• Tue, 02 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیئنگ ہیومن:انسانوں کی فلاح کیلئے شروع کیا گیا کپڑوں کا برانڈ

Updated: December 02, 2025, 3:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سلمان خان کے فلاحی ادارے کے ذریعہ غریب طلبہ اور مریضوں کی مدد کیلئے رقم جمع کرنے کی خاطر اس برانڈکا آغاز کیا گیا تھا جو آج پوری دنیا میں موجود ہے۔

A picture of the Being Human store located in Phoenix Mall in Lower Parel, where products can also be seen. Picture: INN
لوئرپریل کےفنکس مال میںواقع بیئنگ ہیومن کے اسٹور کی تصویر جس میں وہاں کی مصنوعات بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر:آئی این این
بہت سے برانڈز کے بیچ بیئنگ ہیومن بھی کپڑوں کا ایک برانڈ ہے لیکن یہ محض ایک برانڈ نہیں، یہ ایک مکمل فلسفہ ہے، ایک ایسا خواب جو سلمان خان نےبرسوں پہلے انسانیت، خیر خواہی اور سماجی خدمت کے جذبے کے ساتھ دیکھا تھا۔ وقت کے ساتھ یہ خواب نہ صرف پروان چڑھا بلکہ فیشن کی دنیا میں ایک الگ پہچان بن کر کھڑا ہو گیا۔
آغاز اور بنیاد
سلمان خان نے۲۰۰۷ءمیں بیئنگ ہیومن فائونڈیشن قائم کی۔مقصد تھا ضرورت مند بچوں کی تعلیم اور غریبوں کے علاج کے لیےمستقل مدد کا راستہ کھولنا۔ چند سال بعد ۲۰۱۲ءمیں’بیئنگ ہیومن کلاتھنگ‘وجود میں آیا تاکہ فاؤنڈیشن کو مالی مددکا ایک مستقل اور باوقار ذریعہ مل سکے۔یعنی ہر وہ ٹی شرٹ، ہر وہ جیکٹ جس پر  بیئنگ ہیومن کا لوگو چھپا ہے، اپنے اندر خیرات کے لیے ایک حصہ بھی چھپائے رکھتا ہے۔
خصوصیت
برسوں میں یہ برانڈ اپنےاندر موجود ۳؍مخصوص عناصر کی وجہ سے مضبوط ہوا ہے جن میں درج ذیل باتیں شامل ہیں۔
سادہ مگر پرکشش ڈیزائن: بیئنگ ہیومن کی شناخت ہمیشہ سے کم سے کم ڈیزائن رہے ہیں۔سادہ پرنٹس، ہلکے رنگ، بڑے لوگوز اورصاف ستھرا لُک، یہی اس کا ڈی این اے ہے۔
روزمرہ پہننے کے لیے بہترین کپڑے:کپڑے نہ بہت زیادہ چمکیلے، نہ ہی حد سے زیادہ تجرباتی۔یہ ایسے ملبوسات ہیں جو آپ دفتر، کالج، سفر یا  عام سی محفل میں آسانی سے پہن سکتے ہیں۔
پائیداری اور بہتر معیار:برانڈ خاص طور پر نرم، ہلکے پھلکے اور پائیدار فیبرک استعمال کرتا ہے۔ٹی شرٹس اور ڈینم اس کے سب سے زیادہ مقبول سیکشن ہیں۔
یہاں کیا ملتا ہے
وقت کے ساتھ یہاں ملنے والی مصنوعات کی تعداد میں کافی اضافہ ہو گیا ہے اور اب یہ صرف ٹی شرٹس تک محدود نہیں ہے۔
مردوں کے ملبوسات:مردوں کے ملبوسات کے تحت یہاںٹی شرٹس (پرنٹیڈ، گرافک، لوگو بیسڈ)،شرٹس (کیزوئل، چیک، سولیڈ)،ڈینم (سلیم فٹ، ٹپرڈ، ریگولر)،ٹرائوزرز،ہلکی جیکٹس، نیٹ ویئر،شارٹس اور ٹریک پینٹس جیسی چیزیں ملتی ہیں۔
خواتین کے ملبوسات:مردوں کے علاوہ یہاں خواتین کیلئے بھی بڑی ورائٹی ملتی ہے جس میں ٹی شرٹس، ٹاپس، جینز، لیگنگز،کیزول ڈریسز شامل ہیں۔
ایکسیسریز میںکیپس،بیلٹس،بیک پیکس،کف بینڈز،فیس ماسکس، برانڈڈ فٹنگ پرفیومز (چند منتخب اسٹورز میں) شامل ہیں۔
ہندوستان میں موجودگی
ملک بھر میں اس کے۷۰؍سےزائد ایکسکلُوسیو اسٹورز ہیں۔ جوزیادہ ترممبئی،دہلی،کولکاتا،پونے،حیدرآباد،بنگلورو،چندی گڑھ، احمد آباد،لکھنؤ،پٹنہ،رانچی،جے پور جیسے  بڑے شہروں میں ہیں۔اس کے علاوہ شاپرز اسٹاپ،لائف اسٹائل،سینٹریواور دیگر ملٹی برانڈ آؤٹ لیٹس میں بھی اس کے سیکشن موجود ہیں۔
ممبئی میں خریداری
ممبئی میں اس کے متعدد اسٹورموجود ہیں جہاں سے آپ خریداری کرسکتے ہیں۔ ممبئی  کے ملاڈمیں لنک روڈ پر واقع انفنیٹی ۲؍ مال میں،تھانے کے ویویانا مال میں،کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی میں، لوئر پریل کے پلاڈیم مال میں،نوی ممبئی کے سی ووڈ میں واقع نیکسس مال، کلیان شیل پھاٹا،بوریولی شمپولی روڈ میں اس کے اسٹور موجود ہیں جہاں سے آپ اپنی مرضی کے مطابق خریداری کرسکتے ہیں۔
آن لائن خریداری
اس کے علاوہ آپ اس کی مصنوعات گھر بیٹھے یعنی آن لائن بھی خرید سکتے ہیں۔ اس کیلئے آپ بیئنگ ہیومن کی آفیشل ویب سائٹ، امیزون،منترا،آجیو،ٹاٹا کلک جیسے پلیٹ فارمز کا رخ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK