Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورجیو: جدید ترین نسل سے تعلق رکھنے والوں کیلئے پائیدار فیشن کا برانڈ

Updated: December 16, 2025, 11:40 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

منترا میں کام کرچکے افراد نے جین زی اور ملینیل کیلئے ایسے کپڑے بنائے جودیکھنے میں دلکش، عمدہ ہوں اور ماحولیات کیلئے نقصاندہ بھی نہ ہوں۔

Virgio`s magnificent store can be seen located in Vashi`s In-Orbit Mall. Picture: INN
واشی کے ان آربٹ مال میں واقع ورجیو کا شاندار اسٹور دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی فیشن کی دنیا میں جب پائیداری ایک فیشن ایبل نعرےسے آگے بڑھ کر ایک سنجیدہ ضرورت بنتی جا رہی ہے، ایسے وقت میں ورجیوایک ایسا نام بن کر سامنے آیاہےجو خاموشی سے مگر مضبوط قدموں کے ساتھ اپنی شناخت قائم کر رہاہے۔ یہ برانڈ محض ملبوسات فروخت نہیں کرتا، بلکہ ایک سوچ، ایک طرزِ زندگی اور فیشن کے مستقبل کا ایک ذمہ دار تصور پیش کرتا ہے۔
آغاز اور بنیاد
ورجیوہندوستان کاایک نیا مگر تیزی سے ابھرتا ہوا فیشن ٹیک برانڈہے جس نے چند ہی برسوں میں خود کو ’’سرکلر‘‘ اور ’’سسٹین ایبل‘‘ فیشن کے نمایاں نام کے طور پر منوایاہے۔ ۲۰۲۲ءمیں منترا کے سابق سی ای اوامر ناگارم نے اسے لانچ کیا۔ ابتدا میں یہ ایک فاسٹ فیشن ای کامرس پلیٹ فارم تھا، لیکن۲۰۲۳ءمیں کمپنی نے واضح حکمت عملی کےساتھ اپنا پورا ماڈل بدل کر پائیدار اور ماحول دوست فیشن پر توجہ مرکوز کر دی۔ آج ورجیو بنیادی طور پر آن لائن برانڈ ہے، مگر اس نے ۲۰۲۴ءسےآف لائن ریٹیل اور ۲۰۲۵ءمیں فزیکل اسٹورز کے ذریعے بھی اپنی موجودگی بڑھانی شروع کر دی ہے۔ 
برانڈ کا نظریہ
ورجیوکا نعرہ ہے’’دی فیشن فار دی فیوچر‘‘ یعنی ’فیشن جو مستقبل کیلئے ہو‘ اوریہ خود کو مزاحاً ’’دی اونلی گڈ فیشن کمپنی‘ یعنی ’اچھے فیشن کی واحد کمپنی ‘بھی کہتا ہے، جس سے اس کی خوداعتمادی اور پوزیشننگ صاف جھلکتی ہے۔ امر ناگارم اور شریک بانی دیویا مسینیتی نے  منترا جیسی بڑی کمپنی میںکام کرنے کے بعد محسوس کیا کہ نئی نسل خاص طور پر جین زی اور ملینیئل، اب سستے، تیز اور ٹرینڈی کپڑوں سے آگے سوچ رہی ہے۔ وہ ایسے کپڑے چاہتے ہیں جو ماحولیات پرمنفی اثر نہ ڈالتےہوں،جنہیں بنانے کیلئےجانوروں کونقصان نہ پہنچایا گیا ہو اورایسے کپڑے جن کے بنائے جانے میں کاربن کا اخراج نہ ہوتا ہو۔ اس کے علاوہ وہ کپڑوں کی سپلائی میں اخلاقی قدروں کی پاسداری کے تعلق سے بھی سوال کرتے ہیں۔اسی لیے ورجیواپنے ٹارگٹ صارف کو ’جین کونشس‘ یعنی ’باشعور نسل‘کہتا ہے، یعنی وہ نسل جو فیشن کے ساتھ ساتھ ضمیر کو بھی مطمئن رکھنا چاہتی ہے۔
یہاں کیا ملتا ہے
ورجیوکی رینج فی الحال زیادہ تر خواتین کے فیشن پر مرکوز ہے، جس میں ڈریسز، ٹاپس، کو-آرڈ سیٹس، اسکرٹس، ٹراؤزرز، ڈینم، ورک وئیر اور ایوری ڈے اسینشل شامل ہیں۔
یہاں پرسائز انکلوژن پر خاص زور ہے، یعنی ریگولر کے ساتھ ساتھ پلس سائزکے لیے بھی باڈی فرینڈلی فٹس اور اپ ڈیٹیڈسائز چارٹ فراہم کیے جاتے ہیں۔
یہاں کےفیبرکس میں آرگینک کاٹن، لینن بلینڈ، موڈل، وسکوز، اورلیوسیل جیسے میٹریلز کو ترجیح دی جاتی ہے، جو بریتھ ایبل، سافٹ اور نسبتا کم کاربن فٹ پرنٹ رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی ڈیڈ اسٹاک فیبرکس کی اپ سائیکلنگ کے ذریعےری بارن جیسے کلیکشن بھی لانچ کیے گئے ہیں۔
ڈیزائن لینگویج کے لحاظ سے ورجیو اپنی خوبصورتی کو’بنیادی سے تھوڑا زیادہ‘ اور ’موجودہ ٹرینڈ کے مطابق لیکن ایسا نہیں جو بہت زیادہ خراب ہو‘کے درمیان رکھتا ہے۔یعنی یہاں ایسے کپڑے ملتے ہیں جو روزمرہ کے استعمال، آفس، چھوٹی موٹی دعوت اور اسٹریٹ اسٹائل کے لیے مناسب ہوتے ہیں، مگر بے ضرورت چمک دمک اور بہت شارپ ٹرینڈی  ہونےسے نسبتاً دور رہتے ہیں، تاکہ آئندہ کئی سیزن تک قابلِ استعمال رہیں۔
ممبئی میں خریداری
چونکہ یہ برانڈ نسبتاً نیا ہے اور حال ہی میں اس نے اپنے اسٹور قائم کرنا شروع کیا ہے اس لئے فی الحال ممبئی میں اس کے دو مقامات پر اسٹور موجود ہیں جن میں ایک ملاڈ کے انفنیٹی مال میں اور دوسرا واشی کے اِن آربٹ مال میں واقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK