Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اسرائیلی اور لبنانی نمائندوں کے درمیان مذاکرات خوش آئند‘‘

Updated: April 23, 2026, 12:38 PM IST | Agency | Riyadh

اقوام متحدہ کا بیان ، عالمی ادارے کے مطابق اس وقت لبنان میں ایک لاکھ۱۷؍ ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہیں ۔

Stephane Dujarric.Photo:INN
اسٹیفن ڈوجیرک -تصویر:آئی این این
اقوام متحدہ نے جنگ بندی کے لئے لبنانی اور اسرائیلی نمائندوں کے مابین واشنگٹن میں ہونے والی آئندہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کا کوئی عسکری حل نہیں اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد پائیدار راستہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ ہر ایسے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو بلیو لائن کے دونوں جانب دشمنی اور انسانی تکالیف کا خاتمہ کرے۔ 
 
 
انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ امن کے لئے کی جانے والی کوششوں میں مدد دینے کیلئے تیار ہے۔ فریقین سلامتی کونسل کی قرارداد۱۷۰۱؍ پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ مستقل جنگ بندی اور مسئلے کا طویل مدتی حل ممکن ہو سکے۔ترجمان نے لبنان میں انسانی حالات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لاکھوںافراد اب بھی بے گھر ہیں جنہیں پناہ گاہوں میں بنیادی سہولیات کی سخت کمی درپیش ہے۔ جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد ابتدائی ۴۸؍گھنٹوں میں ہزاروں افرادپناہ گاہوں سے یہ جائزہ لینے کے لئے نکلے کہ وہ اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں یا نہیں؟
ان کے مطابق اس وقت لبنان میں ایک لاکھ۱۷؍ ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہیں جو ۶۳۱؍ اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔
 
 
اسٹیفن ڈوجیرک نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے پیچھے وہ خاندان ہیں جو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ۲؍مارچ سے اب تک اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے پناہ گزینوں میں ایک لاکھ۵۰؍ ہزار سے زیادہ کمبل اور ایک لاکھ۱۵؍ ہزار گدے تقسیم کئے ہیں۔ ہزاروںافراد کو حفظان صحت کا سامان بھی مہیا کیا گیا ہے اور پناہ گاہوں میں اب تک ۳۵؍ لاکھ لیٹر صاف پانی مہیا کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK