی کےمختلف متبادل پیش کرتا ہے، یعنی نیرو، ریگولر، وائیڈ اور ایکسٹرا وائیڈ۔یہ خصوصیت خاص طور پر ان لوگوں کیلئےنعمت ہے جنہیں عام اسپورٹس شوز میں فٹ کا مسئلہ رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رنرز، واکرز اور عمر رسیدہ صارفین میں نیو بیلنس کو خاص اعتماد حاصل ہے۔
یہاں کیا ملتا ہے
جوتوں کے ساتھ ساتھ نیو بیلنس نے اسپورٹس ویئر اور ایتھلیزر کےشعبے میں بھی اپنی موجودگی مضبوط کی ہے۔ ٹی شرٹس، ٹریک پینٹس، ہوڈیز، جیکٹس اور ٹریننگ ویئر ایسے ڈیزائن میں پیش کیے جاتےہیں جو نہ حد سے زیادہ فیشن زدہ ہوں، نہ ہی بور۔ نیو بیلنس کا ملبوسات کا انداز شہری سادگی، اسپورٹس یوٹیلیٹی اور روزمرہ استعمال کے درمیان ایک متوازن لکیر کھینچتا ہے۔
ہندوستان میں موجودگی
ہندوستان میں بھی نیو بیلنس آہستہ آہستہ اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ بڑےشہروں میں اس کے اسٹورز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیابی نے فٹنس سے جڑے سنجیدہ صارفین کو متوجہ کیا ہے۔ یہاں نیو بیلنس کو وہ لوگ پسند کرتے ہیں جو برانڈ لوگو سے زیادہ اس کے آرام دہ اور پائیدار ہونےکو اہمیت دیتےہیں۔ اگرچہ قیمت کے لحاظ سے یہ برانڈ سستے زمرے میں نہیں آتا، مگر جو صارف ایک بار نیو بیلنس خرید لیتا ہے، وہ اکثر دوبارہ اسی کی طرف لوٹتا ہے۔
ممبئی میں خریداری
ممبئی میں رہ کر اگر آپ اس کی مصنوعات خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس کے۲؍ اسٹور ممبئی میں کھل چکے ہیں۔ ایک اسٹور ملاڈ کے انفیٹی مال میں واقع ہے جبکہ دوسرا اسٹورسانتا کروز ویسٹ میں موجود ہے۔آن لائن خریداری کیلئےان کی ہندوستانی ویب سائٹ نہیں ہے لیکن دیگر پورٹلز سے آپ خریداری کرسکتے ہیں۔